بدھ : 21 اکتوبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]پاکستانی قونصل خانے کے قریب بھگدڑ، پندرہ افغان خواتین ہلاک[/pullquote]

مشرقی افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب بھگدڑ کے ایک واقعے میں کم از کم پندرہ افغان خواتین ہلاک ہو گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہزاروں افغان پاکستانی ویزے کے حصول کے لیے جلال آباد میں واقع پاکستانی قونصل خانے کے قریب ایک اسٹیڈیم میں موجود تھے، جب وہاں بھگدڑ مچی۔ صوبائی کونسل کے رکن سہراب قادری نے بتایا کہ اس واقعے میں دیگر گیارہ خواتین اور معمر شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ قریب تین ہزار افغان پاکستانی ویزے کے لیے درکار ٹوکن کے حصول کے لیے یہاں جمع تھے۔ اس معاملے پر فی الحال پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔

[pullquote]عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اکتالیس ملین کے قریب[/pullquote]

عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اب چار کروڑ ستر لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اس عالمی وبا کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بھی اب گیارہ لاکھ بیس ہزار ایک سو تراسی ہو چکی ہے۔ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے، جب مجموعی طور پر تقریباﹰ ساڑھے بیاسی لاکھ افراد میں اس وائرس کی تشخص ہو چکی ہے، جب کہ ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ بیس ہزار سے زائد ہے۔ اس فہرست میں بھارت دوسرے نمبر پر ہے، جہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پچھہتر لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جب کہ ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

[pullquote]نئے مظاہروں کے خدشات، خرطوم کی سڑکیں بند[/pullquote]

تباہ ہوتی معاشی صورت حال کے تناظر میں انٹرنیٹ پر نئے مظاہروں کے آغاز کے مطالبات سامنے آنے پر سوڈانی سکیورٹی فورسز نے بدھ کی صبح دارالحکومت خرطوم کی تمام اہم سڑکیں بند کر دی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے دریائے نیل پر بنے تمام پل بند کرنے کے علاوہ ملکی فوجی ہیڈکواٹرز کی جانب جانے والے راستے بھی بند کر دیے ہیں۔ خرطوم میں اس مقام کو جانے والی تمام سڑکیں بھی بند کر دی گئی ہیں، جہاں سن 2019 میں ہزاروں مظاہرین نے ڈیرے ڈال لیے تھے، جس کے بعد طویل عرصے تک مطلق العنان حکمرانی کرنے والے عمر البشیر کو مستعفی ہونا پڑا تھا۔

[pullquote]طالبان کے ایک حملے میں 34 افغان سکیورٹی اہلکار ہلاک[/pullquote]

شمالی افغان صوبے تخر میں طالبان کے ایک حملے میں 34 افغان سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ افغان حکام کے مطابق برکت ضلعے میں پیش آنے والے واقعے میں مزید آٹھ اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ تخر صوبے پر قبضے کے لیے طالبان اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ اس صوبے کے 16 میں سے 11 اضلاع طالبان کے قبضے میں ہیں۔ جنوبی صوبے ہلمند میں حکومتی فورسز کے خلاف کارروائی کے بعد ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں طالبان کا افغانستان کے شمال میں شروع کیا جانے والا یہ ایک اور آپریشن ہے۔

[pullquote]لیبیا کے لیے عالمی مندوب، جنگ بندی کے مستقبل پر ’پرامید‘[/pullquote]

لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کی مندوب سٹیفنی ویلیمز نے لیبیا میں سیز فائر کے مستقبل کو ’خاصا روشن‘ قرار دیا ہے۔جنیوا میں لیبیا میں متحارب گروپوں کی دو روزہ ملاقات کے بعد انہوں نے بتایا کہ فریقین ملک بھر میں زمینی اور فضائی راستے کھولنے پر آمادہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فریقین سنجیدہ اور پرعزم ہیں اور ایسے میں وہ فائربندی سے جڑے امکانات سے متعلق ’خاصی امید‘ رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ لیبیا میں ایک طرف طرابلس میں اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ حکومت قائم ہے جب کہ دوسری طرف مشرقی شہر بن غازی میں خلیفہ حفتر نے ایک متوازی حکومت بھی قائم کر رکھی ہے۔ گزشتہ برس اپریل میں خلیفہ حفتر کی فورسز نے طرابلس پر ہلا بول دیا تھا۔

[pullquote]نائجیریا میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین کی فائرنگ کی رپورٹس ملی ہیں، ایمنسٹی[/pullquote]

انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ نائجیریا میں مظاہرین پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے فائرنگ سے متعلق بااعتبار رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ لاگوس ریاست میں پولیس کے مظالم کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر فائرنگ کی گئی۔ یہ مظاہرین کرفیو کے باوجود مظاہرے کر رہے تھے۔ لاگوس کے کمشنر برائے اطلاعات نے اس واقعے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ نائجیریا میں متعدد ٹی وی چینلز پر دکھائے جانے والے مناظر میں براہ راست فائرنگ دیکھی جا سکتی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے مہلک قوت کے استعمال کی اجازت صرف اور صرف اس وقت ہے، جب اس کے سوا کوئی چارہ نہ ہو۔

[pullquote]سابق امریکی صدر باراک اوباما کی جو بائیڈن کے حق میں ریلی میں شرکت[/pullquote]

سابق امریکی صدر باراک اوباما آج بدھ کو فیلیڈیلفیا میں ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن کی ایک انتخابی ریلی میں شرکت کر رہے ہیں۔ جوبائیڈن صدر باراک اوباما کے نائب کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ مبصرین کے مطابق اوباما کی شرکت سے جوبائیڈن کی انتخابی مہم کو تقویت ملےگی۔ یہ بات اہم ہے کہ اگلے ماہ امریکا میں صدارتی انتخابات میں جوبائیڈن ڈیموکریٹک جماعت کی جانب سے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ کریں گے۔ کورونا وائرس کے نتیجے میں امریکا میں ہونے والی ہلاکتیں، اس بار انتخابات میں اہم ترین موضوع ہیں۔

[pullquote]کرغزستان میں دوبارہ انتخابات دسمبر میں[/pullquote]

کرغزستان میں نئے پارلیمانی انتخابات رواں برس دسمبر کی بیس تاریخ کو منعقد ہوں گے۔ اس وسطی ایشیائی ریاست میں انتخابات میں بے ضابطگیوں کے بعد بڑے مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ ان مظاہروں کے تناظر میں صدر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جب کہ انتخابات کو کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔ چار اکتوبر کو منعقدہ انتخابات میں ووٹوں کی خریدو فروخت جیسے الزامات سامنے آئے تھے۔ کرغستان کے مرکزی الیکٹورل کمیشن کے مطابق نئے انتخابات کے لیے بیس دسمبر کی تاریخ پر کمیشن کے تمام ارکان نے اتفاق کیا ہے۔

[pullquote]کراچی میں ایک عمارت میں دھماکا، تین افراد ہلاک[/pullquote]

پاکستان کے جنوبی شہر کراچی میں ایک عمارت میں دھماکے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک جب کہ 20 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کے نتیجے میں عمارت کی دو منزلیں تباہ ہو گئیں جب کہ قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کی وجوہات کی تفتیش کے لیے پولیس نے جائے وقوعہ کو محاصرے میں لے لیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر مزید افراد تباہ ہونے والی منزلوں کے ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔ زخمیوں کی تلاش اور انہیں نکالنے کا کام جاری ہے۔

[pullquote]خلیج میں سکیورٹی مشترکہ طور پر یقینی بنائی جائے، روس[/pullquote]

روسی وزیرخارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ خلیج فارس میں سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ لاوروف نے کہا کہ اس معاملے میں روس کو امریکا کو چھوڑ کر سکیورٹی کونسل کے باقی تمام رکن ممالک کی حمایت حاصل ہے۔ سلامتی کونسل کے ایک ورچوئل اجلاس سے خطاب میں لاوروف نے کہا کہ رواں برس خلیج فارس کا پورا خطہ ایک جنگ کے دہانے پر جا پہنچا تھا، جب امریکا نے ایک اعلیٰ ایرانی جنرل کو عراق میں ایک ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ ایران کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران نے عراق میں امریکی اہداف پر میزائل حملے کیے تھے۔

[pullquote]چیک جمہوریہ میں کورونا وائرس کے تقریباﹰ بارہ ہزار نئے کیسز[/pullquote][pullquote]

چیک جمہوریہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں گیارہ ہزار نو سو چوراسی افراد میں نئے کورونا وائرس کی تشخیص کی گئی ہے۔ اس ملک میں یومیہ بنیادوں پر کورونا وائرس کی تشخیص کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ دس اعشاریہ سات ملین آبادی والے ملک چیک جمہوریہ میں کووِڈ انیس کے نتجے میں ہلاک شدگان کی تعداد بھی اب سولہ سو انیس ہو گئی ہے۔ اسی تناظر میں آج حکومت کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس میں اس وائرس کے تیز رفتار پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے نئی منصوبہ بندی کی جائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے