شہباز شریف کو جیل میں بی کلاس کیٹیگری کی سہولیات دینےکی منظوری

احستاب عدالت کے حکم کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو جیل میں بی کلاس کیٹیگری کی سہولیات دینےکی منظوری دے دی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق شہباز شریف کو الگ کمرہ، بیڈ، ٹیبل لیمپ اور بی کلاس کی دیگر سہولیات ملیں گی۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہےکہ شہبازشریف کوپاکستان جیل خانہ جات رولز 1978 کے مطابق سہولیات ملیں گی۔

خیال رہےکہ لاہور کی احتساب عدالت نے آج مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز کو جیل میں قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے شہباز شریف کی میڈیکل ہسٹری کے مطابق انہیں سہولیات فراہم کرنےکا حکم دیتے ہوئےکہا تھاکہ شہباز شریف کو میٹریس، کرسی، گھر کا کھانا اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا تاہم گزشتہ روز عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر کوٹ لکھپت جیل بھیج دیا تھا۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے پارٹی صدر کو جیل میں سہولیات نہ دینے کا ذمہ دار وزیراعظم عمران خان کو ٹھہرایا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ اب اپوزیشن مختلف عمران خان دیکھے گی، اب کسی ڈاکو کو پروڈکشن آرڈر نہیں ملے گا، اب سے ان کو کوئی وی آئی پی جیل نہیں ملے گے بلکہ عام جیل ملے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے