عمرہ پر آنیوالے غیر ملکیوں کو سعودیہ پہنچ کر کتنے روز قرنطینہ کرنا ہوگا؟

ریاض: سعودی حکام نے عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے آنے والے غیر ملکیوں کے لیے قرنطینہ کے نئے قوانین جاری کر دیے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق تیسرے مرحلے میں دوسرے ممالک سے آنے والے معتمرین کو سعودی عرب پہنچتے ہی اپنے ہوٹلز میں 3 دن قرنطینہ مکمل کرنا ہوگا اور قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد ہی وہ عمرہ کی ادائیگی کر سکیں گے۔

وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عمرے کے تیسرے مرحلے کے آغاز سے قبل ہی سعودی سینٹر فار ڈیزیز پریونشن اینڈ کنٹرول تمام ممالک میں کورونا وائرس کی صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کا مزید کہنا ہے کہ اگر کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آئے گا تو حکام فوراً معتمرین کی تعداد کو محدود کر دیں گے۔

یاد رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ میں عمرے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

بعد ازاں سعودی حکومت نے 4 اکتوبر سے مرحلہ وار عمرے کی ادائیگی کا سلسلہ بحال کرنے کا اعلان کیا تھا اور پہلے مرحلے میں سعودی عرب کے شہری اور وہاں مقیم غیر ملکیوں میں سے 6 ہزار افراد کو عمرے کی اجازت دی گئی تھی۔

دوسرے مرحلے کے تحت ڈھائی لاکھ مقامی شہریوں کو عمرہ کی اجازت دینے کا اعلان کیا گیا تھا اور ساتھ ہی روضہ رسول ﷺ کو بھی زائرین کے لیے کھول دیا گیا تھا۔

اب یکم نومبر سے تیسرے مرحلے کا آغاز ہوگا جس کے تحت غیر ملکی زائرین بھی عمرے کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے