جمعرات : 29 اکتوبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]فرانس میں چاقو سے نئے حملے میں تین افراد ہلاک، ملزم گرفتار[/pullquote]

فرانس کے شہر نِیس میں آج جمعرات کے روز ایک مسلح شخص نے مشتبہ دہشت گردانہ حملہ کرتے ہوئے تین افراد کو ہلاک کر دیا۔ ملزم ایک بڑے چاقو سے مسلح تھا، جس نے ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے پہلے ایک خاتون کی گردن کاٹ دی اور پھر دو دیگر افراد کو بھی قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا اور وہ اپنی گرفتاری کے بعد بھی ’اللہ اکبر‘ کے نعرے لگاتا رہا تھا۔ نِیس کے میئر نے اس حملے کو واضح طور پر دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے۔ تین افراد کی موت کی وجہ بننے والا یہ حملہ ایک چرچ کے قریب کیا گیا۔ ایک دوسرے واقعے میں جنوبی فرانس کے ایک شہر میں آج ہی پولیس نے ایک گن مین کو گولی مار دی۔ یہ شخص بھی ’اللہ اکبر‘ کے نعرے لگا رہا تھا اور اپنے ارد گرد موجود راہگیروں کو جان سے مار دینے کی دھمکیاں دے رہا تھا۔

[pullquote]میرکل کی جرمن پارلیمان میں کورونا سے متعلق دوسری حکومتی وضاحت، نئے سخت فیصلوں کا دفاع[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے آج جمعرات کے روز وفاقی پارلیمان کے ایوان زیریں سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے کورونا وائرس کی وبا سے متعلق اپنی حکومت کا اب تک کا دوسرا وضاحتی موقف جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی نئے فیصلے کیے گئے ہیں، وہ ناگزیر ہو گئے تھے۔ کل بدھ کے روز چانسلر میرکل اور تمام سولہ وفاقی صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے ایک آن لائن اجلاس میں جرمنی میں کورونا وائرس کے تیز رفتار پھیلاؤکو روکنے کے لیے مزید سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ان اقدامات کو پہلے سے کچھ نرم لیکن دوسرے لاک ڈاؤن کا نام دیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے کے تحت دو نومبر سے اگلے ماہ کے آخر تک پورے ملک میں تمام ریستوراں، کلبیں، شراب خانے اور سینما گھر بند رہیں گے جبکہ تجارتی مراکز، عام دکانیں اور تعلیمی ادارے انتہائی سخت شرائط کے تحت کھلے رہیں گے۔

[pullquote]لوکاشینکو نے بیلاروس میں اقتدار پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لیے کئی تبدیلیاں کر دیں[/pullquote]

بیلاروس کے صدر آلیکسانڈر لوکاشینکو نے اقتدار پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لیے سکیورٹی کے شعبے میں کئی بڑی تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ بیلاروس میں گزشتہ تقریباﹰ تین ماہ سے عوام لوکاشینکو کے خلاف وسیع تر احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔ آج جمعرات کے روز لوکاشینکو نے نہ صرف ملکی وزیر داخلہ کو بدل دیا بلکہ تین اہم شخصیات کو نئی سکیورٹی ذمے داریاں بھی سونپ دیں۔ ایوان کُرباکوف کو، جنہوں نے دارالحکومت منسک میں پولیس کے سربراہ کے طور پر عوامی احتجاجی مظاہروں کو کچلنے میں کلیدی کردار ادا کیا، نیا وزیر داخلہ بنا دیا گیا ہے۔ اب تک وزیر داخلہ رہنے والے یوری کارائیف اور دو دیگر شخصیات کو ملک کے تین کلیدی خطوں میں سلامتی کے نئے نگران اور صدارتی معاون بنا دیا گیا ہے۔

[pullquote]کورونا کی دوائی: امریکی کمپنی کی سہ ماہی آمدنی بڑھ کر ساڑھے چھ بلین ڈالر سے زائد[/pullquote]

امریکی دوا ساز کمپنی ’گیلیئڈ‘ کے مطابق رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں اسے ہونے والی آمدنی سترہ فیصد اضافے کے ساتھ چھ اعشاریہ چھ بلین ڈالر ہو گئی۔ اس اضافی آمدنی میں سب سے بڑا کردار کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی دوائی ’رَیمڈےسِیویئر‘ کا رہا، جس کی وجہ سے اس ادارے کو صرف تین ماہ میں تقریباﹰ آٹھ سو تہتر ملین ڈالر کی آمدنی ہوئی۔ اتنی اچھی کاروباری کامیابی کے باعث کمپنی کو اس کے ہر شیئر کی وجہ سے ہونے والا متوقع منافع بھی بڑھ کر دو ڈالر گیارہ سینٹ ہو گیا۔ سال رواں کے لیے اس کمپنی کو اپنے لیے تیئیس اور چوبیس بلین ڈالر کے درمیان سالانہ آمدنی کی توقع ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں چین کے بنائے ہوئے متنازعہ سکیورٹی قانون کا پہلی مرتبہ استعمال[/pullquote]

چین کے خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ میں مقامی عدلیہ نے پہلی مرتبہ بیجنگ کے بنائے ہوئے متنازعہ سکیورٹی قانون کا استعمال کرتے ہوئے ایک سرکردہ جمہوریت نواز کارکن پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔ اس ملزم کا نام ٹونی چُنگ اور عمر صرف انیس برس ہے۔ اس پر لگائے گئے الزامات کے مطابق یہ معروف جمہوریت نواز کارکن ہانگ کانگ کی چین سے علیحدگی کی کوشش کا مرتکب بھی ہوا۔ فرد جرم عائد کیے جانے سے قبل اس نوجوان کو ہانگ کانگ میں امریکی قونصل خانے کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔ مقامی عدلیہ نے ٹونی چُنگ پر منی لانڈرنگ اور انتشار پسندانہ مواد کی اشاعت کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ ہانگ کانگ میں حکام کو اس سال جون سے یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ مقامی ملزمان کے خلاف کارروائی میں چینی حکومت کے تیار کردہ سکیورٹی قانون کو استعمال کر سکتے ہیں۔

[pullquote]سیاہ فام شہری کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد بدامنی، فلاڈیلفیا میں رات کا کرفیو[/pullquote]

ایک سیاہ فام شہری کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کو روکنے کے لیے امریکی شہر فلاڈیلفیا میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ شہری انتظامیہ نے کہا کہ بدھ کی رات نو بجے سے لے کر جمعرات کی صبح چھ بجے تک کے اس کرفیو کا نفاذ کا مقصد عوامی سطح پر کیے جانے والے مظاہروں کے مزید پھیلنے سے روکنا ہے۔ فلاڈیلفیا میں ایک ستائیس سالہ افریقی نژاد شہری کو پولیس کی طرف سے گولی مار دیے جانے کے بعد گزشتہ دو راتوں سے وہاں مسلسل بدامنی دیکھنے میں آ رہی تھی۔ اس دوران مظاہرین نے عوامی اور نجی املاک کی توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی کوششیں بھی کی تھیں۔ اس واقعے میں دو سفید فام پولیس اہلکاروں نے پیر کے روز چاقو سے مسلح ایک ایسے سیاہ فام شہری کو گولی مار دی تھی، جو اپنی گرفتاری کے خلاف مزاحمت کر رہا تھا۔

[pullquote]نگورنو کاراباخ میں مقامی فوجی ہلاکتوں کی تعداد اب گیارہ سو سے متجاوز، وزارت دفاع[/pullquote]

آذربائیجان اور آرمینیا کے مابین متنازعہ علیحدگی پسند خطے نگورنو کاراباخ میں ہونے والی لڑائی میں مقامی فوجی ہلاکتوں کی تعداد گیارہ سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ خطہ آذربائیجان کا حصہ ہے مگر اس کی آرمینیا نواز علیحدگی پسند انتظامیہ نے برسوں پہلے اس کی آزادی کا یکطرفہ اعلان کر دیا تھا۔ اس خطے کی وزارت دفاع نے جمعرات کے روز بتایا کہ آذری دستوں کے خلاف لڑتے ہوئے اس کے مزید اکاون فوجی مارے گئے ہیں۔ یوں مقامی فوجی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب ایک ہزار ایک سو انیس ہو گئی ہے۔ نگورنو کاراباخ میں ستائیس ستمبر کو دوبارہ خونریز جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں۔ انیس سو نوے کے عشرے سے اب تک یہ علاقائی تنازعہ تقریباﹰ تیس ہزار انسانی ہلاکتوں کی وجہ بن چکا ہے۔

[pullquote]بھارت میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد آٹھ ملین سے بھی زیادہ ہو گئی[/pullquote]

بھارت میں کووڈ انیس نامی بیماری کی وجہ بننے والے کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد آٹھ ملین کی حد پار کر گئی ہے۔ بھارت دنیا بھر میں امریکا کے بعد اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں حکام اب اس وبا کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے تقریباﹰ پچاس ہزار نئے کیس رجسٹر کیے گئے۔ بھارت میں اب کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد اسی لاکھ چالیس ہزار سے زائد اور ہلاک شدگان کی تعداد ایک لاکھ بیس ہزار سے متجاوز ہو چکی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں اس وائرس کے متاثرین کی تعداد نو اعشاریہ ایک ملین سے زیادہ ہے جبکہ وہاں اب تک کووڈ انیس کے باعث دو لاکھ تیس ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

[pullquote]ہرات کی جیل میں خونریز فساد، کم از کم آٹھ قیدی ہلاک اور متعدد زخمی[/pullquote]

مغربی افغان صوبے ہرات کی ایک جیل میں قیدیوں کے کمروں کی تلاشی کے دوران شروع ہونے والے فساد میں کم از کم آٹھ قیدی مارے گئے۔ اس بدامنی میں بارہ افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں سے آٹھ قیدی بتائے گئے ہیں اور باقی چار جیل کے سکیورٹی اہلکار۔ ہرات کے صوبائی گورنر کے ترجمان نے جمعرات کے روز بتایا کہ بدھ کی رات ہونے والی یہ بدامنی آدھی رات کے بعد تک جاری رہی۔ جیل حکام حسب معمول قیدیوں کے کمروں کی تلاش لینا چاہتے تھے، تاکہ ان کے پاس موجود ممکنہ ہتھیار یا خطرناک اشیاء کو اپنے قبضے میں لے سکیں۔ اس پر قیدیوں نے مزاحمت کی اور ایک سیل کو آگ بھی لگا دی۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے