بدھ : 11 نومبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ٹرمپ کا شکست تسلیم نہ کرنا باعث شرمندگی ہے، جو بائیڈن[/pullquote]

نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی طرف سے اپنی انتخابی شکست تسلیم نہ کرنا ’’شرمندگی‘‘ کی بات ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ صدر ٹرمپ کے اس رویے سے امریکا میں انتقال اقتدار پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ وہ منگل کو صحافیوں کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔ جو بائیڈن نے مزید کہا کہ ملک میں حکومت کی تبدیلی کا عمل بخوبی جاری ہے اور اسے کوئی نہیں روک سکتا۔ امریکا میں غیرسرکاری طور پر گزشتہ سنیچر کو ہی جو بائیڈن کی کامیابی کا اعلان کر دیا گیا تھا، جس کے بعد جرمنی، فرانس اور برطانیہ سمیت دنیا کے کئی رہنما انہیں انتخابی جیت پر مبارکباد دے چکے ہیں۔

[pullquote]روس کی طرف سے نگورونو کارا باخ میں فوج کی تعیناتی شروع[/pullquote]

آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے بعد روس نے خطے میں اپنی فوج کی تعیناتی شروع کر دی ہے۔ ماسکو اس علاقے میں تقریباً دو ہزار فوجی جوان، 90 بکتر بند گاڑیاں اور 380 دیگر فوجی گاڑیاں روانہ کر رہا ہے۔ نگورنو کارا باخ میں چھ ہفتوں کی جنگ کے دوران آذربائیجان نے علاقے کے بیشتر علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ جنگ بندی کے تازہ معاہدے کا آذربائیجان میں خیرمقدم کیا گیا ہے تاہم اس پر آرمینیا کے لوگوں میں خاصا غم و غصہ پایا جاتا ہے اور وہاں سیز فائر کے خلاف زبردست مظاہرے ہوئے ہیں۔

[pullquote]چین میں ٹیکنالوجی کے شیئرز میں گرواٹ[/pullquote]

چین میں حکام کی طرف سے ٹیکنالوجی کی بڑی بڑی کمپنیوں کے خلاف مجوزہ کاروائیوں پر بازار حصص میں چینی ٹیکنالوجی کے شیئرز میں دوسرے دن بھی گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ خیال ہے کہ چین کی طرف سے آئی ٹی کی صنعت میں نئے مجوزہ ضوابط سے چین میں علی بابا جیسی بڑی کمپنیاں متاثر ہوں گی۔ امریکا اور یورپی یونین میں ٹیکنالوجی کی بین الاقوامی کمپنیوں کی بے پناہ طاقت اور ان کے کاروباری معاملات پر پہلے ہی نظر ثانی جاری ہے۔ بیجنگ حکومت کا کہنا ہے کہ انڈسٹری کی ترقی کے لیے قانونی اصلاحات ناگزیر ہیں۔

[pullquote]آسٹریلیا میں بچوں کے جنسی استحصال کا عالمی گینگ پکڑا گیا[/pullquote]

آسٹریلیا میں حکام نے بچوں کے ساتھ جنسی استحصال کرنے والا ایک بڑا عالمی نیٹ ورک پکڑ لیا ہے، جس کے تانے بانے امریکا، کینیڈا، یورپ اور ایشیا میں پھیلے ہوئے تھے۔ حکام نے اس گروہ میں شامل 16 افراد کو آسٹریلیا کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا۔ ان میں بچوں کی دیکھ بھال پر مامور ایک اہلکار اور بچوں کی فٹ بال ٹیم کا ایک کوچ بھی شامل ہے۔ آسٹریلوی تفتیش کاروں کے مطابق اس گروہ کی گھناؤنی کارروائیوں سے کل 46 بچوں متاثر ہوئے، جن کی عمریں 16 ماہ سے لیکر 15 سال تک تھیں۔

[pullquote]دنیا میں سب سے زیادہ عرصہ وزیراعظم رہنے والے شہزادہ خلیفہ انتقال کرگئے[/pullquote]

خلیجی ملک بحرین کے وزیراعظم شہزادہ خلیفہ بن سلمان 84 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔بحرینی میڈیا کے مطابق بحرینی وزیراعظم امریکا کی ریاست منی سوٹا کی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کا انتقال آج علی الصبح ہوا۔بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے چچا کے انتقال پر سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ ان کی تدفین اگلے ہفتے بحرین میں کی جائے گی جس میں شاہی خاندان کے چند افراد ہی شرکت کریں گے۔شہزادہ خلیفہ 1970 سے ملک کے وزیراعظم تھے اور وہ دنیا میں طویل مدت تک اس عہدے پر کام کرنے والے وزیراعظم ہیں۔

[pullquote]یورپی سفارتکاروں کی موجودگی میں جدہ میں غیر مسلموں کے قبرستان میں دھماکا[/pullquote]

سعودی عرب کے شہر جدہ میں غیرمسلموں کے قبرستان میں ہونے والے بم دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔خبر ایجنسی کے مطابق بم دھماکے کے وقت قبرستان میں جنگ عظیم اول کے اختتام کی یاد میں تقریب جاری تھی جس میں فرانسیسی قونصل خانے کے اہلکار سمیت متعدد یورپی ممالک کے قونصلر اور سفارتی اہلکار موجود تھے۔فرانسیسی وزارت خارجہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئےکہا ہےکہ بم دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں اور یہ ایک نصب شدہ بم تھا۔فرانس کی جانب سے بم حملے کو بلا جواز اور بزدلانہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی گئی ہے۔یونانی حکام کی جانب سے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاگیا ہےکہ دھماکے میں ایک یونانی شہری سمیت 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

[pullquote]سمندر میں 374 فٹ کی گہرائی تک غوطہ لگاکر عالمی ریکارڈ بنانے والی خاتون[/pullquote]

سلوانیا کی خاتون غوطہ خور الینکا آرٹنک نے فری ڈائیونگ میں اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ کر نیا عالمی ریکارڈ بنالیا۔اس فری ڈائیونگ میں تیراکی کا سامان پہننے کی اجازت نہیں ہوتی اور نہ ہی آکسیجن لگائی جاتی ہے جبکہ اس دوران پانی میں ہاتھ مارکر بھی تیرنے کی اجازت نہیں ہوتی اور مچھلی کی طرح تیرنا ہوتا ہے۔گزشتہ ہفتے مصر کے ساحلی سیاحتی مقام شرم الشیخ میں خاتون غوطہ خور نے 114 میٹر (374 فٹ) سمندر کی تہہ تک غوطہ لگایا اور اتنا ہی فاصلہ پانی کی سطح پر واپسی کیلئے طے کیا۔خاتون غوطہ خور نے 114 میٹر کا فاصلہ 3 منٹ 41 سیکنڈز میں پورا کرکے اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ کر نیا عالمی ریکارڈ بنایا۔

[pullquote]کورونا کے دور میں سنگاپور اور ہانگ کانگ میں دنیا کی پہلی ‘ٹریول ببل’ پالیسی کا آغاز[/pullquote]

سنگاپور اور ہانگ کانگ نے 22 نومبر سے ایک دوسرے کے لیے ‘ٹریول ببل’ پالیسی شروع کرنے اعلان کیا ہے۔’ٹریول ببل’ پالیسی کے تحت دونوں شہروں میں سفری رابطوں کی بحال اور غیر ملکیوں کی آمد پر قرنطینہ کی شرط ختم کی جا رہی ہے۔سنگاپور کے وزیر مواصلات کا کہنا ہے کہ ‘ٹریول ببل’ پالیسی اپنی نوعیت کی دنیا کی پہلی اسکیم ہے جس کے ذریعے دونوں شہر حفاظتی اصولوں کو یقینی بناتے ہوئے منظم انداز میں اپنی سرحدیں کھولنے کے قابل ہوں گے۔ہانگ کانگ کے سیکرٹری کامرس اور سنگاپور کے وزیر ٹرانسپورٹ سنگاپور کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کا آغاز 22 نومبر سے دونوں شہریوں کے لیے یومیہ ایک ایک پرواز کے ساتھ کیا جائے گا جسے7 دسمبر سے یومیہ 2 پروازں تک بڑھایا جائے گا۔اس پالیسی کے تحت ابتدائی طور پر روزانہ زیادہ سے زیادہ 200 مسافروں کو سفر کی اجازت دی جائے گی۔دونوں شہروں کے مسافروں کو طے شدہ پروازوں کے تحت روانگی کے 72 گھنٹے کے اندر اندر کورونا ٹیسٹ لازمی کروانا ہوگا جب کہ ہانگ کانگ پہنچنے پر مسافروں کا دوسرا ٹیسٹ ائیر پورٹ پر ہی کیا جائے گا۔

[pullquote]امریکا میں کورونا سے صورتحال انتہائی خراب، ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ[/pullquote]

امریکا میں عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے صورتحال انتہائی خراب ہو گئی ہے اور ایک دن میں مزید ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق دو ہفتوں کے دوران صرف ریاست کیلیفورنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد میں 32 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔امریکا میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 56 لاکھ 8714 ہو گئی ہے جب کہ 2 لاکھ 45 ہزار 943 افراد اب تک اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔دوسری جانب برطانیہ میں بھی کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 532 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں، اموات کی تعداد مئی کے وسط کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے اسکاٹ لینڈ کے مزید کئی علاقوں میں سختی کر دی ہے جب کہ آسٹریا میں ایک دن میں 6 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔علاوہ ازیں فرانس میں مزید 22 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد آج وزارت صحت کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

[pullquote]کورونا وبا کے ساتھ ’سیاسی وائرس‘ کیخلاف بھی مزاحمت کی جائے، چینی صدر[/pullquote]

بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ کوڈ-19 نے وبائی مرض نے دنیا افراتفری اور ہنگامہ خیز تبدیلی کے دور میں داخل ہو رہی ہے۔20 ویں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کے کونسل سے خطاب کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ نے اپنے ابتدائی ریمارکس میں روس کی تعریف کرتے ہوئے ایس سی او کے اہداف کو کامیابی سے آگے بڑھانے پر روس کی تعریف کی۔صدی شی جن پنگ نے امریکی صدر کا نام لیے بغیر کہا کہ وبائی مرض پر سیاست کرنے والے اور لوگوں کو گمراہ کرنے والے کسی بھی ’سیاسی وائرس‘‘ کی مزاحمت اور عالمی ادارہ صحت کے قائدانہ کردار کی حمایت کرنی چاہیئے اور بیماریوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ایس سی او ارکان مابین ہاٹ لائن رابطے بنائے جائیں۔چین کے صدر نے کورونا وبا کا تذکرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسی بھی سرحد کا احترام نہ کرنے والی وبا کا خطرہ اب بھی برقرار ہے اور ہمیں اس مہلک وائرس کے پھیلاؤ کے روک تھام کے لیے مشترکہ طور پر اقدامات کرنا ہوں گے۔ ہم ایک ایسے گاؤں میں رہتے ہیں جہاں تمام ممالک کے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔چینی صدر نے مزید کہا کہ وبا کے دوران دنیا کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ ہم اس کے بارے میں کیا کریں؟ یہ وہ سوالات ہیں جو دنیا جاننا چاہتی ہے۔ عالمی برادری کو اب کثیرالجہتی یا یکطرفہ پن، کشادگی یا تنہائی، تعاون یا محاذ آرائی کے درمیان کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے