آپ موبائل فون پر ہوا میں بھی تھری ڈی تصویر دیکھ سکیں گے

جنوبی کوریا: اسمارٹ فون کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سام سنگ نے ’ہولوگرافک‘ ڈسپلے پیش کردیا ہے جس کی بدولت اب فون پر تھری ڈی ڈسپلے کا لطف اٹھایا جاسکے گا اور کسی بھی منظر کو مختلف زاویوں سے دیکھنا ممکن ہوگا۔

اس اہم پیش رفت کو سام سنگ کا تُرپ پتّا کہا جارہا ہے۔ جنوبی کوریا میں سام سنگ ایڈوانسڈ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سربراہ ہونگ سیوک لی کہتے ہیں، ’ہم نے بہت پتلے ہولوگرافک ڈسپلے کا پہلا عملی مظاہرہ کیا ہے جس کی بدولت انتہائی حقیقی ویڈیو کو دیکھا جاسکتا ہے۔‘

یہ ہولوگرافک ڈسپلے روشنی کی شعاعوں کو کچھ اس طرح مرتب کرتا ہے کہ وہ مجازی طور پر تھری ڈی ڈسپلے کو ظاہر کرتی ہیں۔ اس کےلیے کسی عدسے اور خاص بیرونی آلات کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس وقت جتنے بھی ہولوگرافک ڈسپلے ہیں، وہ اسی وقت واضح اور بھرپور لگتے ہیں جب انہیں سامنے سے دیکھا جائے۔ زاویہ بدلتے ہی وہ بھدے پڑجاتے ہیں۔

سام سنگ کی ٹیم نے ہولوگرافک ویڈیو کے دیکھنے کے زاویئے کو 30 گنا تک بڑھا دیا ہے اور اس کےلیے پشت پر سے روشنی (بیک لائٹ) ڈالنے والا نظام بنایا ہے۔ ہونگ سیوک کےمطابق بیک لائٹ سے ہولوگرام کو دیکھنے والے کی سمت دھکیلا جاتا ہے۔ اس عمل میں آنکھوں میں تھکن نہیں ہوتی اور آپ بہت سکون سے تھری ڈی ویڈیو دیکھ سکتے ہیں۔

فطری طور پر دونوں آنکھیں ایک ہی مقام کے دو عکس بناتی ہیں جس سے منظر میں گہرائی کا اثر محسوس ہوتا ہے اور نگاہوں پر زور نہیں پڑتا۔ یہ صلاحیت ’’اسٹیریوسکوپک وژن‘‘ کہلاتی ہے۔ اس کے برخلاف، خاص عینک لگا کرتھری ڈی فلم دیکھنے سے آنکھوں پر زور پڑتا ہے اور آنکھوں کے پٹھے (عضلات) تھک جاتےہیں۔

سام سنگ کا ہدف ہے کہ ایسے ہولوگرافک ڈسپلے بنائے جائیں جو ہر طرح سے حقیقی منظر پیش کرسکیں، جہاں لوگ حقیقی منظر اور تخلیق کیے گئے منظر کے درمیان فرق نہ کرسکیں۔ اس وقت ڈسپلے کی موٹائی ایک سینٹی میٹر ہے جو اسمارٹ فون کےلیے بہت زیادہ ہے۔ اگلے مرحلے میں اسے مزید پتلا کیا جائے گا۔

اس طرح اب بہت جلد ٹیبلٹ، اسمارٹ فون اور لیپ ٹاپ میں اسمارٹ فون ڈسپلے عام ہوسکیں گے۔ اس ٹیکنالوجی کی روداد نیچر کمیونی کیشن میں شائع ہوئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے