شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم انتقال کرگئے

دمشق: شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم انتقال کرگئے۔

عرب میڈیا نے شامی وزیر خارجہ کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 79 سالہ ولید المعلم کے انتقال کی فوری طور پر کوئی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں البتہ وہ کئی سالوں سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے جس کی وجہ سے ان کی صحت خراب تھی۔

ولید المعلم شام کے نائب وزیراعظم کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے تھے اور انہیں 2006 میں وزیر خارجہ مقرر کیا گیا جس کے بعد وہ طویل عرصے تک اس وزارت پر خدمات انجام دیتے رہے۔

ولید المعلم کو شامی صدر بشارالاسد کے قریبی لوگوں میں شمار کیا جاتا تھا اور وہ شامی صدر کی پالیسیوں کے بڑے حمایتی تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق شامی حکومت کا کہنا ہےکہ ولید المعلم کی وفات کے بعد نئے وزیر خارجہ کے نام پر غور کیا جارہا ہے جس کے لیے ان کے نائب اور انتہائی تجربہ کار سفارتکار فیصل میکداد کو وزیر خارجہ بنائے جانے کا امکان ہے۔

شامی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ولید المعلم محب وطن شخصیت تھے، ان کی تدفین دمشق میں کی جائے گی۔

14 سال تک شام کے وزیر خارجہ رہنے والے مرحوم ولید المعلم سابق سفارتکار تھے اور وہ 90 کی دہائی میں 9 برس تک امریکا میں شام کے سفیر بھی رہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے