پیر : 16 نومبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شامی وزیر خارجہ ولید المعلم انتقال کر گئے[/pullquote]

شامی وزیر خارجہ ولید المعلم 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ المعلم 2005ء سے شام کے وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ حالیہ برسوں کے دوران المعلم کی صحت کی خرابی کی اطلاعات تھیں۔ شام کی سرکاری نیوز ایجنسی SANA نے ولید المعلم کے انتقال کی خبر دی تاہم فوری طور پر ان کی موت کی وجہ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ المعلم نو برس تک امریکا میں شام کے سفیر بھی رہے تھے جس کا آغاز 1990ء میں ہوا تھا۔

[pullquote]امید ہے کہ جو بائیڈن کی حکومت تجارتی پابندیوں کا خاتمہ کرے گی، جرمن وزیر[/pullquote]

جرمن وزیر معیشت پیٹر آلٹمائر نے امید ظاہر کی ہے کہ جو بائیڈن کی سربراہی میں بننے والی حکومت یورپ اور امریکا کے درمیان تجارتی پابندیوں کا خاتمہ کرے گی۔ برلن میں بات چیت کرتے ہوئے آلٹمائر نے کہا کہ انہیں دل کی گہرائی سے یقین ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ یورپی یونین اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی صنعت کو تحفظ دینے کے نام پر چین کے علاوہ یورپی مصنوعات پر اضافی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

[pullquote]جرمن حکومت کورونا سے متعلق پابندیاں مزید سخت کرنے کی خواہاں[/pullquote]

جرمنی کی وفاقی حکومت کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے تناظر میں ملک میں لاگو کورونا قواعد میں مزید سختی کی خواہاں ہے۔ جرمنی کے مختلف میڈیا اداروں نے یہ خبر اس مجوزہ منصوبے کے حوالے سے دی ہے جو آج جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور ریاستی حکومتوں کے سربراہان کے درمیان ایک ویڈیو کانفرنس میں زیر بحث آئے گا۔ اس مجوزہ منصوبے کے مطابق پرائیویٹ اجتماعات پر ابتدائی طور پر کرسمس تک پابندی عائد کر دی جائے گی۔ جبکہ اسکولوں میں کلاس روم کے اندر عام صورتحال کی نسبت طلبہ کی تعداد نصف کر دی جائے گی۔

[pullquote]اسرائیل کی طرف سے یہودی بستی میں توسیع کے اعلان پر اقوام متحدہ کے سفیر کے تحفظات[/pullquote]

اسرائیل کی طرف سے یروشلم کے مشرقی حصے میں یہودی بستی میں توسیع کے فیصلے پر اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ کے لیے سفیر کی طرف سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ اسرائیل نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ اس نے گیوات ہاماتوس نامی یہودی بستی میں 1200 نئے گھروں کی تعمیر کے لیے ٹینڈر کھولے ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں امن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے سفیر نکولے ملادینوف کے مطابق اگر اس فیصلے پر عمل درآمد ہوتا ہے تو اس سے دو ریاستی حل کے حوالے سے مستقبل میں مذاکراتی عمل میں شدید رکاوٹیں پیدا ہوں گی۔ فسلطینی اتھارٹی اور یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ کی طرف سے بھی اسرائیلی فیصلے پر شدید تنقید کی گئی ہے۔

[pullquote]ابوظہبی کی اتحاد ایئرلائن اسرائیل کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرے گی[/pullquote]

ابوظہبی کی اتحاد ایئرلائن نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کے لیے اپنی پروازوں کا آغاز آئندہ برس مارچ سے کرے گی۔ اتحاد ایئرلائن کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق تل ابیب کے لیے پروازوں کا آغاز 28 مارچ سے ہو گا اور ان کے وقت کا تعین، چین، تھائی لینڈ، بھارت اور آسٹریلیا سے آنے جانے والی پروازوں کے وقت کے مطابق کیا جائے گا۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کورونا کی وبا کے سبب ایئرلائن انڈسٹری شدید مشکلات کا شکار ہے۔

[pullquote]پیرو کے صدر مانویل میرینو نے محض پانچ روز بعد ہی استعفیٰ دے دیا[/pullquote]

پیرو کے عبوری صدر مانویل میرینو اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے یہ عہدہ سنبھالنے کے محض پانچ روز بعد یہ اعلان کیا ہے۔ میرینو نے مستعفی ہونے کا یہ فیصلہ ملک میں جاری مظاہروں کے تناظر میں کیا ہے جن کا سلسلہ ملکی پارلیمان کی طرف سے سابق صدر مارٹن وزکارو کے مواخذے کے بعد سے جاری ہے۔ پولیس کی طرف سے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں دو نوجوان مظاہرین ہلاک جبکہ ایک سو سے زائد زخمی ہو گئے۔ اس کے رد عمل میں میرینو کی کابینہ کے تمام وزراء نے استعفیٰ دے دیا۔ ان میں ملکی پارلیمان کے سربراہ لوئس والدیز بھی شامل ہیں۔

[pullquote]اسپیس ایکس کا خلائی جہاز کامیابی کے ساتھ روانہ[/pullquote]

اسپیس ایکس کمپنی کا خلائی جہاز ’کریو ڈریگن‘ پہلی مرتبہ ایک ریگولر مشن پر کامیابی سے خلا میں روانہ ہو گیا ہے۔ چار خلا بازوں کو لے کر یہ خلائی جہاز امریکی ریاست فلوریڈا میں واقع کیپ کینیورل خلائی اسٹیشن سے مقامی وقت کے مطابق شام 7:27 پر روانہ ہوا۔ توقع ہے کہ کریو ڈریگن روانگی کے 27 گھنٹے بعد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے جُڑ جائے گا۔ ایلن مسک کی پرائیویٹ کمپنی اسپیس ایکس کے ساتھ تعاون سے امریکا کا اپنے خلابازوں کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک پہنچانے کے لیے روس پر انحصار ختم ہو گیا ہے۔ 2011ء میں امریکی اسپیس شٹل پروگرام کے خاتمے کے بعد سے ناسا اپنے خلابازوں کو روسی سویوز راکٹس کے ذریعے خلا میں بھیجتا رہا ہے۔

[pullquote]زیادہ تر لوگوں کو 2021ء تک کورونا ویکیسنیشن نہیں مل پائے گی، برطانوی وزیر صحت[/pullquote]

برطانوی وزیر صحت نے کہا ہے کہ کووڈ انیس کی ویکسین کی جلد دستیابی ہو بھی گئی تو برطانیہ میں لوگوں کی اکثریت کی آئندہ برس تک ویکسینیشن نہیں ہو پائے گی۔ برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک کے بقول حکومت ویکسین کی دستیابی کے بعد اسے لوگوں تک پہنچانے کے لیے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی ہے کہ برطانیہ کی علاقائی انتظامیہ کرسمس کے موقع پر کورونا قواعد پر اتفاق رائے تک پہنچ جائیں گی تاکہ کرسمس کے تہوار کو ممکنہ حد تک نارمل کرسمس کے طور پر منایا جا سکے۔

[pullquote]آن لائن ٹریکنگ پر ایپل کے خلاف مقدمہ[/pullquote]

پرائیویسی کے حوالے سے کام کرنے والے یورپی ایکٹیوسٹ ماکس شیرمس نے جرمن اور ہسپانوی ڈیٹا پروٹیکشن حکام کے پاس ایپل کے خلاف ایک مقدمہ درج کرایا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ایپل کی طرف سے صارف کی مرضی حاصل کیے بغیر آن لائن ٹریکنگ ٹول کا استعمال دراصل یورپی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ یورپی یونین کے پرائیویسی قواعد کی خلاف ورزی کے حوالے سے ایپل کے خلاف یہ اولین شکایت درج کرائی گئی ہے۔ ایپل کی طرف اس پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے