حیدرآباد کے 17 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

کورونا کیسز کی شرح بڑھنے پر حیدر آباد کے 17 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں مسلسل اضافے کی وجہ سے 6 یوسیز کے 17 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن آج صبح 9 بجے سے 5 دسمبر تک 13 دن کے لیے نافذ ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تعلقہ سٹی کے علاقوں بلدیہ کالونی، مبارک کالونی، صحافی کالونی جب کہ تعلقہ لطیف آباد کے علاقوں دامن کوہسار، یونٹ نمبر 6، ائیر پورٹ روڈ اور قاسم آباد کے علاقوں نسیم نگر، سٹیزن کالونی، وادھو واہ روڈ، بھٹائی ٹاؤن، گلستان سجاد و دیگر علاقوں میں آج صبح 9 بجے سے 5 دسمبر تک اسمارٹ لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔

ڈپٹی کمشنر حیدر آباد نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حامل علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران انتظامیہ سے تعاون کریں اور بوقت ضرورت گھروں سے باہر نکلیں، اس دوران ماسک پہننے کے ساتھ ساتھ تمام ایس او پیز پر عملدر آمد کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم سے کم کیا جا سکے۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران علاقوں کو سیل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے پولیس کو بھی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ضروری خدمات کے حامل اسپتال دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کو استشنی حاصل ہو گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے