جمعہ : 27 نومبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت کے ایک نجی ہسپتال میں آگ لگنے سے کم از کم 5 ہلاک،28 زخمی[/pullquote]

جمعہ ستائیس نومبر کو مغربی بھارت میں کورونا کے مریضوں کے علاج کے ليے مختص ایک نجی ہسپتال میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم پانچ مریض ہلاک اور 28 دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس آفیسر کے این بھوکان کے مطابق آگ بجھانے والے محکمے کی فوری کارروائی کی وجہ سے آگ ہسپتال کی صرف ایک منزل تک محدود رہی اور آگ کے شعلوں کو 30 منٹ کے اندر اندر بجھا دیا گیا۔ آتش زدگی کی وجہ جاننے کے ليے تحقیقات جاری ہیں۔ پرس ٹریسٹ آف انڈیا کی خبروں کے مطابق اُدے شیوانند ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں جس وقت آگ لگی، اُس وقت وہاں کورونا کے 33 مریض زیر علاج تھے۔

[pullquote]جرمن وزیر داخلہ شام بدریوں پر پابندی میں توسیع کے خلاف[/pullquote]

جرمنی کے وفاقی وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے کہا ہے کہ شام کے لیے ملک بدریوں پر پابندی کی مزید توسیع نہیں ہونی چاہیے۔ یہ پابندی دسمبر کے آخر میں ختم ہونے جا رہی ہے۔ زیہوفر نے جرمن پریس ایجنسی کو بتایا کہ وہ جرمنی کے وزرائے داخلہ کی مجوزہ کانفرنس میں اس بارے میں بات چیت کریں گے۔ زیہوفر چاہتے ہیں کہ مستقبل میں کم از کم مجرموں اور ملک کو نقصان پہنچانے والوں کی انفرادی سطح پر چھان بین ہونی چاہیے اور دیکھا جانا چاہیے کہ ان کی ملک بدری ممکن ہے یا نہیں؟ سن 2012ء میں ملک بدری کو روک دیا گیا تھا اور حکم نامے کی مدت ميں کئی بار توسیع ہو چُکی ہے۔ جرمن وزیر کا کہنا ہے کہ شام کے بیشتر علاقوں میں اب لڑائی ختم ہو چُکی ہے۔ اُدھر انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق جو لوگ شامی صدر بشار الاسد کے خاندان کے مخالف سمجھے جاتے ہیں انہیں اب بھی موت اور تشدد کے خطرات لاحق ہیں۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس چھوڑنے کا عندیہ[/pullquote]

سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر الیکٹورل کالج نے ڈیموکریٹک لیڈر جو بائیڈن کو ووٹ دے کر صدارت کے ليے ان کے انتخاب کا اعلان کر دیا، تو وہ وائٹ ہاؤس سے نکل جائیں گے۔ تاہم صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ اپنے اس پرانے موقف پر قائم رہے کہ وہ حالیہ صدارتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر مبينہ دھوکا دہی کے باعث جوبائیڈن کے انتخاب کو ایک غلطی سمجھتے ہیں۔ یاد رہے کہ ڈیموکریٹ لیڈر جو بائیڈن 306 الیکٹورل ووٹ لینے میں کامیاب ہو چُکے ہیں جبکہ فتح کے لیے 270 ووٹ درکار ہیں۔ الیکٹورل کالج 14 دسمبر کو نئے امریکی صدر کا انتخاب کرے گا مگر 6 جنوری تک نتائج کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا انفیکشن کی تعداد ایک ملین سے متجاوز[/pullquote]

جرمنی میں حالیہ چند ہفتوں میں کورونا وائرس کے انفیکشنز کی شرح میں کافی اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ یورپی ملک جرمنی میں کورونا وائرس کی وبا کی شروعات سے اب تک پہلی بار متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ جرمنی میں اکتوبر کے آخر تک کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد صرف پانچ لاکھ 20 ہزار تھی اور گزشتہ تقریباً تین ہفتوں کے دوران یہ تعداد دگنی ہو کر 10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ حالیہ کچھ ہفتوں کے دوران یورپ کے دیگر ملکوں کی طرح جرمنی میں بھی کووڈ 19 کے کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ درج کیا گیا ہے۔

[pullquote]ترکی میں بغارت کی ناکام کوشش کے جرم میں 337 افراد کو عمر قید کی سزا[/pullquote]

ترکی میں بغاوت کی ناکام کوشش کے چار سال سے زیادہ کا عرصہ گزرنے کے بعد دارالحکومت انقرہ کی ایک عدالت نے سینکڑوں مشتبہ افراد کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ کئی سالوں تک جاری رہنے والی عدالتی کارروائیوں کے دوران کل 475 مدع علیہان کو جواب دینا پڑا۔ ان میں سے 337 افراد کو تاحیات جیل کی سزا سنا دی گئی۔ انہیں دوسرے جرائم کے علاوہ بغاوت کی کوشش اور صدر رجب طیب ايردوآن پر قاتلانہ حملے کے الزامات کا سامنا تھا۔ عدالتی کارروائیوں کے دوران ججوں نے کچھ کیسز میں سخت ترین شرائط کے تحت 79 مرتبہ عمر قید کی سزا تک سنائی۔

[pullquote]کیوبا میں اپوزیشن کے متعدد اراکین گرفتار[/pullquote]

کیوبا میں حزب اختلاف کے فنکاروں کی تحریک’’سان اسیدرو‘‘ سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ گرفتاریاں اس تحریک کے ہوانا میں قائم دفتر پر مارے جانے چھاپے کے دوران ہوئیں۔ ان میں سے کچھ حال ہی میں گرفتار شدہ موسیقار کی رہائی کے لیے بھوک ہڑتال پرتھے۔ ہوانا میں ایک ہفتہ سے زیادہ عرصے سے سان اسیدرو تحریک کے 14 افراد شہر کے مرکز میں جمع ہیں۔

[pullquote]پولینڈ اور ہنگری کی طرف سے یورپی یونین بجٹ پیکج کے خلاف ویٹو کے امکانات[/pullquote]

ہنگری اور پولينڈ یورپی یونین کے 1.8 ٹریلین یورو کے بجٹ پیکج کو ویٹو کرنے کے معاملے ميں ایک دوسرے کا ساتھ دے رہے ہيں۔ ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان اور ان کے پولستانی ہم منصب ماٹیوز موراویکی نے بوداپیسٹ میں اس بارے میں ایک اعلامیے پر مشترکہ طور پر دستخط کیے۔ اس اعلامیے کے مطابق اگر یورپی یونین نے ان دونوں ممالک پر قانون کی حکمرانی سے متعلق قانون اور فنڈنگ کو عليحدہ نہ کيا، تو وارسا اور بوداپسٹ حکومتیں یورپی یونین کے بجٹ پیکج کو ویٹو کے ذریعے روک دیں گی۔ یورپی یونین کا موقف یہ ہے کہ ہنگری اور پولینڈ اپنی عدلیہ اور میڈیا کی آزادی میں مداخلت کرتے ہوئے یورپی یونین کی بنیادی اقدار کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

[pullquote]فرانس میں پاکستانی نژاد امام مسجد پر تاحیات پابندی[/pullquote]

فرانس میں ویلر لا بیل کے علاقے میں ايک پاکستانی مسجد کے امام لقمان ایچ کو اٹھارہ مہینے قید اور تاحیات پاپندی کی سزا سنا دی گئی ہے ۔ یہ سزا پنتواس کی عدالت میں سنائی گئی، جو پیرس کا مضافاتی علاقہ ہے ۔ عدالت نے یہ سزا جمعرات کو سنائی۔ لقمان ايچ کو سزا کاٹنے کے بعد ملک بدر کر دیا جائے گا اور وہ پھر کھبی فرانس کی سرزمین پر قدم نہیں رکھ سکیں گے۔ 33 سالہ لقمان ایچ پر الزام ہے کہ انہوں نے 9، 10 اور 25 ستمبر کو سوشل نیٹ ورک ٹِک ٹوک پر تین ویڈیوز شيئر کيں، جن ميں شدت پسندی کی ترغیب دی جا رہی تھی۔ جریدے شارلی ایبدو کے پرانے دفتر کے باہر چاقو حملے کے بعد اس امام نے اس ایپ پر اپنے پیغامات جاری کیے تھے۔ عدالت میں سماعت کے دوران لقمان ایچ نے متعدد مرتبہ معذرت کی اور عدالت کو بتایا کہ وہ ‘صوفی اسلام‘ کے پیروکار ہیں جو ‘امن اور محبت کا پیغام‘ دیتا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق فرانسیسی زبان نہ بول پانے کے سبب لقمان ایچ نے مترجم کا سہارا لیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ وہ اس قانون سے واقف نہیں تھے اور اس پیغام کے ذریعے سوشل میڈیا پر زیادہ سے زیادہ لائکس اور فالوور حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

[pullquote]ویانا میں ایک ربی پر حملہ[/pullquote]

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کی ایک کُھلی سڑک پر ایک خاتون نے یہودیوں کے ایک عالم دین )ربی( کو چاقو دکھا کر دھمکایا اور ان کے سر سے ان کی ٹوپی )کپا( اتار کر پھاڑ دی۔ مذکورہ خاتون نے یہودیوں کے خلاف نعرے لگائے اور پھر فرار ہو گئی۔ آسٹریا کے نیوز پورٹل OE24 کے مطابق یہودی ربی نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر موجود راہ گیروں نے اُن کی مدد کرنے کی بجائے اپنا اپنا راستہ لیا۔ ویانا میں یہودی برادری کے سربراہ آسکر ڈوئچ نے کہا ہے کہ یہودی برادری اس قسم کے واقعات سے خوفزدہ نہیں ہو گی اور اسے ڈرا دھمکايا نہیں جا سکتا۔ آسٹریا کے چانسلر سیباستیان کُرس نے کہا ہے کہ یہودیت مخالف عناصر کا سختی سے انسداد کیا جائے گا۔ ان کے بقول ’یہودیوں کے بغیر یورپ، یورپ نہیں رہ سکتا۔‘

[pullquote]میراڈونا کو سپرد خاک کر دیا گیا[/pullquote]

عالمی شہرت یافتہ ارجنٹائن کے فٹ بال کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کو بونس آئیرس کے قریب ایک قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کی آخری رسومات میں قریبی دوستوں اور گھر والوں نے شرکت کی۔ تدفین سے قبل میراڈونا کے جسد خاکی کے تابوت کو بونس آئیرس کے ایک تاریخی مرکزی چوک پر عوام کے آخری دیدار کے لیے رکھا گیا تھا جہاں سے بعد ازاں ان کے تابوت کو قبرستان پہنچایا گیا۔ میراڈونا کے لاتعداد مداح ان کے تابوت کے گرد جمع ہوئے۔ دنیا کے فٹ بالرز کے ایک درخشاں ستارے کی حیثیت رکھنے والے میرا ڈونا کا انتقال بُدھ کو حرکت قلب بند ہو جانے کے سبب ہوا تھا۔ بیونس آئرس میں میراڈونا کے تابوت تک ان کے سوگواروں کی رسائی محدود رکھنے کی کوشش کی گئی تھی جس کے نتیجے میں شائقین اور پولیس کے مابین جھڑپیں بھی ہوئیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے