منگل : یکم دسمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]’بائیو این ٹیک‘ اور فائزر کی یورپی میڈیسن ایجنسی کو کورونا ویکسین کی منظوری کی درخواست[/pullquote]

جرمن دوا ساز کمپنی ’بائیو این ٹیک‘ اور اس کے امریکی پارٹنر ادارے فائزر نے یورپی میڈیسن ایجنسی کو کورونا وائرس کے خلاف اپنی تیار کردہ ویکسین کے استعمال کی مشروط منظوری کی درخواست دے دی ہے۔ ان دونوں کمپنیوں کی طرف سے آج منگل کے روز بتایا گیا کہ انہوں نے یورپی میڈیسن ایجنسی کو یہ درخواست کل پیر کے روز دی۔ جرمن دارالحکومت برلن میں ’بائیو این ٹیک‘ (BioNTech) نے کہا ہے کہ اگر یورپ میں اس کی تیار کردہ ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی گئی، تو اس ویکسین کا استعمال رواں سال کے ختم ہونے سے پہلے یعنی اسی ماہ بھی شروع ہو سکتا ہے۔ ’بائیو این ٹیک‘ اور اس کے پارٹنر فائزر کی طرف سے گزشتہ ماہ کہا گیا تھا کہ ان کی تیار کردہ ویکسین تجرباتی طور پر ہزارہا افراد کو دی گئی تھی اور اس کے کورونا وائرس کے خلاف کامیاب اور مؤثر ثابت ہونے کی شرح 95 فیصد رہی تھی۔

[pullquote]شمالی ایتھوپیا میں مسلح تنازعہ شدید تر ہو گیا[/pullquote]

بحران زدہ افریقی ملک ایتھوپیا کے شمال میں جاری مسلح تنازعہ شدید تر ہو گیا ہے۔ تیگرائی عوامی محاذ آزادی نامی تنظیم ٹی پی ایل ایف نے اعلان کیا ہے کہ اس کی ایتھوپیا کی فوج کے خلاف لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی۔ ٹی پی ایل ایف کے رہنما گیبرے مائیکل نے کہا کہ ان کی تنظیم کے جنگجو آئندہ بھی ایتھوپیا کی فوج کے خلاف لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی تب تک جاری رہے گی، جب تک تیگرائی کی سرزمین پر مسلح دراندازی کرنے والے موجود رہیں گے۔ ایتھوپیا کے وزیر اعظم آبی احمد نے گزشتہ ہفتے کے روز تیگرائی کے علاقائی دارالحکومت پر ملکی فوج کے قبضے کے بعد اعلان کر دیا تھا کہ تیگرائی کا خونریز تنازعہ اب ختم ہو گیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی مسافر پروازوں کو سعودی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت[/pullquote]

سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات جانے والی اسرائیلی ایئر لائنز کی تجارتی پروازوں کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بتایا کہ ریاض حکومت نے اسرائیلی کمرشل پروازوں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی یہ اجازت سعودی حکام اور وائٹ ہاؤس کے مشیر جیئرڈ کُشنر کے درمیان کل پیر کے روز ہونے والی بات چیت کے بعد دی۔ امریکی صدر ٹرمپ کے داماد اور مشیر کُشنر اس بات چیت کے لیے مشرق وسطی سے متعلق چند اعلیٰ امریکی اہلکاروں کے ہمراہ سعودی عرب گئے تھے۔ اس اتفاق رائے کے بعد آج منگل کی صبح ایک اسرائیلی فضائی کمپنی کی ایک مسافر پرواز پہلی بار سعودی فضائی حدود میں سے گزر کر متحدہ عرب امارات جاتے ہوئے دبئی کے لیے روانہ ہو گئی۔

[pullquote]جرمنی میں جزوی لاک ڈاؤن کے باوجود نومبر میں بے روزگاری میں کمی[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث جزوی لاک ڈاؤن کے دوران گزشتہ ماہ بے روزگاری میں اضافے کے بجائے کمی دیکھنے میں آئی۔ تازہ ترین سرکاری ڈیٹا کے مطابق اکتوبر میں ملک میں بے روزگاری کی شرح چھ فیصد تھی، جو نومبر میں جزوی لاک ڈاؤن کے باوجود کم ہو کر پانچ اعشاریہ نو فیصد ہو گئی۔ اس طرح نومبر میں جرمنی میں بے روزگار افراد کی مجموعی تعداد اکسٹھ ہزار کی کمی کے ساتھ دو اعشاریہ سات ملین سے بھی کم ہو گئی۔

[pullquote]کورونا کی وبا: ساڑھے تیئیس کروڑ انسانوں کو اگلے برس ہنگامی امداد کی ضرورت ہو گی، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی ایک سالانہ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں اگلے برس تقریباﹰ دو سو پینتیس ملین بچوں، عورتوں اور مردوں کو ہنگامی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہو گی۔ یہ بات عالمی ادارے کی انسانی بنیادوں پر امداد سے متعلق سالانہ رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے ہنگامی انسانی بنیادوں پر امداد کے کوآرڈینیٹر مارک لوکوک نے جنیوا میں یہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث تقریباﹰ ساڑھے تیئیس کروڑ انسان شدید نوعیت کے مسائل کا شکار ہو گئے ہیں۔ یہ تعداد ایک سال پہلے کے مقابلے میں چالیس فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں عالمی سطح پر ایڈز، تپ دق اور ملیریا کے باعث انسانی ہلاکتوں کی تعداد دوگنا ہو جانے کا خدشہ بھی ہے۔

[pullquote]یورپی وزرائے خزانہ کے مابین یورپی مالیاتی استحکام کے طریقہ کار کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق[/pullquote]

یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے خزانہ کے مابین یورپی مالیاتی استحکام کے طریقہ کار کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد یورپی مالیاتی اتحاد میں شامل ممالک پر مشتمل یورو زون کو کسی بھی طرح کے بحرانی حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید مستحکم بنانا ہے۔ یورپی وزرائے خزانہ کی ایک ویڈیو کانفرنس کے بعد جرمن وزیر خزانہ اولاف شولس نے کہا کہ یہ پروگرام European Stability Mechanism یا ای ایس ایم کو سٹے بازوں کے ممکنہ حملوں کے خلاف مزید مضبوط بنا دے گا۔ اس منصوبے پر عمومی توقعات سے دو سال پہلے ہی سن دو ہزار بائیس کے آغاز تک عمل درآمد شروع ہو سکے گا۔ یورپی یونین کے اقتصادی امور کے نگران کمشنر پاؤلو جینٹیلونی نے اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

[pullquote]امریکی صدارتی الیکشن: ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے مزید انتخابی دھچکے[/pullquote]

بہت سخت انتخابی مقابلے والی کئی دیگر امریکی ریاستوں کی طرح اب ایریزونا اور وسکونسن کی ریاستوں میں صدارتی الیکشن کے حتمی نتائج میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کی کامیابی کی سرکاری طور پر تصدیق کر دی گئی ہے۔ ریاست وسکونسن کے گورنر ٹونی اَیورز نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ وہ اس ریاست کے انتخابی نتائج کی تصدیق کرتے ہیں اور انہوں نے اپنا فرض پورا کر دیا ہے۔ اپنی ایک ٹویٹ میں اسی طرح کا ایک پیغام ایریزونا کے گورنر ڈگ ڈُوسی نے بھی جاری کر دیا۔ موجودہ صدر اور اپنے دوبارہ انتخاب کے خواہش مند ڈونلڈ ٹرمپ نے تین نومبر کو ہونے والے الیکشن میں اپنی ناکامی ابھی تک تسلیم نہیں کی۔ ان کا کوئی شواہد پیش کیے بغیر ہی یہ الزام ہے کہ اس الیکشن میں مبینہ طور پر وسیع تر دھاندلی کی گئی۔

[pullquote]بھارتی حکومت نے احتجاج کرنے والے کسانوں کو مذاکرات کی دعوت دے دی[/pullquote]

بھارتی حکومت نے ملک میں احتجاج کرنے والے کسانوں کو آج منگل کے روز مذاکرات کی دعوت دے دی ہے۔ یہ کسان ان نئے قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، جن کے باعث انہیں خدشہ ہے کہ حکومت ان سے طے شدہ قیمتوں پر ان کی زرعی پیداوار خریدنا بند کر دے گی اور یوں انہیں نجی خریداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے گا۔ اس بارے میں زراعت اور کسانوں کی بہبود کی ملکی وزارت کے اعلیٰ اہلکار سنجے اگروال نے بھارتی کسانوں کی بتیس یونینوں کو ایک خط لکھ دیا ہے۔ اس خط میں انہیں دعوت دی گئی ہے کہ وہ اپنے مطالبات کے بارے میں آج ہی حکومت کے ساتھ بات چیت کریں۔ حکومت کی طرف سے پہلے یہ مذاکرات جمعرات کے روز کرنے کی دعوت دی گئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے