لاہور جلسہ: پی ڈی ایم کی صوبائی قیادت نے حکمت عملی طے کر لی

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی صوبائی قیادت نے لاہور کے جلسےکے حوالے سے حکمتِ عملی طے کر لی۔

میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ملتان میں پی ڈی ایم کے کارکنوں پر تشدد کے بعد ردِعمل میں عوام نکلے تو حکومت غائب ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسہ ہر صورت ہو گا، حکومت ہوش کے ناخن لے۔

پولیس تشدد ہوا تو ڈنڈا بردار فورس جواب دے گی: رہنما جے یو آئی (ف)
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن کا بیانیہ ایک ہی ہے کہ یہ نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان میں کریک ڈاؤن سے لگتا ہے کہ حکومت تصادم کی طرف جارہی ہے، لاہور میں پولیس تشدد ہوا تو ڈنڈا بردار فورس جواب دے گی۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنماچوہدری منظور نے کہا کہ حکومت گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کرے، ورنہ توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی، یہ حکومت اپنے ہر وعدے سے پھر گئی جس کی وجہ سے ہر پریشان شخص سڑکوں پر نکلا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے 13 دسمبر کو لاہور کے مینار پاکستان میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے اور اس حوالے سے ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحما ن کا کہنا تھا کہ لاہور کا جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے