جمعرات : 03 دسمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپی ریکوری فنڈ: پولینڈ اور ہنگری ذمے داری کا مظاہرہ کریں، ہسپانوی وزیر خارجہ[/pullquote]

اسپین کی وزیر خارجہ آرانچا گونزالیس لایا نے کہا ہے کہ یورپی ریکوری فنڈ کے سلسلے میں پولینڈ اور ہنگری جیسے ممالک کو اب تک کے مقابلے میں زیادہ ذمےد اری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ریکوری فنڈ کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کے بجائے ان ممالک کو اس فنڈ سے متعلق معاہدے کے طے پا جانے کے لیے تعاون کرنا چاہیے۔ وزیر خارجہ لایا نے کہا کہ پولینڈ اور ہنگری کی حکومتوں پر ان کے اپنے شہریوں اور کاروباری اداروں کے حوالے سے بھی ذمے داری عائد ہوتی ہے، جنہیں کورونا ریکوری فنڈ کے تحت مالی وسائل کی اشد ضرورت ہے۔

[pullquote]بریگزٹ: یورپی برطانوی تجارتی مذاکرات میں اب تک کی پیش رفت کا جائزہ[/pullquote]

یورپی یونین اور برطانیہ کے بریگزٹ امور سے متعلق اعلیٰ ترین مذاکراتی نمائندے فریقین کے مابین تجارتی شعبے میں جاری بات چیت میں پیش رفت کا آج یا کل جائزہ لیں گے۔ اس بات کی یورپی یونین کے تین اعلیٰ سفارت کاروں نے تصدیق کر دی۔ یہ جائزہ یورپی یونین کی طرف سے میشل بارنیئر اور برطانیہ کی طرف سے ڈیوڈ فروسٹ کی سطح پر لیا جائے گا۔ امکان ہے کہ برطانیہ اور یونین کے مابین ایک حتمی تجارتی معاہدہ آئندہ ویک اینڈ تک طے پا سکتا ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ بریگزٹ مذاکرات کے لیے اگلے 48 گھنٹے فیصلہ کن ہوں گے۔

[pullquote]جرمنی میں جزوی لاک ڈاؤن میں دس جنوری تک توسیع کا فیصلہ[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے جاری جزوی لاک ڈاؤن میں دس جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے۔ یہ بات چانسلر انگیلا میرکل نے تمام سولہ وفاقی صوبوں کے سربراہان حکومت کے ساتھ ایک آن لائن مشاورتی اجلاس کے بعد کہی۔ اب تک کے حکومتی فیصلے کے مطابق موجودہ لاک ڈاؤن کی مدت بیس دسمبر کو پوری ہونا تھی۔ انگیلا میرکل نے کہا کہ جرمنی ابھی تک اپنے ان اہداف سے بہت دور ہے، جو اس نے اپنے لیے اس وبا کی روک تھام کے لیے طے کر رکھے ہیں۔ دس جنوری کے بعد کے عرصے کے لیے یہ لاک ڈاؤن جاری رکھنے یا ختم کرنے کا فیصلہ چار جنوری کو ہونے والے ایک حکومتی اجلاس میں کیا جائے گا۔

[pullquote]سابق فرانسیسی صدر جیسکارڈ دیستاں چورانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے[/pullquote]

فرانس کے سابق صدر والیری جیسکارڈ دیستاں چورانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ انیس سو چوہتر سے لے کر انیس سو اکیاسی تک فرانس کے صدر رہے تھے۔ نومبر کے وسط میں وہ پانچ روز تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد گھر لوٹے تھے۔ ان کی یورپی اتحاد کے لیے خدمات انتہائی اہم ہیں اور وہ متحدہ یورپ کے لیے انتھک کوششیں کرنے والے یورپی رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔ جرمن چانسلر میرکل نے کہا ہے کہ جیسکارڈ دیستاں کے انتقال سے یورپ اپنے ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ انیس سو ستر کی دہائی میں انہوں نے اس دور کے جرمن چانسلر ہیلموٹ کوہل کے ساتھ مل کر اُس تاریخی سیاسی اشتراک عمل کو تیز تر کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں آج بھی فرانس اور جرمنی کو ’یورپی یونین کا انجن‘ سمجھا جاتا ہے۔

[pullquote]جو بائیڈن کی امریکی عوام کو کورونا کے باعث مزید ہلاکتوں کے خلاف تنبیہ[/pullquote]

نامزد امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے ہم وطنوں کو کورونا وائرس کی وبا کے باعث مزید ہلاکتوں کے خطرے کے خلاف تنبیہ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ انیس کے وبائی مرض کے خلاف ہر کسی کو حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا چاہیے۔ بائیڈن نے کہا کہ وہ کسی کو خوف زدہ نہیں کرنا چاہتے تاہم یہ بھی سچ ہے کہ اگلے برس جنوری کے بعد سے امریکا میں کورونا وائرس کے باعث مزید ڈھائی لاکھ تک انسانی ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان ممکنہ اموات سے بچنے کے لیے عوام کو انتہائی محتاط رہنا ہو گا۔ اس کے برعکس اب تک صدر چلے آ رہے ڈونلڈ ٹرمپ نے بار بار اپنے بیانات میں کورونا کی وبا کو کم خطرناک ظاہر کرنے کی کوشش کی تھی اور لاک ڈاؤن جیسے اقدامات کے خلاف خبردار کیا تھا۔

[pullquote]بین الاقوامی ڈونر کانفرنس کا لبنان سے جامع اصلاحات کا مطالبہ[/pullquote]

بین الاقوامی برادری مشرق وسطیٰ کے بحران زدہ ملک لبنان کی مزید مدد کرنا چاہتی ہے تاہم ساتھ ہی اس نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ لبنان میں جلد ہی ایک نئی حکومت قائم ہونا چاہیے، جسے ملک میں جامع اصلاحات متعارف کرانا چاہییں۔ اس طرح بیروت کی مالی مدد کرنے والے انٹرنیشنل ڈونرز اور لبنانی عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کیا جا سکے گا۔ یہ بات فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے لبنان سے متعلق ایک بین الاقوامی ڈونر کانفرنس کے بعد کہی۔ جرمنی کی طرف سے اس ویڈیو کانفرنس میں وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے حصہ لیا۔

[pullquote]بھارتی فلمی سپر سٹار رجنی کانت اپنی سیاسی پارٹی بنائیں گے[/pullquote]

بھارت میں علاقائی فلموں کے سپر سٹار رجنی کانت نے کہا ہے کہ وہ اگلے ماہ جنوبی بھارت میں اپنی ایک سیاسی پارٹی قائم کرنے کا اعلان کر دیں گے۔ اس وقت انہتر سالہ رجنی کانت نے، جن کا شمار بھارتی فلم بینوں کے پسندیدہ ترین اداکاروں میں ہوتا ہے، جمعرات کے روز کہا کہ وہ اس بارے میں ایک اعلان اکتیس دسمبر کو کریں گے۔ وہ گزشتہ پینتالیس برسوں کے دوران زیادہ تر تامل اور تیلیگو زبانوں میں بنائی گئی پونے دو سو سے زائد فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ رجنی کانت نے کہا کہ ان کی پارٹی ریاست تامل ناڈو میں ہونے والے اگلے الیکشن میں حصہ لے گی۔

[pullquote]جنوبی تھائی لینڈ میں سیلاب: لاکھوں خاندان متاثر، پانچ افراد ہلاک[/pullquote]

تھائی لینڈ کے جنوبی صوبے ناک ہون سی تھمّاراٹ میں آنے والے سیلاب کے باعث لاکھوں خاندان متاثر ہوئے اور کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ بات ملکی حکام نے آج جمعرات کے روز بتائی۔ شدید بارشوں اور موسمی طوفانوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے وسیع تر علاقے زیر آب آ چکے ہیں۔ بنکاک میں ملکی محکمہ موسمیات کے مطابق تھائی لینڈ کے بارہ جنوبی صوبوں میں شدید بارشیں آج جمعرات کے روز بھی جاری رہیں گی۔

[pullquote]بھارت میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ساڑھے نو ملین سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مسلسل چوتھے روز چالیس ہزار سے کم کا اضافہ ہوا، جو اس وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار میں بظاہر کمی کا پتا دیتا ہے۔ ملکی وزارت صحت کے جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بدھ کے دن پورے بھارت میں کورونا وائرس کے ساڑھے پینتیس ہزار سے زائد نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ اس طرح وہاں کورونا انفیکشنز کی مجموعی تعداد اب ساڑھے نو ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس جنوبی ایشیائی ملک میں کووڈ انیس کے باعث ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بھی سوا پانچ سو کے اضافے کے بعد اب ایک لاکھ اڑتیس ہزار سات سو کے قریب ہو گئی ہے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے