نواز شریف کو سزا سنانے والے سابق جج ارشد ملک کی وفات پر مریم کا ردعمل سامنے آگیا

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کی وفات پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا ردعمل سامنے آگیا۔

مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ سابق جج ارشد ملک وہاں چلے گئے جہاں ہم سب کو جانا ہے لیکن اللہ نے انہیں توفیق دی کہ وہ جاتے جاتے نواز شریف سے معافی مانگ کر اپنے ضمیر کا بڑا بوجھ ہلکا کرگئے۔

مریم کا مزید کہنا تھا کہ سابق جج بتا گئے کہ انہیں کس نے نواز شریف کو جھوٹی سزا دینے کے لیے بلیک میل اور استعمال کیا۔

انہوں نے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللّہ ارشد ملک کی بخشش فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔

مریم کا مزید کہنا تھا کہ یہ ان لوگوں کے لیے سبق ہے جو ظالم بھی ہیں اور اقتدار و طاقت کے نشے میں اندھے بھی ہیں، مجھے ایسے لوگوں کے انجام سے ڈر لگتا ہے کیونکہ اللّہ ظالم کے ساتھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اللّہ کا نظام ہے، ظالم برباد ہو کر رہے گا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کا کورونا وائرس کے باعث آج انتقال ہوا۔

ارشد ملک کی خاندانی ذرائع نے بتایا کہ ارشد ملک گذشتہ دو ہفتوں سے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج اور وینٹی لیٹر پر تھے، ڈاکٹرز نے آج صبح 10 بجے ارشد ملک کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے اہل خانہ کو آگاہ کیا۔

سابق جج ارشد ملک نے سوگواران میں بیوی اور چار بچے چھوڑے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق جج ارشد ملک نے مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کو 24 دسمبر 2018 کو العزیزیہ ریفرنس میں7سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جب کہ فلیگ شپ ریفرنس میں بری کر دیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے