ہفتہ : 05 دسمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کابل ميں افغان مصالحتی کونسل کا اجلاس شروع[/pullquote]

افغان مصالحتی کونسل کی ليڈرشپ کمیٹی کی جنرل اسمبلی ایک اجلاس آج سے کابل ميں شروع ہو گیا ہے۔ کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے اجلاس کا افتتاح کيا۔ کابل حکومت کے نمائندگان کے اس اجلاس ميں طالبان کے ساتھ مذاکرات اور امن عمل کو آگے بڑھانے کے ليے تمام فريقوں سے مشورے کے ساتھ ايک مشترکہ لائحہ عمل طے کيا جانا ہے۔ اس کونسل کو طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ليے منتخب کردہ اکيس رکنی ٹيم کی قيادت بھی سونپی گئی ہے۔ فروری ميں امريکا اور طالبان کے مابين طے پانے والی ڈيل کی شرائط کے تحت طالبان اور کابل حکومت نے ملک ميں قيام امن کے ليے ايک لائحہ عمل طے کرنا ہے اور پھر اسے اس پر عمل درآمد کو يقينی بھی بنانا ہو گا۔

[pullquote]کويت ميں پارليمانی انتخابات، کم ٹرن آؤٹ کا امکان[/pullquote]

کويت ميں آج ہفتے کو ہونے والے پارليمانی انتخابات میں رائے دہی جاری ہے۔ پارليمان کے ارکان کے چناؤ کے ليے پانچ لاکھ سڑسٹھ ہزار شہری ووٹ ڈالنے کے اہل ہيں۔ تيل کے ذخائر سے مالا مال اس ملک ميں پارليمانی ارکان کو چار سال کے ليے چنا جاتا ہے۔ پارليمنٹ کو قانون سازی کے وسيع تر اختيارات حاصل ہيں۔ کويت کے موجودہ امير شيخ نواف الاحمد الصباح نے اپنے بھائی کے انتقال کے بعد رواں سال ستمبر ميں اقتدار سنبھالا تھا۔ سياسی مبصرين کسی بڑی سياسی تبديلی کے امکانات کم ہی ديکھتے ہيں۔ الیکشن کے لیے کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے سخت حفاظتی اقدامات کيے گئے ہيں۔ انتخابی عمل سے وابستہ مبصرين نے خدشہ ظاہر کيا ہے کہ وبا کے باعث ووٹر ٹرن آؤٹ کافی کم رہ سکتا ہے۔

[pullquote]امريکا نے چين کے ساتھ ايکسچينج پروگرام ختم کرنے کا اعلان کر ديا[/pullquote]

امريکا نے چين کے ساتھ پانچ ايکسچينج پروگرام مستقل بنيادوں پر ختم کرنے کا اعلان کر ديا ہے۔ MECEA نامی ايک قانون کے تحت چينی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ رقوم سے امريکا کے سرکاری ملازمين سماجی سطح پر ميل جول بڑھانے کے ليے کچھ مدت کے ليے چين جايا کرتے تھے۔ امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو نے جمعے کی شب ايسے پانچ پروگراموں کی منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے انہيں ’پروپيگنڈا‘ قرار ديا۔ ان کے بقول جن پروگراموں کو ختم کيا جا رہا ہے، ان سے بيجنگ حکومت اور چینی کميونسٹ پارٹی کو فائدہ پہنچتا تھا۔

[pullquote]جرمن سفارت کار ہیلگا شمٹ تنظیم برائے یورپی سلامتی اور تعاون کی آئندہ سربراہ نامزد[/pullquote]

تجربہ کار جرمن سفارت کار ہیلگا شمٹ کو ستاون ممالک پر مشتمل تنظیم برائے یورپی سلامتی اور تعاون (او ایس سی ای) کی نئی سربراہ نامزد کر دیا گیا ہے۔ ان کی نامزدگی جمعے کو عمل ميں آئی۔ اس تنظیم کا صدر دفتر آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہے اور یہ براعظم یورپ اور اس سے جڑے ہوئے خطوں میں تنازعات حل کرنے کی کوششیں کرتی ہے۔ ہيلگا شمٹ نے 2015ء میں ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں پس پردہ لیکن کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ 59 سالہ شمٹ پیشہ ور سفارت کار ہیں اور برلن میں جرمن وزارت خارجہ میں ایک سے زائد انتہائی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہی ہیں۔ وہ برسلز میں گزشتہ چار سال سے یورپی یونین کی سفارتی سروس کی سربراہ تھیں۔

[pullquote]روس: کورونا کے خلاف ويکسين کی فراہمی شروع[/pullquote]

تجربہ کار جرمن سفارت کار ہیلگا شمٹ کو ستاون ممالک پر مشتمل تنظیم برائے یورپی سلامتی اور تعاون (او ایس سی ای) کی نئی سربراہ نامزد کر دیا گیا ہے۔ ان کی نامزدگی جمعے کو عمل ميں آئی۔ اس تنظیم کا صدر دفتر آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہے اور یہ براعظم یورپ اور اس سے جڑے ہوئے خطوں میں تنازعات حل کرنے کی کوششیں کرتی ہے۔ ہيلگا شمٹ نے 2015ء میں ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں پس پردہ لیکن کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ 59 سالہ شمٹ پیشہ ور سفارت کار ہیں اور برلن میں جرمن وزارت خارجہ میں ایک سے زائد انتہائی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہی ہیں۔ وہ برسلز میں گزشتہ چار سال سے یورپی یونین کی سفارتی سروس کی سربراہ تھیں۔

[pullquote]کورونا وائرس کے متاثرين کی عالمی تعداد اب تقريباً چھياسٹھ ملين[/pullquote]

دنيا بھر ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد اب تقريباً چھياسٹھ ملين ہو گئی ہے جبکہ ڈيڑھ ملين سے زائد افراد اس وبائی مرض کی وجہ سے ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ ہفتہ پانچ دسمبر کے اعداد و شمار کے مطابق امريکا 14.3 ملين، بھارت 9.6 ملين اور برازيل 6.3 ملين متاثرين کے ساتھ اس عالمی وبا سے سب سے زيادہ متاثرہ ممالک ہيں۔ دوسری جانب بياليس ملين سے زائد افراد اس وبائی مرض ميں مبتلا ہونے کے بعد صحت ياب بھی ہو چکے ہيں۔ گو کہ اب کئی مغربی ممالک ميں کووڈ انيس کے انسداد کے ليے ويکسين متعلقہ محکموں کی طرف سے منظوری کے مراحل ميں ہے تاہم کورونا کيسز ميں يوميہ بنيادوں پر بے تحاشا اضافے کی وجہ سے بيشتر ممالک ميں جزوی لاک ڈاؤن بھی نافذ ہے۔

[pullquote]صوماليہ سے تقريباً تمام امريکی فوجيوں کو واپس بلايا جا رہا ہے، پينٹاگون[/pullquote]

امريکی محکمہ دفاع پينٹاگون نے اعلان کيا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات پر صوماليہ سے تقريباً تمام امريکی فوجيوں کو واپس بلايا جا رہا ہے۔ اس سلسلے ميں جمعے کو جاری کردہ ایک بيان ميں زيادہ تفصيلات فراہم نہيں کی گئيں البتہ يہ تصديق کر دی گئی کہ فوجیوں اور ساز و سامان کی واپسی سن 2021 کے اوائل ميں عمل ميں آئے گی۔ اس وقت صوماليہ ميں تقريباً سات سو امريکی فوجی تعينات ہيں، جو مقامی فورسز کی تربيت اور مشاورت کا کام کرتے ہيں۔ صدر ٹرمپ نے حال ہی ميں افغانستان اور عراق ميں تعينات امريکی فوجيوں کی تعداد ميں بھی کٹوتی کا اعلان کيا تھا۔

[pullquote]قطر اور سعودی عرب کا سفارتی تنازعہ جلد ختم ہو سکتا ہے، کويت[/pullquote]

قطر اور سعودی عرب کے مابين جاری سفارتی تنازعہ جلد ختم ہو سکتا ہے۔ کويتی وزير خارجہ نے جمعے کی رات تصديق کی کہ عمان، کويت، سعودی عرب اور قطر کے حکام کے حاليہ مذاکرات ميں پيش رفت ہوئی ہے اور متعلقہ فريق اس تنازعے کے جلد خاتمے پر متفق ہيں۔ خليج کے ان دونوں ممالک کے مابین سفارتی تنازعے کے خاتمے کے ليے کويت ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے جب کہ مذاکراتی عمل ميں امريکی نمائندے بھی شريک ہيں۔ امريکا خطے ميں ايران کے خلاف ايک متحدہ محاذ قائم کرنا چاہتا ہے اور يہ تنازعہ اس کی راہ ميں رکاوٹ ہے۔ سعودی حکومت نے ايران کی حمايت کا الزام عائد کرتے ہوئے سن 2017 ميں قطر کے ساتھ تمام تعلقات منقطع کر ليے تھے۔

[pullquote]امريکا ميں ’ڈريمر‘ اميگريشن پروگرام کی فوری بحالی کا عدالتی حکم[/pullquote]

امريکا ميں بروکلين کی ایک یو ایس ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج نکولس گاراؤفس نے ٹرمپ انتظاميہ کو حکم دیا ہے کہ ’ڈريمر‘ يا (DACA) کے نام سے جانے جانے والے اميگريشن پروگرام کو فوری طور پر اور مکمل بحال کيا جائے۔ يہ پروگرام کم عمری ميں غير قانونی طريقے سے امريکا پہنچنے والے مہاجرين اور تارکین وطن کو ملک بدری کے خلاف تحفظ فراہم کرتا ہے۔ ٹرمپ انتظاميہ نے اس سال موسم گرما ميں اس پروگرام کو محدود کر ديا تھا اور صرف ان افراد کو اس سے مستفيد ہونے کی اجازت تھی، جن کی درخواستيں پہلے سے جمع تھيں۔ تاہم تازہ عدالتی حکم کے مطابق اب نئی درخواتيں بھی جمع کرائی جا سکتی ہيں اور متعلقہ حکام کو ان پر کارروائی کرنا ہو گی۔

[pullquote]چین میں چونگ چنگ کی ايک کان ميں حادثہ، متعدد کان کن ہلاک[/pullquote]

وسطی چين کے ايک اہم شہر چونگ چنگ میں ايک کان ميں کاربن مونو آکسائڈ گيس خارج ہونے کی وجہ سے کم از کم اٹھارہ کان کن ہلاک ہو گئے۔ پانچ کان کن اب بھی اس کان میں پھنسے ہوئے ہيں اور انہيں بچانے کے ليے امدادی کارروائی جاری ہے۔ چين کے سی سی ٹی وی کی رپورٹوں کے مطابق يہ حادثہ جمعے کی شب پيش آيا۔ ہفتے کی صبح تک اٹھارہ کان کنوں کی ہلاکت اور ايک کے ريسکيو کر ليے جانے کی تصديق کر دی گئی تھی۔ ماہرین يہ پتا چلانے کی کوششوں ميں ہيں کہ کوئلے کی اس کان سے زہریلی کاربن مونو آکسائڈ گيس کيوں خارج ہوئی۔

[pullquote]برازيل ميں ٹريفک حادثہ، کئی افراد مارے گئے[/pullquote]

جنوبی امريکی ملک برازيل ميں ايک بس ايک پل سے نیچے جا گری، جس کے نتيجے ميں کم از کم سولہ افراد ہلاک اور ستائيس ديگر زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق امکان ہے کہ اس بس کو یہ حادثہ بريکیں فيل ہو جانے کی وجہ سے پيش آيا۔ يہ واقعہ جنوب مشرقی رياست ميناس گيراس کے گاؤں جوآؤ مون ليوادے کے قريب جمعے کو پيش آيا۔ سن 2015 اور 2019ء کے درميان برازيل ميں ہر سال اوسطاً تيس ہزار افراد ٹريفک حادثات ميں ہلاک ہوئے۔

[pullquote]رملہ: مظاہرے کے دوران اسرائيلی فوج کے ساتھ جھڑپوں ميں فلسطينی نوجوان مارا گیا[/pullquote]

کل جمعے کو مغربی کنارے ميں احتجاجی مظاہرے کے دوران اسرائيلی فوج کے ساتھ جھڑپوں ميں ايک فلسطينی نوجوان مارا گيا۔ تيرہ سالہ علی ايمن نصر ابو عاليہ گولی لگنے سے زخمی ہو گيا تھا اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ فلسطينی حکام کا الزام ہے کہ مظاہرين کو منتشر کرنے کے ليے اسرائيلی فوج نے طاقت کا بےجا استعمال کيا، جس کی وجہ سے اس نوجوان کی جان چلی گئی۔ دوسری جانب اسرائيلی فوج نے کہا ہے کہ مظاہرين نے پتھراؤ کيا تھا، جس کے رد عمل ميں فوج کو کارروائی کرنا پڑی۔ يہ واقعہ رملہ کے علاقے المغير ميں پيش آيا، جو اسرائيلی آباد کاروں کی ایک آبادی کے کافی قريب ہے اور اسے فلسطينيوں کی طرف سے مظاہروں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے