‘تاشفین ملک الہدیٰ انسٹی ٹیوٹ میں زیرِ تعلیم رہیں’

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں معذوروں کے سینٹر پر فائرنگ میں ملوث خاتون تاشفین ملک کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ پاکستان میں خواتین کے ایک ہائی پروفائل مدرسے الہدیٰ انسٹی ٹیوٹ میں زیرِ تعلیم رہیں.

فرانس کے خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایک خاتون استاد کے حوالے سے بتایا ہے کہ 29 سالہ تاشفین ملک نے ملتان میں الہدیٰ انسٹی ٹیوٹ میں تعلیم حاصل کی.

مذکورہ استاد جنھوں نے اپنا نام مقدس بتایا، کا کہنا تھا کہ الہدیٰ انسٹی ٹیوٹ کے امریکا، متحدہ عرب امارات، ہندوستان اور برطانیہ میں بھی دفاتر موجود ہیں اور یہ اُن خواتین کو تعلیمی سہولیات فراہم کرتا ہے جو اسلام کے قریب آنے کی خواہش رکھتی ہوں.

مقدس نے بتایا، "کورس 2 سال کا تھا لیکن تاشفین نے اسے مکمل نہیں کیا”.

ان کا مزید کہنا تھا، "وہ ایک اچھی لڑکی تھی، مجھے نہیں معلوم انھوں نے کیوں انسٹی ٹیوٹ چھوڑا اور ان کے ساتھ کیا ہوا”.

تاہم مذکورہ استاد نے یہ نہیں بتایا کہ تاشفین نے انسٹی ٹیوٹ میں کب داخلہ لیا، لیکن ملتان کی بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں ان کے ساتھی طلباء کے مطابق تاشفین نے یونیورسٹی ختم ہونے کے بعد وہاں داخلہ لیا، جبکہ یونیورسٹی میں وہ 2007 سے 2013 تک زیر تعلیم رہیں.

اے ایف پی کے مطابق اکیڈمی انتظامیہ کی ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ وہ نہ تو تاشفین کے یہاں زیر تعلیم رہنے کی تصدیق کرسکتی ہیں اور نہ ہی تردید اور وہ اس معاملے پر مینیجمنٹ سے بات کریں گی.

تاہم ان کا کہنا تھا کہ "کیلیفورنیا واقعے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں اور ہم طالب علموں کے ذاتی اقدامات کے ذمہ دار نہیں ہیں.”

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سان برنارڈینو میں واقع معذوروں کے سینٹر میں فائرنگ کے واقعے میں 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس نے واقعے میں ملوث دو مشتبہ افراد 28 سالہ رضوان فاروق اور ان کی 27 سالہ اہلیہ تاشفین ملک کو کئی گھنٹوں کے آپریشن کے بعد ہلاک کردیا تھا۔

بعد ازاں یہ بات سامنے آئی کہ رضوان فاروق امریکی شہری تھے جبکہ تاشفین ملک ’کے۔ ون‘ ویزے پر امریکا آئیں۔

ایف بی آئی کی واقعے کے حوالے سے تحقیقات میں یہ بھی واضح ہوا کہ دونوں میاں بیوی شدت پسندی کی جانب مائل تھے اور سوشل میڈیا کے ذریعے ان کے شدت پسندوں سے رابطے بھی تھے۔

‘تاشفین سعودی عرب سے امریکا گئیں’
وزیرداخلہ چوہدری نثار نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے تاشفین ملک کے حوالے سے بتایا کہ ان کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے تھا تاہم وہ کئی برس پہلے ہی سعودی عرب چلی گئی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ تاشفین کی شادی بھی سعودی عرب میں ہوئی اور وہیں سے وہ امریکا گئیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے