منگل : 12 جنوری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]انڈونيشی جہاز کی تلاش ميں بڑی پيش رفت[/pullquote]

انڈونيشيا کے حادثے کا شکار ہونے والے سری ویجایا ایئر کے بوئنگ 737-500 طيارے کا بليک باکس برآمد کر ليا گيا ہے۔ ابھی تک يہ واضح نہيں کہ ملنے والا آلہ کاک پٹ وائس ريکارڈر ہے يا فلائٹ ڈيٹا ريکارڈر۔ اس پيش رفت کے بعد تفتيشی عمل آگے بڑھ سکے گا اور پتا لگايا جا سکے گا کہ طيارہ پرواز بھرنے کے کچھ ہی دير بعد کيوں گرا۔ منگل کو ساڑھے تين ہزار سے زائد اہلکاروں طيارے کے فلائٹ ريکارڈرز تلاش کرنے کے کام پر مامور تھے۔ ريسکيو حکام نے اب تک انسانی اعضاء اور جہاز کے کئی ٹکڑے برآمد کر ليے ہيں اور ڈی اين اے ٹيسٹ کی مدد سے ہلاک شدگان کی شناخت جاری ہے۔ يہ طيارہ جکارتہ سے اڑنے کے چار منٹ بعد ہی سمندر ميں گر کر تباہ ہو گيا تھا۔ اس طيارے میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت کُل باسٹھ افراد سوار تھے۔

[pullquote]بھارتی سپريم کورٹ نے متنازعہ زرعی اصلاحات پر عملدرآمد رکوا ديا[/pullquote]

بھارتی سپريم کورٹ نے زراعت کے شعبے ميں اصلاحات متعارف کرانے کے مقصد سے منظور کردہ قوانين پر عملدرآمد رکو رکوا ديا ہے۔ عدالت نے سراپا احتجاج کسانوں کے ساتھ مذاکرات کے ليے ايک آزاد کميٹی کے قيام کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔ ايک روز قبل عدالت عظمی کی ايک سماعت ميں کسانوں کی جانب سے دائر کردہ پٹيشنز سنی گئی تھيں۔ عدالت اس نتيجے پر پہنچی کہ قوانين کو متعلقہ افراد کے ساتھ صلاح مشورے کے بغير منظور کيا گيا اور اختلافات کے حل کے ليے حکومت اور کسانوں کے مابين مذاکرات بھی کسی سمت نہيں بڑھ رہے۔ نئی دہلی حکومت کی جانب سے اصلاحات منظور کيے جانے کے رد عمل ميں گزشتہ پينتاليس روز سے کسان احتجاج کر رہے ہيں اور انہوں نے دارالحکومت جانے والی کئی سڑکيں بند کر رکھی ہيں۔

[pullquote]جرمن پوليس نے دنيا کی سب سے بڑی ڈارک نيٹ مارکيٹ کو منہدم کر ديا[/pullquote]

جرمن پوليس نے دنيا کے سب سے بڑی ’ڈارک نيٹ‘ مارکيٹ کو غير فعال بنانے کا دعوی کيا ہے۔ استغاثہ نے منگل کو بتايا کہ آسٹريلوی آپريٹر اس مارکيٹ ميں منشيات، کريڈٹ کارڈ ڈيٹا اور وائرس وغيرہ کی تجارت کرتا تھا۔ پوليس نے جرمن شہر اولڈن برگ ميں گزشتہ اختتام ہفتہ پر کارروائی کر کے ’ڈارک مارکيٹ‘ کے مشتبہ سرغنہ کو پکڑ ليا تھا اور يوں اس کی زير انتظام چلنے والی مارکيٹ بھی غير فعال بنا دی گئی۔ پير کو ان سرورز کو بند کر ديا گيا، جن کی مدد سے انٹرنيٹ پر اس مارکيٹ کا کاروبار چل رہا تھا۔

[pullquote]ٹرمپ کے مواخذے کے ليے آئينی شق متعارف کرا دی گئی[/pullquote]

ڈيموکريٹس نے امريکی ايوان نمائندگان ميں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے ليے تحريک شروع کر دی ہے۔ پير کو مواخذے کی شق متعارف کرائی گئی، جس ميں ان پر تشدد پر اکسانے کا الزام عائد کيا گيا ہے۔ ڈيموکريٹس نے ايک بل بھی پيش کيا، جس ميں نائب صدر مائيک پينس سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پچيسويں شق بروئے کار لاتے ہوئے ٹرمپ کے اختيارات محدود کر ديں۔ تاہم ری پبلکن سينيٹرز نے يہ بل مسترد کر ديا۔ نتيجتاً اب دونوں ايوانوں ميں اس معاملے پر آج بروز منگل رائے دہی ہو گی۔ ٹرمپ کے حاميوں کی جانب سے کيپيٹل ہل پر دھاوا بولے جانے کے بعد سے صدر شديد تنقيد کی زد ميں ہيں۔

[pullquote]بھارت ميں کورونا ويکسين مہم کی تيارياں جاری[/pullquote]

بھارت ميں کورونا ویکسینیشن کی وسيع تر مہم کی تيارياں جاری ہيں۔ انڈيئن ايئر لائنز کی مدد سے آج ملک کے تمام حصوں ميں کووڈ انیس سے بچاؤ کی ویکسین پہنچائی جا رہی ہے جبکہ لوگوں کو ويکسين لگانے کا عمل ہفتے سے شروع ہو گا۔ ايک اعشاريہ تين بلين کی آبادی ميں سے تين سو ملين ایسے افراد جن کی صحت کی صورتحال نازک ہے ، کو پہلے مرحلے ميں ويکسين فراہم کی جائے گی۔ يہ عمل آئندہ چھ تا آٹھ ماہ ميں مکمل ہو گا۔ بھارت کورونا کی وبا سے امريکا کے بعد دوسرا سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے، جہاں متاثرين کی مجموعی تعداد ساڑھے دس ملين کے لگ بھگ ہے۔

[pullquote]دنیا بھر میں کورونا کے متاثرين کی تعداد اب نوے ملين سے زائد[/pullquote]

دنيا بھر ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد 90.9 ملين ہو گئی ہے۔ اب تک 1.9 ملين سے زائد انسان اس وبائی مرض کی وجہ سے ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ امريکا اس عالمی وبا سے سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے، وہاں متاثرين کی تعداد 22.6 ملين سے تجاوز کر چکی ہے اور اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد بھی تين لاکھ بہتر ہزار سے زائد بنتی ہے۔ بھارت ميں متاثرين کی تعداد قريب ساڑھے دس ملین ہے۔ عالمی سطح پر اس وائرس سے صحت ياب ہونے والوں کی تعداد 50.2 ملین بنتی ہے۔

[pullquote]حوثی باغيوں کو ’دہشت گرد گروہ‘ قرار دينے کا فيصلہ، امدادی ادارے فکر مند[/pullquote]

ايرانی حمايت يافتہ يمنی حوثی باغيوں کو ’دہشت گرد‘ گروہ قرار دينے کے امريکی فيصلے پر امدادی اداروں نے تشويش ظاہر کی ہے۔ اس فيصلے پر عملدرآمد انيس جنوری سے شروع ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے بتايا کہ قحط کے خطرے سے دوچار ملک يمن ميں اس فيصلے سے امدادی سرگرمياں اور سياست دونوں بری طرح متاثر ہوں گے۔ داخلی سطح پر بھی ری پبلکن سينيٹر جم رش نے نشاندہی کی کہ يمن ميں ضرورت کی ستر فيصد خوراک امپورٹ کی جاتی ہے اور اس تناظر ميں يہ فيصلہ منفی نتائج کا سبب بنے گا۔ ابھی تک نو منتخب صدر جو بائيڈن کی ٹيم نے اس بارے ميں اپنا موقف واضح نہيں کيا ہے۔

[pullquote]چين کے ساتھ کشيدگی ميں کمی کی اميد ہے، بھارتی فوج کے چيف[/pullquote]

بھارتی فوج کے سربراہ منوج مکنند ناراوانے نے اميد ظاہر کی ہے کہ چين کے ساتھ مذاکرات کشيدگی ميں کمی کا باعث بنيں گے۔ انہوں نے مذاکرات کے اگلے دور کی کوئی حتمی تاريخ نہيں دی تاہم يہ عنديہ ديا کہ مذاکرات عنقريب ہونے والے ہيں۔ اب تک مکالمت کے تمام ادوار بے نتيجہ رہے ہيں۔ ادھر وزير خارجہ سبرامنيم جے شنکر نے بھی منگل کو بيان ديا کہ گزشتہ برس کی جھڑپوں سے چين پر اعتماد بری طرح متاثر ہوا ہے۔ گزشتہ برس لداخ ميں مسلح جھڑپوں کے بعد سے چين اور بھارت کے مابين شديد کشيدگی پائی جاتی ہے اور لاکھوں فوجی ہماليہ کے اس خطے ميں تعينات ہيں۔

[pullquote]ليزا مونٹگومری کی سزائے موت پر عملدرآمد میں رکاوٹ[/pullquote]

امريکی رياست انڈيانا ميں ايک وفاقی جج نے ليزا مونٹگومری کی سزائے موت پر عملدرآمد کو رکوا ديا ہے۔ جج نے ان کی ذہنی حالت کی وجہ سے يہ فيصلہ کيا۔ مونٹگومری کو آج بروز منگل زہريلے انجيکشن کی مدد سے مارا جانا تھا۔ انہوں نے سن 2007 ميں آٹھ ماہ کی حاملہ بوبی جو اسٹینٹ کو اغواء اور قتل کر کے ان کے رحم سے ان کی بچی کو زندہ نکال ليا تھا اور بعد ازاں بچی کو اپنا ظاہر کيا تھا۔ ليزا اس وقت امريکا ميں واحد خاتون قيدی ہيں، جنہيں سزائے موت دی جا چکی ہے۔ اگر ان کی سزائے موت پر عملدرآمد ہو جاتا، تو یہ امريکا ميں ستر برس بعد کسی خاتون قيدی کی سزائے موت پر عمل درآمد ہوتا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے