نیب قیامت تک میرے خلاف کرپشن ثابت نہیں کرسکتا : شہباز شریف

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیب منی لانڈرنگ کیس میں الٹا بھی ہو جائے تب بھی قیامت تک میرے خلاف دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکتے۔

لاہور کی احتساب عدالت میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی جس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا گیا اور روسٹرم پر حاضری لگوائی گئی۔

شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز طبیعت کی ناسازی کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔

دورانِ سماعت جج جواد الحسن نے شہباز شریف سے استفسار کیا کہ میاں صاحب آپ کچھ کہنا چاہتے ؟ اس پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ابھی تک میرا میڈیکل بورڈ نہیں بن سکا، جج جواد الحسن نے کہا کہ آج آپ کی درخواست پر فیصلہ کردوں گا۔

دورانِ سماعت شہباز شریف نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ منی لانڈرنگ کیس میں قیامت تک میرے خلاف دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکتے، یہ الٹے بھی ہوجائیں تو بھی کرپشن ثابت نہیں کر سکتے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ میرے خلاف لندن سے خبر چھپوائی گئی اور جس نے خبر چھپوائی ہے اس کا نام نہیں لوں گا، ڈیلی میل نے جب خبر شائع کی تو برطانوی حکومت نے اتوار کوآفس کھول کر تحقیقات کیں، برطانیہ میں اتوار کی چھٹی بہت اہم ہوتی ہے مگر اس دن دفاتر کھولے گئے اور تحقیقات کی گئیں لیکن میرے خلاف کرپشن ثابت نہیں ہوئی، ڈیلی میل میں خبر شائع کرکے پاکستان کو بدنام کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں برطانوی حکومت کے ساتھ مل کر 5 ارب روپے کے مختلف پروگرام شروع کیے، نیب کو کرپشن نہیں ملے گی ہر منصوبے میں پیسے کی بچت ملے گی۔

بعد ازاں عدالت نے نیب کے 2 گواہوں کے بیانات پر وکلاء کو جرح کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت 25 جنوری تک ملتوی کردی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے