جمعہ : 29 جنوری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا اور طالبان کے مابین ہوئی دوحہ امن ڈیل خطرے میں[/pullquote]

افغان طالبان نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکی فورسز دوحہ امن ڈیل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری علاقوں پر بمباری کر رہی ہیں۔ اس سے قبل پینٹاگون نے طالبان پر الزام عائد کیا تھا کہ اس امن ڈیل کے تحت طالبان کے تشدد میں کمی لانے میں ناکام رہے ہیں۔ امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ طالبان کی طرف سے تشدد میں کمی نہ کرنے کی وجہ سے اس وسطی ایشائی ملک سے امریکی افواج کے انخلا پر سوالیہ نشانات ابھر رہے ہیں۔ امریکا اور طالبان کے مابین گزشتہ برس دوحہ میں ہوئی امن ڈیل کے تحت امریکا نے مئی تک افغانستان سے اپنے فوجی واپس بلوانے ہیں۔ تاہم اس کے لیے طالبان کی طرف سے تشدد میں کمی ایک لازمی شرط ہے۔ امریکا نے یہ عندیہ بھی دیا ہے کہ دوحہ امن ڈیل پر نظر ثانی کی جائے گی۔

[pullquote]بھارت میں کئی سرکردہ صحافیوں کے خلاف بغاوت کے مقدمات درج[/pullquote]

بھارت میں کئی سرکردہ صحافیوں کے خلاف بغاوت کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ان پر کسانوں کو پر تشدد مظاہروں کی ترغیب دینے کا الزام ہے۔ صحافیوں کی انجمن ‘ایڈیٹرز گلڈ’ نے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ریاست اترپردیش اور مدھیہ پردیش کی پولیس نے 26 جنوری کو مبینہ طور پر لال قلعے کی فصیل پر سکھ مذہب کا پرچم نصب کرنے اور پرتشدد مظاہروں پر اکسانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کے سرکردہ رہنما ششی تھرور اور ملک کے دیگر چھ سرکردہ صحافیوں کے خلاف بغاوت کے مقدمات درج کیے ہیں۔ ایف آئی آر میں معروف صحافی راج دیپ سر دیسائی، نیشنل ہیرالڈ کے ایڈیٹر مرنال پانڈے، قومی آوازا کے مدیر ظفر آغا اور کارواں میگزین سے وابستہ اننت ناتھ اور ونود جوز کے نام بھی شامل ہیں۔

[pullquote]امریکی فوجیوں کا جرمنی میں قیام انتہائی قابل قدر اور اہمیت کا حامل ہے، لائیڈ آسٹن[/pullquote]

نئے امریکی وزیر دفاع نے اپنی جرمن ہم منصب سے کہا ہے کہ امریکی فوج جرمنی میں اطمینان محسوس کرتی ہے۔ جرمن وزارت دفاع نےاپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا کے نئے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار اپنی جرمن ہم منصب اینگریٹ کرامپ کارین باؤر سے بات چیت کے دوران کہا کہ امریکی فوجیوں کا جرمنی میں قیام انتہائی قابل قدر اور اہمیت کا حامل ہے۔ گزشتہ برس سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمنی میں تعینات فوجیوں کی تعداد میں پچیس فیصد تک کی کمی کا اعلان کیا تھا۔ تاہم جرمن حکام کو اس بات کی قومی امید رہی ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ سابق صدر ٹرمپ کے اس فیصلے کو واپس لے لے گی۔

[pullquote]جرمنی میں غیر ملکی فوجیوں کو عدالتی استثنا حاصل نہیں ہو سکتا، جرمن عدالت[/pullquote]

جرمنی میں مقیم ایسے غیر ملکی فوجیوں کے خلاف قانونی کارروائی ممکن ہو گئی ہے، جن پر جنگی جرائم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ جرمنی کی وفاقی عدالت برائے انصاف نے ایک اہم فیصلے میں کہا ہے کہ جرمنی میں موجود غیر ملکی فوجیوں کو یہ استثنا حاصل نہیں ہو سکتا کہ ان کے خلاف جنگی جرائم کے الزامات کی کارروائی نہ کی جا سکے۔ ایک سابق افغان فوجی نے عدالت سے کہا تھا کہ اس کے سابق عہدے کی وجہ سے جرمنی میں اس کے خلاف عدالتی کارروائی نہیں کی جا سکتی۔ تاہم عدالت نے اس کی اپیل خارج کرتے ہوئے کہا کہ جنگی جرائم میں کسی کو بھی استثنا حاصل نہیں ہو گی۔

[pullquote]تائیوان کی آزادی کی کوشش ’اعلان جنگ‘ ہو گا، چین[/pullquote]

چین نے خبردار کر دیا ہے کہ تائیوان کی طرف سے آزادی حاصل کرنے کی کوشش اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب چینی فوج نے تائیوان کے اطراف اپنی عسکری موجودگی بڑھا دی ہے۔ بیجنگ کے مطابق اس صورتحال میں بیرونی مداخلت اور اشتعال انگیزی کو روکنے کی خاطر ملکی افواج تیار ہیں۔ چین کا کہنا ہے کہ تائیوان کی جمہوری طور پر منتخب نئی حکومت آزادی کا اعلامیہ جاری کرنا چاہتی ہے۔ اس تناظر میں چین نے تائیوان اور امریکا کے قریبی مراسم پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ بیجنگ حکومت تائیوان کو اپنا حصہ قرار دیتی ہے۔

[pullquote]میانمام الیکشن کمیشن نے دھاندلی کے فوجی الزامات مسترد کر دیے[/pullquote]

میانمار کے الیکشن کمیشن نے فوج کی طرف سے عائد کیے ایسے الزامات مسترد کر دیے، جن میں کہا گیا تھا کہ حالیہ انتخابات میں دھاندلی کی گئی تھی۔ گزشتہ برس نومبر میں منعقد ہوئے ان انتخابات میں ملک کی جمہوریت نواز رہنما آنگ سان سوچی کی پارٹی کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ سوچی کی سیاسی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی نے 476 نشستوں والی پارلیمان میں تین سو چھیانوے سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ جب کہ فوج نواز پارٹی صرف تینتیس نشستوں پر کامیاب ہو سکی تھی۔ میانمار میں پانچ دہائیوں تک فوجی جنتا کی آمریت کے بعد سن دو ہزار پندرہ میں جمہوری نظام فعال ہوا تھا۔

[pullquote]کووڈ کا آغاز کیسے ہوا، ڈبلیو ایچ او کے ماہرین چینی شہر ووہان میں[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی خصوصی ٹیم آج جمعے کے دن ووہان میں ان مقامات کا دورہ کرے گی، جہاں سے کورونا وائرس پھوٹا تھا۔ اس فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے آج چینی ماہرین سے ملاقاتیں بھی کیں۔ ڈبلیو ایچ او کے ماہرین کووڈ کی عالمی وبا کے پھیلنے سے متعلق حقائق جمع کرنے کے لیے چین کا دورہ کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس چھان بین سے یہ اندازہ لگایا جا سکے گا کہ اس عالمی وبا کے پھیلنے کی بنیادی وجوہات کیا تھیں اور مستقبل میں ان سے کیسے نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے۔

[pullquote]برطانیہ: متحدہ عرب امارات کے ساتھ براہ راست فلائیٹس بند کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

برطانیہ نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ براہ راست پروازوں کا سلسلہ منقطع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یوں جمعے کے دن سے لندن اور دبئی کے مابین عالمی سطح پر یہ ایک انتہائی مصروف ترین ہوائی راستہ بند ہو جائے گا۔ لندن کے مطابق کووڈ کی نئی قسم کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ دوسری طرف جرمنی میں بھی ایسی تجاویز پر غور جاری ہے کہ کورونا کی نئی قسم کو روکنے کی خاطر پروازوں کا سلسلہ مکمل طور پر بند کر دیا جائے۔ اس عالمی وبا کی وجہ سے یورپ بھر میں خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

[pullquote]بخارسٹ کے ایک اہم ہسپتال میں آتشزدگی، چار افراد ہلاک[/pullquote]

رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ میں واقع ایک اہم ہسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ جمعے کی علی الصبح رونما ہونے والے اس حادثے کے فوراً بعد اس ہسپتال کو خالی کرا لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس ہسپتال میں ایک وقت میں سو مریضوں کو طبی امداد پہنچانے کی گنجائش تھی۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس طبی مرکز میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کا علاج بھی جاری تھا۔ بلقان کی اس ریاست میں کورونا کے شکار اٹھارہ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]کورونا بحران، ایشیائی مالیاتی منڈیاں بھی متاثر[/pullquote]

کورونا بحران کی وجہ سے ایشیائی مالیاتی منڈیوں میں مندی کا رحجان نوٹ کیا گیا ہے۔ امریکی مالیاتی منصوبہ جات اور وال اسٹریٹ کی بدلتی ہوئی صورتحال کے باوجود جمعے کی صبح شنگھائی، ٹوکیو، ہانک کانگ اور سیول کی مارکیٹوں میں مندی کا رحجان رہا۔ گزشتہ رات وال اسٹریٹ کا بینچ مارک ایس اینڈ پی پانچ سو انڈیکس ایک فیصد کی بہتری کے ساتھ بند ہوا تھا جبکہ ایک روز قبل اس میں تقریبا ڈھائی فیصد کی مندی ہوئی تھی۔ کووڈ کی وجہ سے عالمی سطح پر مالیاتی مسائل پیدا ہوئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے