منگل : 16 فروری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]انسداد انتہاپسندی بل پر ووٹنگ، فرانسیسی مسلمان پریشان[/pullquote]

فرانسیسی پارلیمان کے ایوان زیریں میں آج اس بل پر ووٹنگ ہو رہی ہے، جس کا مقصد ملکی مساجد اور مدارس کی نگرانی میں اضافہ کرنا ہے۔ اس کا مقصد سیاسی اسلام کی روک تھام کے ساتھ ساتھ جبری شادیوں کے خلاف اقدامات کرنا بھی ہے۔ یہ بل انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں فرانس کی وسیع تر کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ دوسری جانب فرانسیسی مسلمانوں نے اس بل کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح مذہبی آزادی کو محدود اور جان بوجھ کر ایک خاص طبقے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اس بل کی منظوری کے قوی امکان ہیں۔

[pullquote]بھارت، بس حادثے کے نتیجے میں کم از کم 37 افراد ہلاک[/pullquote]

وسطی بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آنے والے ایک بس حادثے کے نتیجے میں کم از کم سینتیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق جس وقت بس نہر میں گری، اس وقت اس بس پر کم از کم پچاس مسافر سوار تھے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ بھارت کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے، جہاں ٹریفک حادثات کی شرح سب سے بلند ہے۔ سن دو ہزار انیس کے دوران اس ملک میں ایک لاکھ اکاون ہزار افراد ایسے حادثات سے ہلاک ہوئے تھے۔ اس طرح ہلاک ہونے والوں کی یومیہ تعداد چار سو چودہ بنتی ہے۔

[pullquote]چین یورپی یونین کا امریکا سے بڑا تجارتی پارٹنر بن گیا[/pullquote]

چین نے گزشتہ برس یورپی یونین کے ساتھ تجارتی شراکت داری میں امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یورپی اعداد و شمار کی ایجنسی یورو اسٹیٹ کے مطابق سن 2020 کے دوران چین کی جانب سے یورپی بلاک کے ساتھ امریکا کے مقابلے میں زیادہ تجارت کی گئی۔ دریں اثناء برطانیہ ای یو سے علیحدگی کے بعد یورپی یونین کا تیسرا بڑا تجارتی پارٹنر ملک رہا۔ یورو اسٹیٹ نے یہ تازہ اعداد و شمار پیر پندرہ فروری کو جاری کیے۔ علاوہ ازیں یورپی بلاک اور چین کے مابین طویل مذاکرات کے ساتھ سرمایہ کاری کے معاہدے طے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ یورپی کمپنیوں کو چینی منڈیوں تک بہتر رسائی حاصل ہو سکے۔

[pullquote]عالمی ادارہٴ صحت نے ایسٹرا زینیکا ویکسین کی منظوری دے دی[/pullquote]

عالمی ادارہٴ صحت ڈبلیو ایچ او نے برطانیہ میں تیار کردہ کورونا ویکسین ایسٹرا زینیکا کی منظوری دے دی ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے منظوری کے بعد اس بات کا قوی امکان ہے کہ غریب ممالک میں بھی کووڈ انیس کی مہلک بیماری کے خلاف یہ مدافعتی ویکسین لگانے کا سلسلہ رواں ماہ کے اختتام پر شروع ہو جائے گا۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ رواں برس کے وسط تک تین سو چھتیس ملین خوراکیں مختلف غریب ملکوں کو فراہم کی جائیں گی۔

[pullquote]شمالی عراق میں امریکی فضائی اڈے پر میزائل حملے[/pullquote]

شمالی عراق کے نیم خودمختار علاقے کردستان کے شہر اربیل میں ایک امریکی فضائی اڈے کو تین راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان میں سے دو راکٹ ایئرپورٹ کی قریبی رہائشی عمارتوں پر گرے جبکہ ایک راکٹ نے براہ راست امریکی اڈے کو نشانہ بنایا۔ عراق میں امریکی اتحادی افواج کے مطابق اس حملے میں ایک سول کنٹریکٹر ہلاک جبکہ دیگر پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں، جن میں ایک امریکی فوجی بھی شامل ہے۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شہریت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ماضی میں امریکا ایسے حملوں کی ذمہ داری ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا گروپوں پر عائد کرتا آیا ہے۔

[pullquote]بنگلہ دیشی ملازمہ کا قتل، سعودی خاتون کو سزائے موت[/pullquote]

سعودی عرب کی ایک عدالت نے بنگلہ دیش کی ایک خاتون ملازمہ کو قتل کرنے کے جرم میں ایک سعودی خاتون کو سزائے موت سنا دی ہے۔ ڈھاکا حکومت کے مطابق بنگلہ دیشی ملازمہ کو تشدد کرتے ہوئے دو سال قبل ہلاک کیا گیا تھا۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق سعودی خاتون کے خاوند اور بیٹے کو قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ ان دونوں کو شواہد مٹانے اور بنگلہ دیشی ملازمہ کو طبی امداد فراہم نہ کرنے جیسے الزامات کا سامنا تھا۔ مجرم خاتون کے خاوند کو متاثرہ بنگلہ دیشی خاندان کو پچاس ہزار ریال ادا کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں اکثر ایسے الزامات سامنے آتے رہتے ہیں کہ وہاں نجی سطح پر غیرملکی ملازمین کا استحصال کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

[pullquote]بھارت، تحفظ ماحول کی کارکن پر ملک کے خلاف سازش کا الزام[/pullquote]

بھارتی پولیس نے ملک میں جاری کسانوں کے احتجاج کے حق میں مواد فراہم کرنے اور ملک کے خلاف سازش کے الزام میں تحفظ ماحول کی ایک خاتون کارکن کو گرفتار کر لیا ہے۔ بائیس سالہ دیشا روی پر الزام ہے کہ انہوں نے دنیا کی مشہور تحفظ ماحول کی کارکن گریٹا تھنبرگ کو وہ مواد فراہم کیا تھا، جو انہوں نے ٹویٹر پر شائع کیا۔ بھارتی حکومت نے دیشا روی اور سویڈش ایکٹیویسٹ دونوں پر سکھ علیحدگی پسندوں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور بھارت کے خلاف عوام کو اکسانے کا الزام عائد کیا ہے۔ دیشا روی ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ دوسری جانب سماجی کارکنوں کی جانب سے دیشا پر لگائے گئے الزامات کی سخت مذمت کی جا رہی ہے۔

[pullquote]میانمار کی فوج احتجاجی مظاہرین کے خلاف سخت اقدامات سے باز رہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے میانمار کی فوج کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جمہوریت کے حق اور فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کے خلاف کوئی بھی سخت کارروائی کرنے سے باز رہے۔ اقوام متحدہ کے ایک ترجمان کے مطابق ایسی کسی بھی کارروائی کے ’شدید نتائج‘ برآمد ہوں گے۔ گزشتہ روز میانمار نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس معطل کرتے ہوئے معاشی سرگرمیوں کے شہر ینگون کی سڑکوں پر ٹینک تعینات کر دیے تھے۔ دوسری جانب سنگاپور نے کہا ہے کہ میانمار کی صورتحال ’خطرناک‘ ہے لیکن فی الحال پابندیوں کی ضرورت نہیں۔ سنگاپور حکومت کے مطابق وہ اس حوالے سے جرمنی سمیت اہم یورپی ممالک سے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]جرمنی، کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید اضافہ[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ ملک کے معتبر ادارے رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید اڑتیس سو سے زائد مریض سامنے آئے ہیں اور اس طرح اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد تئیس لاکھ بیالیس ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ سو اٹھائیس رہی اور اس طرح مجموعی ہلاکتوں کی تعداد پینسٹھ ہزار سے بھی زیادہ بنتی ہے۔ جرمنی میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت لاک ڈاؤن نافذ ہے، جو آئندہ ماہ کے آغاز تک جاری رہے گا۔

[pullquote]ترک حکومت اور کردوں کے درمیان تناؤ میں اضافہ[/pullquote]

شمالی عراق میں تیرہ ترک مغویوں کی ہلاکت کے بعد ترکی اور کردوں کے مابین تناؤ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ترک پولیس نے تقریبا چالیس شہروں میں چھاپے مارتے ہوئے سینکڑوں افراد کو کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کے ساتھ مبینہ روابط کے الزامات کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔ ترک وزارت داخلہ کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں کردوں کی حمایتی اور اپوزیشن جماعت ایچ ڈی پی کے رہنما بھی شامل ہیں۔ مجموعی طور پر سات سو سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ پولیس نے متعدد ہتھیار اور اہم دستاویزات بھی قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے