اتوار : 28 فروری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ميانمار ميں پوليس کا بھرپور کریک ڈاؤن، کئی مظاہرين ہلاک[/pullquote]

ميانمار ميں فوج کی بغاوت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرين پر پوليس کا کريک ڈاؤن آج دوسرے دن شدت اختيار کر گيا۔ جنوبی شہر داوائی ميں تين، باگو ميں دو اور ينگون ميں ايک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ پولیس نے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس، واٹر کینن اور سٹننگ گرینیڈ بھی استعمال کيے۔ مختلف شہروں میں سينکڑوں افراد کو حراست ميں بھی ليا جا چکا ہے۔ حکمران فوجی کونسل اور پوليس کی جانب سے ان ہلاکتوں پر تاحال کوئی رد عمل ظاہر نہيں کيا گيا۔ يہ اطلاع بھی ہے کہ معزول کر دی گئی جمہوری حکومت کی حمايت کی اپيل کرنے پر ميانمار کے اقوام متحدہ میں سفير کو ان کے عہدے سے برطرف کر ديا گيا ہے۔ ميانمار ميں يکم فروری کو فوج نے منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر ليا تھا۔ بعد ازاں ملک گير احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے، جو دن بہ دن شدید ہوتے جا رہے ہیں۔

[pullquote]سعودی تنصيبات پر ميزائل اور ڈرون حملوں کی کوشش، حوثی باغيوں نے ذمہ داری قبول کر لی[/pullquote]

يمن کے حوثی باغيوں نے سعودی عرب پر ناکام حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مزيد حملوں کی دھمکی دی ہے۔ باغيوں کے ترجمان نے اتوار کو اپنے ایک بيان ميں دعویٰ کيا کہ بيلسٹک ميزائل اور پندرہ ڈرون طياروں کی مدد سے حساس سعودی تنصيبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ اس سے قبل سعودی حکام نے دارالحکومت رياض پر حوثی باغيوں کا ايک بيلسٹک ميزائل حملہ ناکام بنانے اور ملک کے جنوبی حصے ميں چار ڈرون طيارے مار گرانے کا دعویٰ کيا تھا۔ يمنی حوثی باغيوں کے سعودی عرب پر حملوں ميں حاليہ دنوں ميں تيزی ديکھی گئی ہے۔ یہ اطلاع بھی ہے کہ باغيوں نے يمن ميں حکومت کے زير کنٹرول تيل سے مالا مال علاقوں پر قبضے کے ليے اپنی کارروائياں تیز کر دی ہيں۔

[pullquote]امريکا اور افغان طالبان کی ڈيل کا ايک سال، طالبان کے نئے مطالبات[/pullquote]

افغان طالبان نے ملک سے تمام غير ملکی افواج کے طے شدہ ڈيل کے تحت مستقل انخلاء کا مطالبہ کيا ہے۔ طالبان نے امريکا کے ساتھ امن ڈيل پر گزشتہ برس انتيس فروری کو دستخط کيے تھے۔ اس مناسبت سے افغان طالبان نے آج بروز اتوار ايک بيان جاری کيا، جس ميں مطالبہ کيا گيا ہے کہ دوحہ معاہدے میں طے شدہ تاریخ يکم مئی تک تمام غير ملکی افواج افغانستان سے چلی جائیں۔ طالبان نے اپنے مزيد ساتھیوں کی رہائی اور عسکریت پسندوں کے نام بليک لسٹ سے خارج کیے جانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ابھی تک اس بيان پر امريکا یا افغان حکومت کا کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا۔

[pullquote]اسرائيلی مال بردار بحری جہاز پر پراسرار دھماکا[/pullquote]

خليج عمان ميں اسرائيل کا ايک مال بردار بحری جہاز ایک دھماکے کے بعد مرمت کے ليے آج اتوار کے روز دبئی کی بندرگاہ میں لنگر انداز ہو گیا۔ امريکی دفاعی اہلکاروں کے مطابق اس دھماکے يا ممکنہ حملے ميں MV Helios Ray نامی جہاز کو معمولی نقصان پہنچا تاہم اس کا عملہ پوری طرح محفوظ ہے۔ يہ واضح نہيں کہ اس جہاز پر جمعے کے دن ہونے والا دھماکا کيسا تھا اور کیوں ہوا۔ سن 2019 ميں بھی خليج عمان ميں چند آئل ٹينکرز پر حملے ہوئے تھے، جن کا الزام ايران پر عائد کيا گيا تھا۔ تاہم ايران نے ان حملوں سے قطعی لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

[pullquote]بنگلہ ديشی حکومت کے ناقد کی جيل ميں ہلاکت، مظاہرے جاری[/pullquote]

بنگلہ ديش ميں ايک معروف مصنف اور حکومت کے ناقد ترپن سالہ مشتاق احمد کی جيل ميں ہلاکت کے بعد مظاہروں کا سلسلہ پر تشدد ہو گيا۔ آج اتوار کو مظاہرين کے خلاف پوليس کارروائی ميں اپوزيشن کے ايک سیاسی رہنما سميت تيس افراد زخمی ہو گئے۔ اپوزيشن کی بنگلہ ديش نيشنلسٹ پارٹی کے حاميوں اور پوليس کے مابين ڈھاکا ميں تصادم کی اطلاعات مليں۔ پوليس کے مطابق مظاہرے غير قانونی ہيں کيونکہ ان کے لیے باقاعدہ اجازت نہيں لی گئی۔ مشتاق احمد جمعرات کو ايک ہائی سکيورٹی جيل ميں انتقال کر گئے تھے۔ انہيں متنازعہ ڈيجيٹل سکيورٹی کے قانون کے تحت دس ماہ پہلے گرفتار کيا گيا تھا۔ امريکا، برطانيہ، فرانس، جرمنی اور کينيڈا سميت تيرہ ممالک کے سفيروں نے مشتاق احمد کی ہلاکت پر تشويش ظاہر کی ہے۔

[pullquote]آسٹريليا ميں چين کی سرمايہ کاری ميں شديد کمی، وجہ بگڑتے تعلقات[/pullquote]

آسٹريليا ميں چينی سرمايہ کاری کے حجم ميں گزشتہ برس دو تہائی کی کمی نوٹ کی گئی۔ آسٹريلین نيشنل يونيورسٹی کے آج اتور کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سن 2020 کے اختتام پر چينی سرمايہ کاری کی ماليت تقريباً آٹھ سو ملين ڈالر رہی۔ سن 2019 ميں يہ 2.05 بلين ڈالر تھی جبکہ سن 2016 میں تو يہ حجم تيرہ بلين ڈالر سے زائد رہا تھا۔ آسٹريليا ميں چينی سرمايہ کاری کی ماليت ميں بتدريج کمی کی ايک وجہ کورونا وائرس کی وبا بھی ہے تاہم زيادہ اہم سبب دونوں ممالک کے بگڑتے ہوئے باہمی تعلقات ہيں۔ چين کے انسانی حقوق سے متعلق ريکارڈ، سکيورٹی امور اور شفافيت پر کينبرا اور بيجنگ حکومتوں کے مابین شديد اختلافات ہيں۔

[pullquote]امريکا کی جانب سے سعودی عرب سے متعلق اہم اعلان متوقع[/pullquote]

سعوی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بارے ميں امريکی انٹيليجنس کی رپورٹ کے اجراء کے بعد صدر جو بائيڈن کل پير کو سعودی عرب کے حوالے سے ایک اہم اعلان کرنے والے ہيں۔ امکان ہے کہ بائيڈن اس رپورٹ کی روشنی ميں رياض حکومت کے ساتھ تعلقات اور مستقبل کے لائحہ عمل کی تفصيلات جاری کريں گے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے ايک اداريے ميں صدر بائیڈن پر تنقيد کی گئی تھی کہ انہيں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ زيادہ سختی کرنا چاہيے تھی۔ اس امريکی رپورٹ ميں الزام عائد کيا گيا تھا کہ خاشقجی کے ترکی میں قتل کے احکامات محمد بن سلمان نے جاری کيے تھے۔ سعودی حکومت اس الزام کو مسترد کرتی ہے۔

[pullquote]ايران کے جنوب مشرقی حصے ميں انٹرنيٹ سروس معطل[/pullquote]

ايران کے جنوب مشرقی حصے ميں انٹرنيٹ سروس کی معطلی کی اطلاعات ہيں۔ انسانی حقوق کے ليے سرگرم کئی تنظیموں نے اتوار کو جاری کردہ ايک مشترکہ بيان ميں کہا کہ ايرانی حکام نے صوبے سيستان بلوچستان ميں انٹرنيٹ تک رسائی معطل کر دی ہے۔ ان تنظیموں کے مطابق اس اقدام کا مقصد وہاں جاری مظاہروں کے خلاف حکومتی کريک ڈاؤن کی تفصيلات پر پردہ ڈالنا ہے۔ رواں ہفتے کے دوران پاکستان کے ساتھ سرحد سے متصل ایرانی علاقوں سے حکام اور مظاہرين کے درميان کئی پر تشدد جھڑپوں کی رپورٹیں ملی تھیں۔

[pullquote]ایتھوپیا میں تيگرائے کی صورتحال پر امريکا کو گہری تشويش[/pullquote]

امريکی وزير خارجہ انتھونی بلنکن نے ايتھوپيا ميں تيگرائے کی صورتحال پر گہری تشويش ظاہر کرتے ہوئے افريقی يونين پر زور ديا ہے کہ وہ اس تنازعے کا حل تلاش کرے۔ بلنکن کا يہ بيان ايمنٹسی انٹرنيشنل کی اس رپورٹ کے ايک دن بعد سامنے آيا ہے، جس ميں الزام عائد کيا گيا ہے کہ اريٹريا کے فوجيوں نے گزشتہ برس نومبر ميں تيگرائے کے سينکڑوں افراد کو قتل کر ديا تھا۔ گزشتہ نومبر ميں ايتھوپيا کے وزير اعظم نے اس شمالی خطے کی سابق حکمران جماعت تيگرائے پيپلز لبريشن فرنٹ کے خلاف کارروائی کا اعلان کر ديا تھا۔ تب سے تيگرائے ميں لڑائی جاری ہے۔

[pullquote]مقتول افغان صحافی کے تین اہل خانہ کو بھی قتل کر دیا گیا[/pullquote]

افغان طالبان نے مغربی صوبے غور ميں ايک مقتول صحافی کے تين اہل خانہ کو بھی قتل کر ديا ہے۔ يہ انکشاف ملک ميں انسانی حقوق کے ليے سرگرم تنظيم AIHRC نے اتوار کے روز کیا۔ ايک نجی ريڈيو اسٹيشن کے ايڈيٹر ان چيف بسم اللہ عادل ايماق کو گزشتہ ماہ نامعلوم حملہ آوروں نے قتل کر ديا تھا۔ پھر گزشتہ جمعرات کو فيروز کوہ نامی شہر ميں حملہ آوروں نے ايماق کے والد کے گھر پر حملہ کرتے ہوئے تين افراد کو قتل کر ديا۔ اس حملے ميں چار افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ تين کو اغواء کر ليا گيا۔ انسانی حقوق کے غیر جانبدار افغان کمیشن AIHRC کے مطابق اس کارروائی ميں طالبان کا ايک کمانڈر ملوث ہے۔ حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ اس خونریز حملے کی تفتيش کرائی جائے۔ افغانستان ميں پچھلے سال میڈیا سے واستہ گيارہ افراد کو قتل کر ديا گيا تھا۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو نیوز[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے