این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ پولنگ روکنے کا حکم

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے این اے 75 ڈسکہ میں 10 اپریل کو دوبارہ الیکشن ملتوی کردیا۔

سپریم کورٹ میں ڈسکہ الیکشن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نوشین افتخار کے وکیل سلمان اکرم راجا نے دلائل دیتے ہوئے عدالت میں ضلع ڈسکہ کا مکمل نقشہ پیش کردیا۔

اس پر عدالت نے کہا کہ آپ نے ایک دن میں بہت زیادہ تیاری کرلی۔

سلمان اکرم راجہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ ڈسکہ شہر میں 76 پولنگ اسٹیشنز ہیں، شہر کے76 میں سے 34 پولنگ اسٹیشنز سے شکایات آئیں، الیکشن کمیشن نے34 پولنگ اسٹیشنزکی نشاندہی کی اور 20 پریزائیڈنگ افسربھی غائب ہوئے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ10 پولنگ اسٹیشنز پرپولنگ کافی دیرمعطل رہی، سوال یہ ہے کہ پولنگ کے دن کون اور کیوں یہ مسائل پیدا کرتا رہا؟ کیا ایک امیدوار طاقتور تھا اس لیے دوسرے نے یہ حرکتیں کروائیں؟

بعد ازاں عدالت نے این اے 75 ڈسکہ میں 10 اپریل کو ہونے والی پولنگ ملتوی کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے کہاکہ موجودہ کیس کے فیصلے میں وقت درکار ہے، سلمان اکرم راجا کے دلائل ابھی جاری ہیں جب کہ نوشین افتخار کے علاوہ باقی فریقین کو بھی سننا ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا پولنگ کا فیصلہ برقرار ہے، فی الحال 10 اپریل کا فیصلہ ملتوی کررہے ہیں۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں بدنظمی اور 2 افراد کی ہلاکت کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقے میں الیکشن کالعدم قرار دیا ہے جس پر پی ٹی آئی امیدوار نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جسے عدالت مسترد کرچکی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے