پیر : 29 مارچ 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روسی ویکسین کا چین میں پیداوار کا معاہدہ[/pullquote]

روس کی تیار کردہ کورونا ویکسین اسپُٹنِک فائیو چین میں بنانے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ روسی کمپنی آر ڈی آئی ایف کے مطابق سمجھوتے کے تحت چین میں کورونا کے ساٹھ ملین سے زائد ٹیکے تیار کیے جائیں گے اور یہ کام مئی سے شروع ہو جائے گا۔ دنیا بھر میں روسی ویکیسن کی مارکیٹینگ آر ڈی آئی ایف کمپنی سرانجام دے رہی ہے۔

[pullquote]کورونا کے خلاف لرائی، چانسلر میرکل کی وفاقی ریاستوں پر تنقید[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے وفاقی ریاستوں کے سربراہان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ میرکل کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کو ایک سخت لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام وفاقی ریاستوں میں ایک جیسے قوانین نافذ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جرمن چانسلر سخت لاک ڈاؤن کی حامی ہیں جبکہ کئی جرمن ریاستوں نے اس کی مخالفت کی ہے۔ جرمن چانسلر نے ان علاقائی حکومتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

[pullquote]جارج فلوئیڈ کی ہلاکت، پولیس والے کے خلاف عدالتی کارروائی شروع[/pullquote]

امریکا میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شخص جارج فلوئیڈ کے ہائی پروفائیل قتل کیس کی کارروائی پیر سے شروع ہونے جا رہی ہے۔ جارج فلوئیڈ پچھلے سال مئی میں ایک سفید فام پولیس والے کی طرف سے حراست میں لیے جانے کے دوران دم توڑ گئے تھے۔ پولیس والے نے انہیں زمین پر لٹا کر کافی دیر تک ان کی گردن اپنے گھٹنے سے دبائے رکھی تھی۔ اس ہلاکت پر امریکا کے کئی شہروں میں نسلی تعصب کے خلاف مظاہرے اور ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔

[pullquote]نہر سوئز میں پھنسا ہوا مال بردار جہاز نکال لیا گیا[/pullquote]

مصری حکام کے مطابق تقریباً ایک ہفتے سے نہر سوئز میں پھنسے ہوئے مال بردار جہاز ’ایور گیوون‘ کو پیر کے روز نکال لیا گیا ہے۔ جہاز کے پھنس جانے کی وجہ سے اس نہر سے گزرنے والے تین سو سے زائد مال بردار جہازوں کی نقل و حمل رک گئی تھی، جس کے باعث عالمی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ سمندر کے راستے عالمی تجارت کا تقریباً بارہ فیصد حصہ نہر سوئز کے راستے سے ہوتا ہے۔ مصر سے گزرنے والی نہر سوئز بحیرہ روم اور بحیرہ احمر کو ملاتی ہے۔ اس نہر کی لمبائی ایک سو ترانوے کلومیٹر (ایک سو بیس میل) ہے۔

[pullquote]میانمار میں فوجی کارروائی، ہزاروں لوگ تھائی لینڈ فرار[/pullquote]

میانمار کی شمال مغربی سرحد پر فوج کی فضائی کارروائیوں کے بعد ہزاروں افراد ہمسایہ ملک تھائی لینڈ فرار ہو گئے ہیں۔ نقل مکانی کرنے والے افراد کا تعلق کیرن نسلی گروہ سے ہے۔ امدادی تنظیم فری برما رینجرز کے مطابق میانمار کی فوج نے اتوار اور پیر کی شب تین فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں چند علیحدگی پسند جنگجو بھی مارے گئے ہیں۔ اتوار کی صبح تین ہزار سے زائد لوگ دونوں ملکوں کے درمیان دریا عبور کر کے تھائی لینڈ میں داخل ہو گئے تھے۔ تھائی لینڈ نے مزید لوگوں کا داخلہ روکنے کے لیے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

[pullquote]ملائیشیا نے سنگاپور کے ساتھ تیز رفتار ریل کا معاہدہ منسوخ کر دیا[/pullquote]

ملائیشیا نے سنگاپور کے ساتھ ہائی اسپیڈ ریل پروجیکٹ منسوخ کرنے کے بعد سینگاپور کو لگ بھگ 76 ملین ڈالر ادا کر دیے ہیں۔ دونوں ملکوں نے اس سال کے شروع میں سترہ ارب ڈالر کے اس منصوبے کو ختم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ ملائیشیا کی حکومت مجوزہ 350 کلومیٹر طویل ریل منصوبے میں تبدیلیاں چاہتی تھی جبکہ سینگاپور نے ان تبدیلیوں کو مسترد کر دیا تھا۔ ملائیشیا کی طرف سے سینگاپور کو یہ خطیر رقم بطور ازالہ فراہم کی گئی ہے۔

[pullquote]آرمینیائی وزیر اعظم نے اپریل میں مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا[/pullquote]

آرمینیائی وزیر اعظم نکلول پشینیان نے اپریل میں مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ تاہم وہ پارلیمانی انتخابات کے انعقاد تک اپنے عہدے پر رہیں گے۔ آرمینیا میں پارلیمانی انتخابات کا انعقاد بیس جون کو ہو گا۔ آرمینیائی وزیراعظم کو آذربائیجان کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے بعد سے شدید دباؤ کا سامنا ہے۔ انہوں نے جنگ بندی کا معاہدہ کرتے ہوئے متعدد علاقے آذربائیجان کے حوالے کر دیے تھے۔ ملک میں اسے شکست سے تعبیر کیا جا رہا تھا، جس کے بعد ان سے مستعفی ہونے اور نئے انتخابات کروانے کے مطالبات بڑھ گئے تھے۔

[pullquote]شام کے لیے امدادی کانفرنس میں اربوں ڈالر کی امید[/pullquote]

شام میں دس سال سے جاری انسانی بحران کے حوالے سے برسلز میں ایک کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے، جس میں بین الاقوامی برادری سے دس ارب ڈالر امداد کی اپیل کی جائے گی۔ ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والی اس کانفرنس میں پچاس ملکوں کے علاوہ تیس امدادی تنظمیں شرکت کریں گی۔ اس نوعیت کی یہ پانچویں کانفرنس ہے۔ توقع ہے کہ کانفرنس میں جرمنی شام کے لیے ایک ارب یورو سے زائد کی امداد دینے کا اعلان کرے گا۔ شام کی خانہ جنگی میں لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ تین لاکھ اٹھاسی ہزار سے زائد مارے جا چکے ہیں۔ امدادی تنظیموں کے مطابق ملک کے اندر اور اس کے ہمسایہ ملکوں میں چوبیس ملین افراد کو خطرات کا سامنا ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا، چرچ پر حملے کے بعد پولیس کے چھاپے[/pullquote]

انڈونیشیا میں اتوار کو کیتھولک مسیحیوں کے ایک چرچ پر خودکش حملے کے بعد پولیس کی طرف سے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے اور پیر کو ایک دوسرے مقام سے دھماکا خیز مواد قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ گزشتہ روز کے بم حملے میں دو حملہ آور ہلاک اور کم از کم انیس افراد زخمی ہو گئے تھے۔ یہ حملہ شہر ماکسّار کے ایک کلیسا کے اندر اس وقت کیا گیا، جب وہاں مسیحی تہوار ایسٹر کے ہفتے کے پہلے دن عبادت کی جا رہی تھی۔ یہ ابھی واضح نہیں کہ اس حملے کے پیچھے کس گروہ کا ہاتھ ہے۔ ماکسّار کا شہر جزیرے سولاویسی پر واقع ہے۔

[pullquote]چیک جمہوریہ کے امیر ترین شخص ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک[/pullquote]

یورپی ملک چیک جمہوریہ کے امیر ترین اور ارب پتی شخص پیٹر کیلنر ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان کے فنانشل گروپ پی پی ایف نے پیر کے روز بتایا کہ یہ حادثہ الاسکا میں پیش آیا ہے۔ پی پی ایف کے مطابق ہیلی کاپٹر پر سوار پانچ دیگر افراد بھی مارے گئے ہیں جبکہ اس حادثے کی وجوہات تلاش کرنے کے لیے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے پانچ دیگر افراد کی شناخت ابھی ظاہر نہیں کی گئی۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو نیوز

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے