بھارت کے ساتھ تجارت کشمیر کی قیمت پر نہیں ہوگی : فواد چوہدری

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ تجارت کشمیر کی قیمت پر نہیں ہوگی، ہم تجارت چاہتے ہیں لیکن بھارت پہلے 5 اگست سے پہلے کی پوزیشن پر جائے۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ نے بھارت کے ساتھ چینی کپاس کی درآمد کی منظوری نہیں دی، بھارت کے ساتھ تجارت کشمیرکی قیمت پر نہیں ہوسکتی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم تجارت چاہتے ہیں لیکن بھارت پہلے 5 اگست سے پہلے کی پوزیشن پر جائے،23 مارچ کے بھارتی وزیر اعظم کے خط کا جواب دیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کورونا کی 2 لہروں کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا،کوشش کررہے ہیں کہ کورونا کی تیسری لہر کا بھی بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ 98فیصد پاکستانیوں کو مفت ویکسین لگائی جائے گی، 2 فیصد لوگ جو لائن میں نہیں کھڑے ہونا چاہتے ان کو قیمت پر ویکسین کی سہولت دیں گے، روسی ویکسین کی قیمت سے متعلق تنازع سندھ ہائی کورٹ میں چل رہا ہے،چینی ویکسین کینسائنو کی قیمت 4 ہزار225 روپے طےکی گئی ہے۔

انہوں نےکہا کہ سندھ ہائی کورٹ کاحتمی فیصلہ آنےکے بعد اسپوٹنک ویکسین کی قیمت بھی مقرر کریں گے،امپورٹر ویکسین تلاش کرکے لاتا ہے تو من مانی قیمت چاہتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے