پیر : 12 اپریل 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]آنگ سان سوچی کے خلاف ایک اور مقدمہ[/pullquote]

میانمار کی فوجی حکومت نے نوبل انعام یافتہ خاتون سیاسی رہنما آنگ سان سوچی کے خلاف قدرتی آفات سے نمٹنے کے قانون کی خلاف ورزی کرنے کا ایک نیا الزام عائد کیا ہے۔ سماعت کے دوران سوچی نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ اپنے وکلاء سے براہ راست ملاقات کرنا چاہتی ہیں۔ تاہم عدالت نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ سوچی کے خلاف پہلے ہی حکومتی راز افشا کرنے کا مقدمہ قائم ہے، جس میں انہیں چودہ برس کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ میانمار میں پہلی فروری کو فوج نے منتخب جمہوری حکومت کو اقتدار سے فارغ کر کے حکومت پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔

[pullquote]انڈونیشیا میں ایک ہفتے میں دوسری قدرتی آفت[/pullquote]

انڈونیشیا کے بڑے جزیرے جاوا پر گزشتہ روز آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہیں۔ 5.9 کی شدت کے اس زلزلے سے ڈیڑھ ہزار کے قریب عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران انڈونیشیا میں یہ دوسری قدرتی آفت ہے۔ قبل ازیں انڈونیشیا کے مشرقی نوسا تینگارا جزیرے پرسیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ڈیڑھ سو کے قریب افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]جبوتی کے قریب سمندر میں کشتی ڈوبنے سے 34 تارکین وطن ہلاک[/pullquote]

جبوتی کے قریب سمندر میں کشتی ڈوبنے سے 34 تارکین وطن ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ بات انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) نے آج پیر کو بتائی ہے۔ ایک ماہ کے دوران یہ دوسرا ایسا حادثہ ہے۔ آئی او ایم کے مشرقی افریقہ کے لیے سربراہ محمد عبدیکر نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ انسانی اسمگلرز ان تارکین وطن کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے جب ان کی کشتی کو یہ حادثہ پیش آیا۔

[pullquote]بھارت ایک بار پھر کورونا سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا[/pullquote]

بھارت برازیل کو پیچھے چھوڑ کر ایک بار پھر کورونا کی وبا سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا ہے۔ پہلے نمبر پر بدستور امریکا ہے جہاں کورونا متاثرین کی تعداد تین کروڑ 12 لاکھ کے قریب ہے جبکہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد پانچ لاکھ 62 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 168,912 نئے کیسز سامنے آئے۔ بھارت میں اب تک ایک کروڑ 35 لاکھ سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ اس کے سبب ہونے والی اموات کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔

[pullquote]مینیاپولس میں ایک اور نوجوان پولیس فائرنگ سے ہلاک[/pullquote]

امریکی شہر مینیاپولیس کے مضافات میں ایک 20 سالہ سیاہ فام امریکی کی پولیس فائرنگ سے ہلاکت کے بعد وہاں ایک بار پھر مظاہرے ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق اس نوجوان کو ٹریفک کی خلاف ورزی پر روکا گیا تو معلوم ہوا کہ اس کے خلاف پہلے ہی وارنٹ موجود ہیں اور جب اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ واپس اپنی کار میں داخل ہونے لگا جس پر ایک پولیس افسر نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ اس واقعے کے بعد سینکڑوں افراد نے پولیس اسٹیشن کے باہر مظاہرہ کیا۔ پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل برسائے۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس افریقی نژاد امریکی جارج فلائیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کا مقدمہ ان دنوں چل رہا ہے۔

[pullquote]نطنز جوہری مرکز پر پیش آنے والے واقعے کا بدلہ لیا جائے گا، جواد ظریف[/pullquote]

ایران نے نطنز جوہری مرکز پر پیش آنے والے واقعے کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے بقول اسرائیل، ایران کی طرف سے پابندیوں کے خاتمے کے سلسلے میں کامیابیوں کا بدلہ لینا چاہتا ہے اور جس کا وہ عوامی طور پر اظہار کر چکا ہے۔ ظریف کے بقول ایران اس کا بدلہ لے گا۔ ایرانی حکام کے مطابق نطنز میں بجلی کے نظام کو نشانہ بنایا گیا تاہم وہاں نا تو کوئی تابکاری خارج ہوئی اور نا ہی عملے کو کوئی خطرہ درپیش ہے۔ اتوار کو ایک اسرائیلی ریڈیو نے بھی انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے ایران کی نطنز میں واقع جوہری تنصیب پر سائبرحملہ کیا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد تیس لاکھ سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

جرمنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13,245 مزید افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اسی دوران کووڈ انیس کے سبب 99 اموات بھی ہوئی ہیں۔ کورونا کی وبا کے آغاز کے بعد سے اب تک جرمنی میں کورونا انفیکشنز کی مجموعی تعداد 3,011,513 ہو گئی ہے جبکہ یہ وائرس اب تک یہاں 78,500 افراد کی جان لے چکا ہے۔ جرمنی اس وقت کورونا کی تیسری لہر کا سامنا کر رہا ہے۔ جرمن طبی حکام کے مطابق اس وقت کووڈ انیس کے 4.581 مریض انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں زیر علاج ہیں۔

[pullquote]روس نے بات چیت کی کوششوں کو رد کر دیا ہے، یوکرائن[/pullquote]

یوکرائن کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یوکرائن کی سرحد پر روسی فوجوں میں اضافے کے معاملے پر کییف حکومت کی طرف سے بات چیت کی کوششوں کو روس نے رد کر دیا ہے۔ یوکرائنی وزارت خارجہ نے روس سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرائنی سرحد سے اپنی فوجیں واپس ہٹائے۔ قبل ازیں وائٹ ہاؤس کی طرف سے یہ کہا گیا تھا کہ 2014ء کے بعد روسی فوجوں کی سب سے بڑی تعداد اس وقت یوکرائنی سرحد پر موجود ہے۔

[pullquote]بھوٹان کورونا ویکسینیشن میں اسرائیل اور امریکا سے بھی آگے[/pullquote]

بھوٹان نے محض 16 دنوں کے عرصے میں اپنی 93 فیصد بالغ آبادی کو کورونا ویکسین لگا دی ہے۔ بھارت اور چین کے درمیان واقع اس ہمالیائی ملک نے 27 مارچ کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا تھا اور مجموعی طور پر اپنی آٹھ لاکھ کی آبادی میں سے 62 فیصد کو یہ ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ اپنی مجموعی آبادی کو ویکسین لگانے کی شرح کے اعتبار سے بھوٹان اب اسرائیل اور امریکا سے بھی آگے نکل چکا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے