اتوار : 13 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی نے کورونا کی وبا والے پُر خطر ممالک، علاقوں کی فہرست مختصر کر دی[/pullquote]

آج اتوار سے وفاقی جرمن حکومت نے متعدد ریاستوں اور خطوں کو ’کورونا کی وبا والے پُر خطر علاقوں کی فہرست‘ سے خارج کر دیا۔ برلن حکومت نے امریکا اور کینیڈا کے ساتھ ساتھ آرمینیا، آذربائیجان بوسنیا، کوسووو، لبنان، مالدووا، مونٹی نیگرو، شمالی مقدونیا، سربیا، یوکرائن اور قبرص کو بھی ’پُر خطر خطوں‘ کی فہرست سے نکال دیا ہے۔ جلد ہی آسٹریا اور کروشیا میں بحیرہ آڈریا کا ساحلی علاقہ خطرناک نہیں سمجھیں جائیں گے۔ ان ممالک سے زمینی راستوں سے جرمنی آنے والوں کے لیے کورونا کی وبا کے حوالے سے کوئی پابندی نہیں ہو گی۔ ہوائی سفر کرنے والوں کو اب بھی کورونا وائرس کی منفی ٹیسٹ رپورٹ دکھانا ہو گی۔

[pullquote]جرمنی کے ترقیاتی امور کے وفاقی وزیر کا مغربی افریقہ کا دورہ[/pullquote]

جرمنی کے وفاقی وزیر برائے ترقیاتی امور گیئرڈ میولر نے آج اتوار سے مغربی افریقہ کے اپنے کئی روزہ دورے کا آغاز کر دیا ہے۔ میولر کے اس دورے کے دوران تمام تر توجہ کورونا وائرس کی وبا کے خلاف جنگ اور اس بیماری کے اقتصادی اور معاشرتی اثرات پر مرکوز رہے گی۔ ان کے دورے کی پہلی منزل ٹوگو ہے، جہاں وہ 30 وینٹیلیٹرز اور سانس میں آکسیجن کا تناسب جانچنے والے پانچ ہزار آلات بطور امداد مقامی حکام کے حوالے کریں گے۔ گیئرڈ میولر سیرا لیئون، گیمبیا اور سینیگال بھی جائیں گے اور ان کا یہ کئی ملکی دورہ آئندہ جمعے کو مکمل ہو جائے گا۔

[pullquote]شمالی شام کے شہر عفرین پر حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد انیس ہو گئی[/pullquote]

شام کے شمالی شہر عفرین کے ایک ہسپتال اور شہری آبادی پر توپ خانے سے گولہ باری کے دو مختلف واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب انیس ہو گئی ہے۔ شامی خانہ جنگی پر نظر رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کی آج اتوار کو جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق ترک فوج کی پشت پناہی میں سرگرم باغیوں کے زیر اثر اس علاقے میں ہلاکت خیز واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ آبزرویٹری نے کہا ہے کہ ہفتے کی شام عفرین میں یہ انیس ہلاکتیں شامی حکومتی فورسز کی طرف سے گولہ باری کے نتیجے میں ہوئیں۔ کم از کم 25 افراد زخمی بھی ہو گئے، جن میں عفرین کے الشفاء ہسپتال کا ایک ڈاکٹر اور طبی عملے کے تین دیگر ارکان بھی شامل ہیں۔

[pullquote]جی سیون سمٹ کا آخری دن: ماحولیاتی آلودگی اور وبائی امراض مرکزی موضوعات[/pullquote]

برطانیہ میں جاری جی سیون سمٹ آج بروز اتوار اختتام پذیر ہونے کو ہے۔ اس سمٹ کے آخری دن موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث درپیش چیلنجز اور وبائی امراض سے نمٹنے کے طریقہ کار جیسے موضوعات کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ دنیا کے سات اہم ترین صنعتی ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ اپنے اپنے ممالک میں 2010ء کے مقابلے میں 2030ء تک ضرر رساں کاربن گیسوں کے اخراج میں تقریباً نصف کمی بھی لانا چاہتے ہیں۔ تین روزہ سمٹ کے دوسرے دن کل ہفتے کو چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے جواب میں جی سیون ممالک میں ایک نئے منصوبے پر اتفاق بھی ہو گیا۔ ’نیو سلک روڈ‘ نامی چینی منصوبے کے مقابلے میں ایک ایسے نئے انفراسٹرکچر منصوبے پر اتفاق رائے ہو گیا، جس کے تحت ترقی پذیر ممالک میں سینکڑوں ارب ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

[pullquote]میرکل کا شمالی آئرلینڈ کے لیے بریگزٹ دور کے بعد تجارت سے متعلق عملی حل کا مطالبہ[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے ایک دوطرفہ ملاقات کی ہے۔ جی سیون اجلاس کے موقع پر اس ملاقات میں انگیلا میرکل نے شمالی آئرلینڈ سے متعلق ’پوسٹ بریگزٹ ٹریڈ‘ کے لیے ایک بہتر عملی حل پیش کیے جانے کا مطالبہ کیا۔ جرمن چانسلر کا یہ مطالبہ برطانیہ کی طرف سے اس انتباہی بیان کے بعد سامنے آیا، جس میں لندن نے کہا تھا کہ اگر یورپی یونین نے بریگزٹ معاہدے میں ترمیم سے انکار کر دیا، تو طے شدہ پروٹوکول کی معطلی میں کسی ہچکچاہٹ سے کام نہیں لیا جائے گا۔

[pullquote]ڈینش فٹ بالر ایرکسن کی حالت اب تسلی بخش ہے[/pullquote]

یورپی فٹ بال چیمپین شپ یورو ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے ڈنمارک اور فن لینڈ کے مابین ایک میچ کے دوران بے ہوش ہو جانے والے ڈینش ٹیم کے کھلاڑی کرسٹیان ایرکسن کی حالت اب مستحکم ہے۔ انتیس سالہ ایرکسن ہفتے کی رات اس میچ کے پہلے ہاف کی تکمیل سے کچھ دیر پہلے غش کھا کر گراؤنڈ میں ہی گر گئے تھے۔ میچ فوری طور سے روک دیا گیا تھا اور ایرکسن کو فوری طبی امداد دے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ میچ تقریباً دو گھنٹے تک تعطل کا شکار رہا۔ ڈینش ٹیم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایرکسن کی حالت اب مستحکم اور تسلی بخش ہے، وہ ہوش میں ہیں اور ان کے طبی معائنوں کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]فرانس میں دائیں بازو کی انتہا پسندی کے خلاف ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر[/pullquote]

فرانس میں ایسے ہزارہا شہریوں نے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں میں حصہ لیا، جن کا کہنا ہے کہ ملک میں دائیں بازو کے انتہا پسندوں کا اثر و رسوخ بڑھتا جا رہا ہے۔ اس ’آزادی مارچ‘ کی اپیل فرانسیسی ٹریڈ یونینوں کے علاوہ بائیں بازو کی سو سے زیادہ تنظیموں نے کی تھی۔ مظاہرین نے ’خطرناک سیاسی اور سماجی ماحول‘ کے ساتھ ساتھ نسل پرستی اور سامیت دشمن حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مذمت کی۔ منتظمین نے ان مظاہروں میں دارالحکومت پیرس میں 70 ہزار اور فرانس بھر میں کُل ڈیڑھ لاکھ افراد کی شرکت کا اندازہ لگایا تھا۔ تاہم پولیس اور ملکی وزارت داخلہ کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں کیے گئے ان مظاہروں میں تقریباﹰ 40 ہزار شہریوں نے شرکت کی۔

[pullquote]کینیڈا میں ٹرک حملے میں ہلاک ہونے والے پاکستانی نژاد شہریوں کی آخری رسومات[/pullquote]

کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے شہر لندن میں ایک ٹرک سے کیے گئے حملے میں ہلاک ہونے والے پاکستانی نژاد خاندان کے ارکان کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔ ہفتے کے روز ان ہلاک شدگان کی نماز جنازہ اور تدفین میں مختلف رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والوں ہزاروں افراد کے علاوہ کینیڈین حکام نے بھی شرکت کی۔ شہر کے اسلامک سینٹر کے قریب ایک بہت بڑی پارکنگ اور ایک فٹ بال میدان میں ایک نجی تقریب کا انعقاد ہوا، جس دوران چاروں ہلاک شدگان کے کینیڈا کے پرچم میں لپٹے تابوت وہاں رکھے گئے تھے اور ہزاروں سوگواروں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ کینیڈا میں پاکستانی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ ہلاک شدگان کے تابوتوں کا کینیڈین پرچم میں لپیٹا جانا ثابت کرتا ہے کہ پوری کینیڈین قوم اس المناک سانحے میں متاثرہ گھرانے کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس حملے میں زندہ بچ جانے والا واحد، نو سالہ لڑکا شدید زخمی اور ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

[pullquote]الجزائر کے پارلیمانی انتخابات میں ووٹروں کی شرکت کا تناسب بہت کم[/pullquote]

شمالی افریقی ملک الجزائر میں کل ہفتے کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رائے دہندگان کی شرکت کا تناسب صرف تیس اعشاریہ دو فیصد رہا۔ الجزائر میں یہ انتخابات طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے والے عبدالعزیز بوتفلیقہ کے دور صدارت کے خاتمے کے ٹھیک دو سال بعد ہوئے۔ اس الیکشن سے پہلے انتخابی مہم کے دوران بڑے پیمانے پر گرفتاریوں اور بائیکاٹ کے مطالبات کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ ووٹروں کی بہت کم شرکت کے سبب رائے دہی کے لیے مقررہ وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ بھی کر دیا گیا تھا۔ اس الیکشن کے سرکاری نتائج کا اعلان شاید آج اتوار کو کر دیا جائے۔

[pullquote]ماسک کے بغیر تقریب میں شرکت پر برازیل کے صدر کو پھر جرمانہ[/pullquote]

برازیل کے صدر جیئر بولسونارو کو کورونا حفاظتی ماسک کے بغیر ایک تقریب میں شرکت کرنے پر ایک بار پھر جرمانہ کر دیا گیا ہے۔ اس مرتبہ انہیں جرمانے کے طور پر 90 یورو کے برابر قم ادا کرنا پڑے گی کیونکہ انہوں نے ساؤ پاؤلو میں ہزاروں شرکاء والی ایک موٹرسائیکل ریلی میں شرکت کی مگر اس موقع پر طے شدہ حفاظتی ضابطوں کو نظر انداز کیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق صدر بولسونارو کے بیٹے ایڈوآرڈو اور بنیادی ڈھانچے کے ملکی وزیر تارسیسیو گومیز کو بھی جرمانے کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

[pullquote]سات بڑے صنعتی ممالک کی طرف سے کورونا ویکسین شیئرنگ کا خیر مقدم[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے انگلینڈ میں جاری جی سیون سمٹ میں شریک ممالک کی طرف سے کورونا ویکسین شیئرنگ کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس گیبرائسس نے اس بارے میں اعلامیے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو کورونا ویکسین کی زیادہ اور تیز رفتار فراہمی کی ضرورت ہے۔ انگلینڈ میں جاری جی سیون سمٹ کے پہلے روز برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ سات کے گروپ نے کورونا ویکسین کی کم از کم ایک بلین خوراکوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے، جن میں سے نصف امریکا اور سو ملین خوراکیں برطانیہ اگلے سال تک فراہم کرے گا۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے اپنے ایک بیان میں زور دے کر کہا ہے کہ جی سیون کے جرمنی میں اگلے برس ہونے والے آئندہ سربراہی اجلاس تک عالمی آبادی کے 70 فیصد حصے کی کورونا ویکسینیشن ہو جانا چاہیے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے