پیر : 14 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چین دشمن نہیں مگر سکیورٹی مسائل پیدا کر رہا ہے، نیٹو[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس سٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ چین نیٹو کا دشمن نہیں مگر سیاسی، اقتصادی اور عسکری محاذوں پر اس کو جواب دینا ضروری ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ نیٹو کے اجلاس میں چین کے حوالے سے نئی حکمتِ عملی وضع کی جا رہی ہے۔ نیٹو اجلاس کے موقع پر برسلز میں اسٹولٹن برگ نے کہا کہ چین ہر محاذ میں نیٹو کے قریب پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین مغربی اقدار سے میل نہیں کھاتا اس لیے اس کی طاقت کا مشترکہ انداز سے جواب دینا ضروری ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ چین دشمن نہیں ہے۔

[pullquote]امریکی صدر جو بائیڈن روس کو ’سخت پیغام‘ دیں گے، جانسن[/pullquote][pullquote]

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن رواں ہفتے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو چند ’سخت پیغامات‘ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ روس اور برطانیہ کے تعلقات میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔ نیٹو اجلاس سے قبل جانسن کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ پرامید رہتے ہیں کہ روس کے ساتھ تعلقات بہتر ہوں، تاہم حالات اس سے مختلف ہیں۔ جانسن نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ آئندہ چند روز میں صدر بائیڈن صدر پوٹن کو چند سخت پیغامات دیں گے۔

[pullquote]چین سے مقابلہ بڑھتا جا رہا ہے، ایئربس بورڈ ڈائریکٹر[/pullquote][/pullquote]

مسافربردار طیارہ ساز ادارے ایئربس کے ڈائریکٹر رینے اوبرمان نے خبردار کیا ہے کہ طیارہ سازی کے شعبے میں چین کے ساتھ مقابلہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ جرمن اخبار ہانڈلزبلاٹ کے ساتھ بات چیت میں اوبرمان نے کہا کہ ہوابازی کی صنعت جدید ٹیکنالوجی سے بے حد متاثرہ ہے اور ایسے میں نئے طیارہ سازوں کا مارکیٹ میں آنا حالات مشکل بنا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ چین نے ایئربس کے اے تھری ٹوئنٹی طیارے جیسا طیارہ سی نائن ون نائن تیار کیا ہے اور یہ طیارہ اس وقت جانچ کے عمل سے گزر رہا ہے۔ سی نائن ون نائن نے سن 2017 میں پہلی پرواز مکمل کی تھی۔

[pullquote]جی سیون کی جانب سے ہانگ کانگ معاملے پر تنقید، چین برہم[/pullquote]

چین نے پیر کے روز الزام عائد کیا ہے کہ جی سیون کے ممالک "سیاسی دھوکا دہی” میں ملوث ہیں۔ اس سے قبل جی سیون نے سینکیانگ اور ہانگ کانگ میں انسانی حقوق کے معاملے میں بیجنگ حکومت کے کردار پر تنقید کی تھی۔ انگلینڈ میں منعقدہ تین روزہ جی سیون اجلاس میں امریکی صدر جو بائیڈن نے چین سے کہا تھا کہ وہ انسانی حقوق کے معاملے میں بین الاقوامی اقدار کی پاسداری کرے۔ لندن میں قائم چینی سفارت خانے کی جانب سے پیر کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جی سیون ممالک چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور سیاسی دھوکا دہی سے باز رہیں۔ واضح رہے کہ انسانی حقوق کے اداروں کا کہنا ہے کہ بیجنگ حکومت مغربی صوبے سینکیانگ میں ایغور نسل مسلمانوں سے متعلق انسانی حقوق کی شدید نوعیت کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔

[pullquote]میانمار میں حراست میں لیا گیا امریکی صحافی رہا[/pullquote]

میانمار میں حراست میں لیے گئے ایک امریکی صحافی کو پیر کے روز رہا کر دیا گیا ہے۔ امریکی شہری ناتھن ماؤنگ کے خلاف عائد کردہ الزامات پولیس نے واپس لے لیے جس کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔ ماؤنگ کے وکیل نے بتایا کہ ان کا موکل منگل کے روز امریکا روانہ ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ یکم فروری کو میانمار کی فوج نے ملکی اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا اور تب سے اب تک جمہوریت پسندوں کے خلاف سخت آپریشن جاری ہے۔

[pullquote]اسرائیل میں وسیع تر اتحادی حکومت قائم، نیتن یاہو کا اقتدار ختم[/pullquote][pullquote]

اسرائیل میں اتوار کے روز متعدد سیاسی جماعتوں کے ایک وسیع تر اتحاد نے 12 برس سے وزیراعظم کے عہدے پر فائز بینجمن نیتن یاہو کے اقتدار کا خاتمہ کر دیا ہے۔ اتوار کو قانون سازوں نے دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے قوم پرست رہنما نفتالی بینیٹ کی وزارت عظمیٰ کے حق میں ووٹ دیا۔ 71 سالہ نیتن یاہو نے ووٹنگ سے قبل کہا کہ اگر اپوزیشن میں بیٹھنا ہی قسمت میں لکھا ہے، تو وہ سر اٹھا کر اپوزیشن کریں گے اور اس حکومت کا خاتمہ کر کے دوبارہ ملک کے اقتدار تک پہنچ جائیں گے۔ واضح رہے کہ اسرائیل میں نظریاتی طور پر مختلف آٹھ جماعتوں نے اتحاد قائم کر کے اسرائیلی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک وزیراعظم رہنے والے نیتن یاہو کے اقتدار کا خاتمہ کیا ہے۔

[pullquote]اردن میں شاہ عبداللہ دوئم کے دو قریبی ساتھیوں پر بغاوت کا مقدمہ[/pullquote]

اتوار کے روز اردن کی ریاستی سلامتی کی عدالت میں استغاثہ نے شاہ عبداللہ دوئم کے دو قریبی ساتھیوں کے خلاف باقاعدہ طور پر بغاوت کی فرد جرم عائد کر دی ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں شاہ کے بھائی حمزہ اور دیگر دو رفقاء کو نظر بند کیا گیا تھا۔ ان افراد پر الزام تھا کہ انہوں نے غیرملکی مدد کے ذریعے ریاست کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کی۔ بتایا گیا ہےکہ ان میں سے دو افراد کے خلاف مقدمے کی کارروائی آئندہ چند روز میں شروع ہو جائے گی۔

[pullquote]جوہری ہتھیاروں میں کمی رک گئی اور ہتھیار جدید تر، سپری[/pullquote][/pullquote]

سویڈن میں قائم ادارے سپری کے مطابق سن 1990 کی دہائی سے دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں کمی کا جو رجحان جاری تھا، وہ رک گیا ہے بلکہ اس میں اضافے کے اشارے مل رہے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق امریکا، روس، برطانیہ، فرانس، چین، بھارت، پاکستان، اسرائیل اور شمالی کوریا کے پاس سن 2021 کے آغاز پر تیرہ ہزار اسی ایٹم بم تھے۔ سپری کے مطابق اس تعداد میں اپنی مدت پوری کر چکے ہتھیار شامل ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں فعال اور قابل استعمال جوہری ہتھیاروں کی کل تعداد نو ہزار تین سو اسی سے نو ہزار چھ سو بیس کے درمیان ہے۔

[pullquote]بھارت میں کورونا وائرس کے ستر ہزار سے زائد نئے کیسز[/pullquote][pullquote]

بھارت میں پیر کے روز بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ستر ہزار چار سو اکیس افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص کی گئی۔ وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد انتیس اعشاریہ پانچ ملین سے بڑھ چکی ہے جب کہ اس وبا کے نیتجے میں ہونے والی مجموعی ہلاکتیں تین لاکھ چوہتر ہزار پانچ ہو چکی ہیں۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز بھارت میں تین ہزار نو سو اکیس افراد اس وبا کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔

[pullquote]حوثیوں کا مسلح ڈرون سعودی عرب میں ایک اسکول میں آن گرا[/pullquote]

سعودی عرب کے مطابق حوثی باغیوں کا ایک مسلح ڈرون سعودی صوبے عسیر کے ایک اسکول میں آن گرا۔ سعودی خبر رساں اداروں نے شہری دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس واقعے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ سعودی بیان کے مطابق یہ ڈرون ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے حملے کے لیے سعودی عرب میں داخل کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ یمن میں متحرک ایران نواز حوثی باغی سعودی عرب پر کئی ڈرون حملے کر چکے ہیں۔ یمن میں سن 2014 سے جاری خانہ جنگی میں اب تک ایک لاکھ تیس ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یمنی خانہ جنگی کو دنیا کا بدترین انسانی المیہ قرار دیا جاتا ہے۔

[pullquote]امریکی خفیہ دستاویز، جنگی مجرم توجو کی باقیات کا معمہ حل[/pullquote][/pullquote]

دوسری عالمی جنگ کے دوران جاپانی وزیراعظم ہدیکی توجو کی باقیات کا مقام ایک معمہ تھا، تاہم امریکی فوج کی خفیہ دستاویزات کے ذریعے اس سوال کا جواب مل گیا ہے۔ بتایا گیا ہےکہ امریکی بندرگاہ پرل ہاربر پر حملے کے ماسٹر مائنڈ کہلانے والے جاپانی وزیراعظم توجو کی راکھ کو ایک امریکی جنگی طیارے کے ذریعے بحرالکاہل میں پھینکا گیا تھا۔ امریکی خفیہ دستاویزات کے مطابق توجو کی باقیات کو ایک انتہائی خفیہ مشن کے ذریعے جاپانی شہر یوکوہاما کے ساحل سے تین میل دور سمندر میں گرایا گیا تھا۔ یہ بات اہم ہے کہ توجو کے علاوہ چھ دیگر جاپانی حکام کو 1948 میں جنگی جرائم کے الزامات کے تحت پھانسی دی گئی تھی۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے