حالیہ دنوں میں ہونے والی شادیوں کے بارے میں کچھ ایسی خبریں جنہیں پڑھ کر آپ سٹپٹا جائیں گے .

[pullquote]بیوی مخنث ہے، شوہر نے بیوی سمیت سسرالیوں کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا[/pullquote]

بھارت میں شادی کے کچھ روز بعد ہی ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جس کے بعد بھارتی شہری اہلیہ اور سسرال والوں کے خلاف مقدمہ درج کروانے پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شخص کی جانب سے اپنی اہلیہ، ساس سسر اور شادی میں شامل دیگر فریقین کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس کی شادی ایک مخنث سے کروائی گئی۔

رپورٹ کے مطابق کانپور کے رہائشی شہری نے اپنی شادی کے 2 ماہ بعد بیوی سمیت سسرال والوں اور شادی میں شامل دیگر فریقین کے خلاف مقدمہ درج کروایا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ شادی کے وقت سسرالیوں کی جانب سے دھوکا دیا گیا۔

شہری کا دعویٰ ہے کہ بیوی کے طبی معائنے کےبعد پتا چلا کہ وہ خاتون کے بجائے مخنث ہے۔

بھارتی پولیس کے مطابق درخواستگزار نے سسرال والوں سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے جس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی میڈیا رپورٹس میں بتایا جاچکا ہے انڈونیشا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے شادی کے دو روز بعد ہی اس وقت بیوی کو طلاق دے دی جب اسے پتا چلا کہ ان کی بیوی دراصل مرد ہے۔

[pullquote]دُلہن نے سسرال پہنچتے ہی دولہا کو تھپڑ رسید کردیا[/pullquote]

شادی کے کچھ عرصے بعد میاں بیوی کے مابین لڑائی جھگڑے تو معمول سی بات ہے لیکن سسرال پہنچتے ہی شوہر کو تھپڑ مار کر واپس میکے آجانا غیر معمولی بلکہ کسی بھی لڑکی کے لیے ناممکن سا عمل ہے ۔

بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر جونپورسے تعلق رکھنے والی لڑکی نے سسرال پہنچتے ہی شوہر کو تھپڑ مارا اور پھر میکے واپس آگئی۔

دلہن کا دولہے کو تھپڑ مارنے کا واقعہ جونپور کے لواین گاؤں میں پیش آیا جہاں دلہن نے سسرال پہنچ کر گاڑی سے اترتے ہی دولہا کو تھپڑ مارا اور پھر اپنا عروسی لباس تبدیل کرکے واپس میکے چلی گئی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دلہن کے سسرال پہنچتے ہی دولہا کو تھپڑ مارنے اور پھر واپس میکے آجانے کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی، سسرال والوں سے جب یہ معاملہ حل نہ ہوسکا تو پولیس کو اطلاع دی گئی لیکن پولیس بھی معاملے کو سلجھا نہ سکی۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہےکہ دلہن کو شادی کے روز ہی دولہا کے کسی اور لڑکی کے ساتھ معاشقے کا علم ہوا جس پر اس نے رد عمل کا اظہار کیا۔

[pullquote]محبوبہ سے شادی کیلئے جعلی مسلمان بننے والا ہندو دولہا پکڑا گیا[/pullquote]

بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک ہندو دولہے نے اپنی مسلمان محبوبہ سے شادی کی خاطر اس کے گھر والوں سے جھوٹ بولا لیکن اس کا جھوٹ آخر میں پکڑ ا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس جوڑے کی دوستی سوشل میڈیا پر ہوئی جس کے بعد بات شادی تک پہنچ گئی جب کہ لڑکی کو معلوم تھا کہ اس کا ہونے والا شوہر مسلمان نہیں بلکہ ہندو ہے تاہم دونوں نے فیصلہ کیا کہ لڑکی کے گھر والوں سے یہ راز رکھا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق بھانڈا اس وقت پھوٹا جب مسلمانوں کے رسم و رواج کے مطابق ہونے والی شادی میں دولہے کو اردو بولتے سنا گیا، کچھ الفاظ لڑکا صحیح طریقے سے ادا نہیں کررہا تھا جس پر لڑکی والوں کو شک ہوا، بعدازاں شناختی کارڈ دیکھنے پر انکشاف ہوا کہ دولہا ہندو ہے۔

لڑکی کے گاؤں والوں نے لڑکے اور اس کے دوستوں کو موقع سے فرار ہوتے ہوئے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

رپورٹ کے مطابق لڑکی اور لڑکے کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا جہاں دلہن نے اعتراف کیا کہ وہ لڑکے کے مذہب کے بارے میں جانتی تھی۔

[pullquote]شادی کے اسٹیج پر دلہے کی ماں کے ہاتھوں چپل سے پٹائی[/pullquote]

بھارت میں ہونے والی شادیاں مختلف رسومات سمیت مختلف حادثات کی بناء پر بھی اکثر و بیشتر خبروں کی زینت بنی نظر آتی ہیں، انہی میں سے ایک واقعہ ان دنوں انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں والدہ کو اسٹیج پر چڑھ کر سیکڑوں مہمانوں کے سامنے دلہا کی چپل سے پٹائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک گاؤں میں دلہا دلہن کی اسٹیج پر ایک دوسرے کو ہار پہنانے کی تقریب کے دوران پیش آیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہا دلہن ایک خوبصورت سن فلاور اسٹائل میں تیار کیے گئے اسٹیج پر ایک دوسرے کو ہار پہنانے میں مصروف تھے کہ اچانک دلہے کی ماں نے اسٹیج پر چڑھ کر پہلے توڑ پھوڑ کی اور پھر چپل اتار کر دلہے بنے بیٹے کو مہمانوں کے سامنے مارنا شروع کر دیا۔

شادی میں شریک چند مہمانوں نے آگے بڑھ کر خاتون کو زبردستی اسٹیج سے اتارا، بعد ازاں ویڈیو میں خاتون کو شادی کی تقریب سے جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق والدہ کی دلہا بنے بیٹے پر تشدد کی اصل وجہ سامنے نہیں آسکی ہے تاہم بتایا جا رہا ہے کہ والدہ بیٹے کی دوسری ذات کی لڑکی سے شادی پر ناخوش تھی، بیٹے نے خاندان کی مرضی کے خلاف جاکر انکیتا نامی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی۔

کورٹ میرج کے 3 ماہ بعد لڑکی کے والد نے فیصلہ کیا کہ بیٹی اور داماد کی شادی کی تمام رسمیں مقامی ہال میں ادا کی جائیں گی اور جب اس شادی کی خبر لڑکے کی ماں کو ہوئی تو انھوں نے ہال پہنچ کر اپنے بیٹے کو چپل سے مارنا شروع کر دیا۔

[pullquote]دولہے کی نظر کیوں کمزور ہے؟ دلہن کا شادی سے انکار[/pullquote]

بھارتی ریاست اترپردیش کی تحصیل اورایا میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا کہ دلہن نے دولہا کی نظر کمزور ہونے کے باعث شادی سے انکار کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمال پور گاؤں سے تعلق رکھنے والی دلہن ارچنا کی شادی بنشی گاؤں کے شیوم نامی شخص سے طے پائی تھی لیکن شادی کے روز ارچنا نے شادی کرنے سے منع کر دیا۔

شادی کے دن دلہن اور اس کی ایک رشتہ دار نے دیکھا کہ شیوم نے چشمہ پہن رکھا ہے جس پر انہیں اس کی نظر کمزور ہونے کا شک ہوا، انہوں نے دولہے سے مطالبہ کیا کہ نظر کے چشمے کے بغیر اخبار پڑھو۔

اس ٹیسٹ میں دولہا ناکام ہوگیا جس کے بعد دلہن نے شادی سے انکار کرتے ہوئے یہ مؤقف اپنایا کہ انہیں اس حوالے سے پہلے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔

دلہن کے والد ارجن سنگھ کے مطابق انہیں اندازہ نہیں تھا کہ شیوم کی نظر اس حد تک کمزور ہوگی۔

تاہم ارچنا کے گھر والوں نے دولہا سے تمام نقدی اور موٹرسائیکل واپس دینے کا مطالبہ کیا جو انہوں نے بطور جہیز اپنی بیٹی کو دیا تھا جس پر دولہا کے گھر والوں نے مطالبہ ماننے سے انکار کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق جہیز واپس کرنے سے انکار پر دلہن کے رشتہ داروں نے شیوم اور اس کے گھر والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے