ملالہ کی امریکی صدارتی امیدوار ٹرمپ پر تنقید

پاکستان کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے مسلمانوں کے خلاف امریکی صدارت کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے نفرت انگیز بیان کی مذمت کر دی۔

ملالہ نے اے ایف پی سے گفتگو میں ری پبلکن امیدوار کے حالیہ متنازع بیانات کے حوالے سے کہا ’دوسروں کیلئے ایسے امتیازی نظریات پر مبنی نفرت انگیز بیانات انتہائی افسوس ناک ہیں‘۔

کیلی فورنیا میں ایک مسلمان جوڑے کی فائرنگ سے 14 ہلاکتوں کے بعد ٹرمپ نے مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا، جس پر انہیں دنیا بھر میں زبردست تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

برمنگھم میں ایک تقریب سے خطاب میں ملالہ کے والد ضیاء الدین یوسف زئی نے بھی ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’1.6 ارب مسلمانوں کو کچھ دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ جوڑنا بہت ناانصافی ہے‘۔

ملالہ اور ان کے اہل خانہ کی جانب سے منعقدہ اس تقریب میں سانحہ اے پی ایس میں بچ جانے والے دو طالب علموں احمد نواز اور محمد ابراہیم نے بھی حصہ لیا۔

اس موقع پر ملالہ نے گزشتہ سال سانحہ اے پی ایس اور پیرس حملوں میں 130 ہلاکتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا اگر دہشت گردی ختم کرنا ہے تو پھر ہمیں انتہائی اعلی درجے کی تعلیم چاہیے تاکہ دہشت گردوں کے ذہنوں کو تبدیل کرتے ہوئے ان کے دلوں میں نفرت ختم کی جا سکے۔

تقریب کے دوران نواز نے سانحہ اے پی ایس کے کچھ دہشت ناک لمحات بھی یاد کیے۔

ضیاء الدین نے بتایا کہ سانحہ والے دن وہ اور ان کی بیوی ٹی وی پر سب کچھ دیکھ کر روتے رہے۔’وہ سب ناقابل برداشت تھا۔ ٹی وی پر سب کچھ دیکھنا بہت مشکل تھا۔ ہمیں اپنی تکلیفیں یاد آ گئیں‘۔

’ہم لوگوں کو بددعا نہیں دیتے کیونکہ یہ ٹھیک نہیں۔ ہم نے ملالہ پر حملہ ہونے کے بعد بھی طالبان کو بد دعا نہیں دی۔ لیکن سانحہ پشاور والے دن ہم سے رہا نہیں گیا اور ہم نے بد دعا دی‘۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے