کراچی آپریشن ہر صورت جاری رہے گا: گورنر سندھ

ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی جس میں شہر میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر ہاؤس کراچی میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر بلال اکبر نے گورنر ڈاکٹرعشرت العبادخان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کراچی میں امن و امان کی صورت حال اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں حکومت کی جانب سے منظور کرائی گئی قرار داد کے بعد آپریشن پر پڑنے والے اثرات پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے شہر میں امن و امان کے لئے رینجرز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ہماری بقا کی جنگ لڑرہی ہیں اور اس وقت غیر معمولی صورتحال ہے ایسے میں آپریشن روکنے کے متحمل نہیں ہوسکتے ہیں لہذا کراچی آپریشن میں کمی آئے گی نہ سست ہوگا بلکہ ہر صورت جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری رہے گا جب کہ سیاسی وعسکری قیادت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور جرائم کے خاتمے کے لیے قوم بھی یکجا ہے۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ آپریشن سے متعلق پیدا ہونے والا تاثر غلط ہے جب کہ حکومت اور قوم سیکیورٹی فورسز کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار ہے۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات کو محدود کرنے کے لئے گزشتہ روزسندھ اسمبلی سے ایک قرارداد منظور کرائی تھی جس کی ایم کیو ایم سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے مخالفت کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے