محمد عامر کی پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی

اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ اور پابندی کا سامنا کرنے والے کرکٹر محمد عامر کو دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کی قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کر لیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی اس نوجوان کھلاڑی کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

گزشتہ سال ہی محمد عامر پر عائد پابندی کا خاتمہ ہوا تھا لیکن انھیں قومی ٹیم میں دوبارہ شامل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کرکٹ کے حلقوں میں متضاد آرا پائی جاتی رہی۔

جمعہ کو قومی ٹیم کے لیے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران دورہ نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ٹیم کا انتخاب کرتی ہے جب کہ پالیسی یا دیگر انتظامی معاملات پر فیصلے پاکستان کرکٹ بورڈ کرتا ہے۔

"کرکٹ بورڈ نے جو بھی فیصلے کیے ہیں عامر سے متعلق وہ آپ کے سامنے ہیں، ساری چیزیں کلیئر ہو چکی ہیں اور میرا خیال ہے کہ سلیکشن کمیٹی کو محمد عامر سلیکشن کے لیے دستیاب تھا۔”

محمد عامر کو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل تو کیا گیا ہے لیکن ہارون رشید کا کہنا تھا کہ حتمی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ محمد عامر کو نیوزی لینڈ کا ویزہ ملنے پر ہی کیا جائے گا۔

نیوزی لینڈ کے قوانین کے مطابق کسی بھی سزا یافتہ شخص کو اس ملک کا ویزہ جاری نہیں کیا جاتا۔

دریں اثناء ایک عرصے سے فٹنس کے مسائل سے دوچار فاسٹ باؤلر عمر گل کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

انھوں نے گزشتہ سال کے اوائل میں بنگلہ دیش کے خلاف قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی لیکن ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی۔

پاکستانی ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ 15 جنوری سے شروع ہو رہا ہے جس میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلیں جائیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں احمد شہزاد، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شعیب ملک، عمر اکمل، افتخار احمد، شاہد آفریدی، عماد وسیم، انور علی، عامر یامین، سرفراز احمد، وہاب ریاض، عمر گل، محمد رضوان، سعد نسیم اور محمد عامر شامل ہیں۔

ون ڈے اسکواڈ میں احمد شہزاد، اظہر علی، محمد حفیظ، شعیب ملک، اسد شفیق، بابر اعظم، صہیب مقصود، ظفر گوہر، عماد وسیم، انور علی، سرفراز احمد، وہاب ریاض، راحت علی، محمد عرفان، محمد رضوان اور محمد عامر شامل ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے