لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف میدان مارلیا

شارجہ: لاہور قلندرز نے کیمرون ڈیل پورٹ کی شاندار کارکردگی کے بدولت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 15 ویں میچ میں پشاور زلمی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کی امیدیں بحال کردی.

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں شاہد آفریدی نے ٹاس جیتا اور ٹورنامنٹ میں صرف ایک کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی.

قلندرز کے اوپنر کرس گیل نے ٹورنامنٹ میں ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور ایک گیند کھیل کر صفر پر جنید خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، گیل امپائر کے بدقسمت فیصلے کا شکار رہے کیونکہ ٹی وی ری پلے میں گیند کووکٹوں سے باہر جاتے ہوئے واضح طورپر دیکھا جاسکتا تھا.

کیمرون ڈیل پورٹ اور کپتان اظہرعلی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 53 رنز کا اضافہ کیا اور 57 کے اسکور پر اظہر علی 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.

عمراکمل نے ڈیل پورٹ کا بھر پور ساتھ دیا اور تیسری وکٹ میں بہترین شراکت قائم کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو اچھی پوزیشن پر لا کھڑا کردیا دونوں بلے بازوں نے آخری اوورز میں گراؤنڈ کے چاروں طرف شارٹس کھیلے.

ڈیل پورٹ آخری اوور میں 158 کے اسکور پر 61 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 78 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.

عمر اکمل نے اننگز کی آخری گیند پرجنید خان کو چوکے رسید کرکے اپنی نصف سنچری مکمل کی، وہ 52 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ڈیون براوو ایک رن کے ساتھ کھڑے رہے.

لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے.

پشاور زلمی کی جانب سے جنید خان نے 2 اور ڈیرن سیمی نے ایک وکٹ حاصل کی.

165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاورزلمی کو پہلا نقصان 28 رنز پر اٹھانا پڑا جب محمد حفیظ 9 رنز بنانے کے بعد کیون کوپر کی گیند پر اظہر علی کے خوبصورت کیچ کا شکارہوئے.

تمیم اقبال اور کامران اکمل کے درمیان 27 رنز کی شراکت میں اسکور 55 تک پہنچا مگر تمیم 30 رنز بنا کر وکٹ کیپر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے.

پشاور زلمی کو کامران اکمل سے اس میچ میں کارکردگی کی امید تھی لیکن وہ 18 رنز کے بنا کر پویلین لوٹے.

کپتان شاہد آفریدی 9 رنز بنا کر ایک ایسے وقت میں آؤٹ ہوئے جب ٹیم کی جیت کے لیے وکٹ پر ٹھہرنے کی ضرورت تھی مگر وہ جارحانہ انداز میں کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری پر عمر اکمل کے ہاتھوں میدان بدر ہوئے.شاہد یوسف نے عدنان رسول کے ایک اوور میں 3 چوکے لگا کر پشاور زلمی کو ٹیم کی امیدیں تازہ کردیں تاہم کیون کوپر نے اپنے اوور میں انھیں رن آؤٹ کر کے ان کی 16 رنز کی اننگز کو ختم کردیا.

ڈیرن سیمی نے آتے ہی کوپر کو بلند وبالا چھکے کے ساتھ دھماکے دار آغاز کیا لیکن وہ زیادہ پائیدار ثابت نہیں ہوسکا اور اسی اوور میں ذوہیب خان کو آسان کیچ دے کر واپسی کی راہ لی.

ڈیوڈ مالان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کو 19 ویں اوور تک جاری رکھا مگر ٹیم کو جیت دلوانے میں ناکام ہوئے اور 42 رنز بنا کرکیون کوپر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے. اس وقت پشاور کو جیت کے لیے 18 رنز درکار تھے.

وہاب ریاض اور جنید خان نے آخری دو اوورز میں 18 رنز کا ہندسہ عبور نہیں کرپائے تاہم آخری اوور میں وہاب ریاض نے احسان عادل کو چھکا مار کر میچ کو دلچسپ بنا دیا پر وہ ہدف پانے میں ناکام رہے.

پشاورزلمی مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا سکی.

لاہور قلندرز کی جانب سے کیمرون ڈیل پورٹ اور کیون کوپر نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں.

کیمرون ڈیل پورٹ کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

قبل ازیں لاہور قلندرز میں کپتان اظہر علی کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ٹیم میں عدنان رسول کو موقع دیا گیا.

دوسری جانب پشاور زلمی میں جم ایلنبے کی جگہ ڈیوڈ مالان کو دوبارہ شامل کیا گیا.

لاہور قلندرز کی یہ دوسری جیت تھی جبکہ انھیں 4 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا.

پشاور زلمی کا پی ایس ایل میں چھٹا میچ تک تھا، زلمی کو 4 میچوں میں کامیابی اور دو میچوں میں شکست کاسامنا کرنا پڑا.

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے