اسلام آباد یونائیٹڈ پاکستان سپر لیگ کی فاتح

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے متحدہ عرب امارت میں کھیلی جانے والی پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کا فائنل جیت لیا ہے۔

دبئی میں منگل کی شب کھیلے جانے والے فائنل میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔

کوئٹہ نے اسلام آباد کو فتح کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے ڈوین سمتھ اور بریڈ ہیڈن کی شاندار بلے بازی کی بدولت باآسانی حاصل کر لیا۔

سمتھ نے 51 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہیڈن چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد کے لیے شرجیل خان اور ڈوین سمتھ نے اننگز شروع کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 34 گیندوں میں 54 رنز بنائے۔

اس موقع پر گلیڈی ایٹرز کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب نیتھن میککلم نے شرجیل کو بولڈ کر دیا۔ گذشتہ میچ میں سنچری بنانے والے شرجیل صرف 13 رنز بنا سکے۔

تاہم دوسرے اینڈ سے ڈوین سمتھ نے بریڈ ہیڈن کے ساتھ مل کر جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور دوسری وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت قائم کی۔

سمتھ جب 16ویں اوور میں ذوالفقار بابر کی گیند پر کیچ ہوئے تو میچ پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی گرفت مضبوط ہو چکی تھی۔

بولنگ میں اسلام آباد کے لیے تین اہم وکٹیں لینے والے آندرے رسل بلے بازی کے شعبے میں جوہر نہ دکھا سکے اور سات رنز بنا کر اعزاز چیمہ کی پہلی وکٹ بنے۔

خالد لطیف آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جو انور علی کی گیند پر کیچ ہوئے۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کوئٹہ نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔

کوئٹہ کی اننگز کی خاص بات احمد شہزاد اور کمارا سنگاکارا کی نصف سنچریاں تھیں۔

احمد شہزاد نے 39 گیندوں نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے64 رنز بنائے جبکہ سنگاکارا 32 گیندوں میں سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اسلام آباد کے لیے آندرے رسل سب سے کامیاب بولر رہے جنھوں نے تین وکٹیں لیں جبکہ محمد عرفان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

رسل اب 16 وکٹوں کے ساتھ اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جمعے کو پشاور زلمی کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا جبکہ اسلام آباد یونائٹیڈ نے بھی ’پلے آف میچ‘ میں پشاور زلمی کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔

خیال رہے کہ سپرلیگ کا پہلا میچ بھی انہی دو ٹیموں کے مابین کھیلا گیا تھا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کامیابی حاصل کی تھی۔

اسلام آباد کی ٹیم کا اس لیگ میں آغاز اچھا تو نہیں تھا تاہم اس نے اپنے اگلے میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ خاص طور پر نوجوان اوپنر شرجیل خان کی دھواں دھار سنچری اور محمد سمیع کی عمدہ بولنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو دونوں پلے آف میچوں میں کامیابی حاصل ہوئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے