شرمین نے پاکستانی خواتین کا کیس بہادری سے لڑا ہے، بلاول

کراچی….پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی صحافی اورفلمساز شرمین عبید چنائے کی غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کے موضوع پر بنائی گئی دستاویزی فلم ’اے گرل ان دا ریور‘کو آسکر ایوارڈ ملنے پر انہیں مبارکباد دی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے شرمین عبید کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی فلمز کے ذریعے پاکستانی خواتین کا کیس بہادری سے اٹھایا ہے اور ملک اپنی ذہین اور بہادر بیٹی پر فخر کرتا ہے۔

بلاول ہاؤس اسلام آباد سے جاری ایک بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا بھی یہی مشن اور خواب تھا کہ پاکستانی خواتین نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی سطح پراپنا کردار ادا کریں اور معاشرے میں مردوں کے شان بشانہ چلیں۔ شرمین عبید کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کی تکمیل کی جانب رواں دواں ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے ملک میں پہلی بار آئینی اور قانونی تحفظ کے ساتھ خواتین کو مخصوص نشستوں پرپارلیامینٹ ممبربنایا ۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973کے آئین کے تحت پارلیمنٹ میں خواتین کے لیے مخصوص نشستیں رکھنے کا تصور دیا ۔ بعد میں پاکستان پیپلزپارٹی نے جنرل نشستوں پر بھی خواتین کونامزد کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل معاشرے کے لیے داغ ہے۔ انہوں نے نواز شریف حکومت پر زور دیا کہ پاکستان میں غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کے خلاف قانون سازی کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے اور پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قانون سازی کے لیے گزشتہ سال سینیٹ میں پیش کیے گئے بل کو فوراً مزید کارروائی کے لیے اٹھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں تمام شعبوں میں سرکردہ کردار دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے