مشرف، پیپلز پارٹی ، لال مسجد اور ن لیگ کے کیمپوں سے براہ راست

[pullquote]سابق صدرجنرل (ریٹائرڈ) پرویزمشرف پاکستان سےدبئی پہنچ گئے[/pullquote]

دبئی……گلےمیں پھولوں کاہارپہن کرپرویزمشرف کراچی سےدبئی پہنچ گئےہیں۔ وہ خلیجی ایئر لائن کی پرواز ای کے 611 لینڈ سے دبئی آئے ہیں۔ان کے اترنے کیلئے جہاز کو خصوصی سیڑھی لگائی گئی۔

پرویزمشرف جہاز سے بغیر کسی سہارے سیڑھیوں سے اترے، وہ سیڑھیوں سے اترتے ہوئے پرسکون تھے۔ان کے استقبال کیلئے آل پاکستان مسلم لیگ کے صرف 25کارکن ایئرپورٹ پہنچے۔ بعد میں پرویزمشرف گاڑی میں سوار ہو کر ایئرپورٹ سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہوگئے۔

سابق صدرپرویزمشرف ایک بارپھربیرون ملک روانہ ہونےمیں کامیاب ہوگئے۔اس بار وہ علاج کی غرض سے دبئی گئے ہیں۔ گھرسے ان کی ائرپورٹ روانگی بھی انتہائی ڈرامائی رہی۔گلےمیں پھولوں کاہارپہن کرپرویزمشرف نےملک چھوڑدیا۔ سابق صدرکی کراچی میں رہائش گاہ کےباہر میڈیا اس لمحہ کامنتظر رہا جب پرویزمشرف کاقافلہ ائرپورٹ روانہ ہونےکےلیے اس گیٹ سے باہر نکلنا تھا۔ سیکیورٹی کی گاڑیاں رات دوبجےسے ہی آنا شروع ہوگئی تھیں جس سےہرگزرتےلمحہ اس بات کااحساس بڑھتاچلاگیاکہ پرویزمشرف کچھ ہی لمحےبعد روانہ ہوں گے۔

سابق صدرکی فلائٹ ای کے611 کوصبح 3بجکر 55منٹ پرروانہ ہونا تھا۔ بورڈنگ کاٹائم ختم ہواتورہائش گاہ سےسیکیورٹی قافلہ 3 بجکر38منٹ پرروانہ ہوا، خیال یہی ظاہرکیاجارہاتھاکہ سابق صدران میں سےکسی ایک گاڑی میں ہوں گےتاہم جیونیوز ہی نےسب سےپہلے خبردی کہ گاڑیوں کایہ قافلہ میڈیا دکھاوا تھا۔

پرویزمشرف کو ایئرپورٹ اسٹاف کے لیے مخصوص غیر روایتی راستے سے ایئرپورٹ لایا گیا۔ سابق صدر مشرف کے طیارے میں بیٹھنےکی خبر بھی سب سےپہلے جیونیوز ہی نےنشر کی۔ سبزٹی شرٹ میں ملبوس سابق صدر مشرف وی آئی پی کیبن ون میں بیٹھ کرموسیقی سے لطف اندوز ہوتے رہے اور چہرے پر مسکراہٹ پھیلی رہی۔

[pullquote]پرویز مشرف نے دبئی میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا [/pullquote]

دبئی …..سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے دبئی میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ جبکہ پاکستان مسلم لیگ کا اجلاس بھی آج شام ہی طلب کر لیا ہے ۔

پرویز مشرف کمر کی تکلیف سمیت کئی بیماریوں کے علاج کیلئے پاکستان سے دبئی منتقل ہوئے ہیں۔ انہوں نے اجلاس میں اے پی ایم ایل امارات سے تعلق رکھنے والے پارٹی ممبران کو طلب کیا ہے۔

اجلاس ان کی رہائش گاہ پر طلب کیا گیا ہےجس کی صدارت بھی وہ خود کریں گے۔ کمر میں شدید تکلیف کے باوجود اجلاس کی صدارت اور سیاسی سرگرمیوں کے آغاز پر سیاسی حلقوں میں سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

[pullquote]مشرف کابیرون ملک جاناجمہوریت کےخلاف سازش ہے،مولا بخش چانڈیو[/pullquote]

کراچی…….مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت کو جمہوریت کے خلاف سازش قرار دیا ہے۔

پیپلز پارٹی میڈیا سیل کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولابخش چانڈیو نے کہا کہ میاں نوازشریف دن بہ دن کمزور ہوتے جارہے ہیں، اختیارات میاں نواز شریف کے ہاتھ سے نکلتے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف اور حکومت کے درمیان مک مکا ثابت ہورہا ہے جس کے نتیجے میں پرویز مشروف کو باہر جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ میاں صاحب نے احسان کا بدلہ چکا دیا ہے،مشرف کا جانا جرم ہے، مشرف نے آئین توڑا، ججز کو قید رکھا۔

[pullquote]مشرف کو فرارکرانے میں حکومت نے سہولت کار کا کردار ادا کیا، سعید غنی[/pullquote]

اسلام آباد……پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو فرار کرانے میں نواز حکومت نے سہولت کار کا کردار ادا کیا، اس سے آئین شکنی کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔

سینیٹر سعید غنی نےایک بیان میں کہا ہے کہ نواز حکومت عدالتی فیصلوں کے پیچھے چھپنے کی روایت رکھتی ہے، عدالت نے تو 2 فیصلے شجاعت عظیم کے حوالے سے بھی کیے مگر نوازشریف اپنی مرضی کے فیصلوں پرعمل کرتے ہیں۔

سینیٹرسعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ متعدد عدالتوں میں پرویز مشرف کے خلاف مقدمات زیرسماعت ہیں ، اس کے باوجود انہیں ملک سے فرار کرا دیا گیا۔

[pullquote]غیر جمہوری رویوں سے ملک میں دہشت گردی کو فروغ ملا، صدر[/pullquote]

اسلام آباد…..صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہپاکستان عدل و انصاف اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے قائم کیا گیا تھا ،غیر جمہوری رویوں کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کو فروغ ملا۔

صدر مملکت نے ایوان صدر میں یوم پاکستان کے حوالے سے بچوں کے خصوصی پروگرام میں کہا کہ پاکستان کا قیام جمہوری جدوجہد سے ممکن ہوا ، ملکی ترقی بھی جمہوریت کے ذریعےہی ممکن ہے۔

صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان مشکل حالات سے گزر رہا ہے لیکن مشکلات سے گبھرانا نہیں چاہیے ، مشکلات کی یہی بھٹی قوموں کو کندن بنا دیتی ہے ۔

[pullquote]حکومت مشرف کو عدالت کے حکم پرباہر بھیجنے کاتاثر دے رہی ہے، شازیہ[/pullquote]

اسلام آباد….. رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہےکہ وفاقی وزیر داخلہ غلط تاثر دے رہے ہیں کہ سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو باہر بھیجنے کا حکم دیا۔

قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے شازیہ مری نےکہا کہپیپلز پارٹی کی حکومت پر مشرف کو گارڈ آف آنر دینے کا الزام لگانے والے بتائیں کہ آرٹیکل 6 سمیت سنگین مقدمات قائم کرنے کے بعد اب پرویز مشرف کو کیسے باہر بھجوادیا گیا ہے ۔

[pullquote]پریس کانفرنس سے قبل ایک شخصیت نے کال کرکے کہا کہ پرویزمشرف واپس نہ آئے تو ان کی سر کی قیمت دس کروڑ روپے رکھ دیں گے[/pullquote]

اسلام آباد)وفاقی حکومت کی جانب سے پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے پر شہداء فاؤنڈیشن اور صاحبزادہ ہارون الرشید غازی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ نواز کا وہی حشر کریں جو انہوں نے 2008کے انتخابات میں مسلم لیگ قاف کا کیا،پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیکر مسلم لیگ نواز کی موجودہ حکومت نے رویزمشرف کے جرائم میں اپنا حصہ ڈالا ہے،علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی موجودگی میں پرویزمشرف کو بیرون ملک بھیجنے کی ذمہ داری سپریم کورٹ پر ڈال کروفاقی وزیرداخلہ نے توہین عدالت کی ہے،

پرویزمشرف سمیت لال مسجد آپریشن کے تمام ذمہ دار اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے،مقدمے کا باضابطہ ٹرائل تب ہی شروع کروائیں گے جب پرویزمشرف عدالت میں حاضر ہوں گے،پریس کانفرنس سے قبل ایک شخصیت نے کال کرکے کہا کہ پرویزمشرف واپس نہ آئے تو ان کی سر کی قیمت دس کروڑ روپے رکھ دیں گے، موجودہ حکومت نے پرویزمشرف کو بیرون ملک فرار کراکے اپنی پرانی تاریخ دوہرائی ہے۔ان خیالات کا اظہار علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کے مدعی صاحبزادہ ہارون الرشید غازی اور صدر شہداء فاؤنڈیشن طارق اسد نے لال مسجد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔تفصیلات کے مطابق صدر شہداء فاؤنڈیشن طارق اسد نے پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے ردعمل میں صاحبزادہ ہارون الرشید غازی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ’’وفاقی حکومت کی جانب سے علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کے مرکزی ملزم جنرل(ر)پرویزمشرف ،جو کہ شہدائے لال مسجد کے قتل،سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قتل،اکبر بگٹی کے قتل اور آئین شکنی جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہے،کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینا انتہائی قابل مذمت اور شرمناک فعل ہے،

وفاقی حکومت نے جنرل(ر)پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیکر نہ صرف انہیں عدالتوں میں زیرسماعت سنگین نوعیت کے مقدمات میں تحفظ دینے کی کوشش کی بلکہ اس کے جرائم میں اپنا حصہ بھی ڈالا ہے۔نواز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے پرویزمشرف کو بیرون ملک بھیج کر شہدائے لال مسجد کے خون اور قرآن و حدیث کے جلائے گئے ہزاروں نسخوں کے تقدس کا سودا کیا ہے،پرویزمشرف کو بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ حکومت کو مہنگا پڑے گا،پریس کانفرنس سے قبل مجھے ایک کال آئی،کال کرنے والی شخصیت نے کہا کہ کہ اگر پرویزمشرف وطن واپس نہ آئے تو ہم ان کے سر کی قیمت دس کروڑ روپے رکھ دیں گے‘‘۔اس پر صحافیوں نے کال کرنے والی شخصیت کا تعارف اور نمبر پوچھا تو طارق اسد ایڈووکیٹ نے یہ بتانے سے انکار کردیا۔صدر شہداء فاؤنڈیشن نے اپنی پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے یہ کہنا کہ’’پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت سپریم کورٹ کے فیصلے کی وجہ سے دے رہے ہیں‘‘ قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے ۔سپریم کورٹ نے 15مارچ2016کے اپنے فیصلے میں قطعی طور پر وفاقی حکومت کو جنرل(ر)پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا حکم نہیں دیا بلکہ عدالت عظمی نے اپنے فیصلے میں یہ لکھتے ہوئے’’[pullquote]This order will not preclude the Federation of Pakistan or the Special Court ,seized of the proceeding under Article of the Constitution against respondent General(r)Pervaiz Musharraf,from passing any legal order from regulating his custody or restricting his movement[/pullquote]‘‘وفاقی حکومت کو یہ اختیار دیا تھا کہ اگر وہ چاہے تو پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے سے روک سکتی ہے۔اس کے بعد پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینا خالصتاََ وفاقی حکومت کا اپنا ذاتی فیصلہ ہے۔وفاقی وزیرداخلہ پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا معاملہ سپریم کورٹ پر ڈال کر عدالت عظمیٰ کو متنازع کرنے کی کوشش کررہی ہے جو کہ واضح توہین عدالت ہے۔سپریم کورٹ کو اس کا از خود نوٹس لینا چاہیئے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے ثابت ہوگیا کہ خطیب لال مسجد مولانا عبدالعزیز کا یہ موقف درست ہے کہ’’پاکستان کا موجودہ نظام ہمارا اصل دشمن ہے‘‘۔پاکستان میں اسلامی نظام کا نفاذ ہوتا تو سنگین جرائم میں ملوث پرویزمشرف کو بیرون ملک فرار ہونے کی اجازت نہ ملتی۔مسلم لیگ نواز کی موجودہ حکومت نے تمام غیرشرعی،غیراسلامی اور ملک کے خلاف اقدامات کرنے کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے۔

سوشل میڈیا سے

[pullquote]’جانے والوں کو کہاں روک سکا ہے کوئی‘[/pullquote]

پرویز مشرف بیرون ملک علاج کرانے کے غرض سے بیرون ملک روانہ ہو گئے ہیں۔ کئی مقدمات کا سامنا کرنے والے پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی پرسوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

سابق آرمی چیف اور پاکستان کے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو پاکستان میں غداری اور بینظیر بھٹو کے قتل سمیت کئی دیگر مقدمات کا سامنا ہے۔ مشرف آج جب پاکستان سے دبئی کے لیے روانہ ہوئے تو اس بارے میں کئی افراد نے سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ایمان ظاہر نے لکھا، ’’کیا ہم یہ ڈرامہ کرنا چھوڑ دیں کہ پرویز مشرف کی واپسی کا فیصلہ نواز حکومت نے کیا ہے؟‘‘

نیوز شو کی اینکر فریحہ ادریس نے لکھا، ’’پرویز مشرف کا زاویے سے غائب ہو جانا اس حکومت پر توجہ بڑھا دے گا۔‘‘

صحافی وجاہت خان نے ٹوئٹ کی، ’’مشرف کو جانا ہی تھا، سول فوجی تعلقات کا بہتر ہونا مشرف کے جانے پر ہی منحصر تھا، یہی پاکستان ہے۔‘‘

اے آر وائے پر ٹی وی شو کرنے والے اقرار الحسن نے لکھا، ’’جانے والوں کو کہاں روک سکا ہے کوئی، تم چلے ہو تو کوئی روکنے والا بھی نہیں۔‘‘

نیوز شو کے اینکر طلعت حسین نے لکھا، ’’مشرف اور زرداری کاعلاج کے غرض سے ملک سے جانا ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان میں صحت کا نظام کس خستہ حالی کا شکار ہے۔‘‘
جہاں پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت کئی افراد نے پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے ہٹانے اور پھر انہیں علاج کے غرض سے ملک چھوڑ کر جانے کی اجازت دیے جانے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے تو وہیں سوشل میڈیا پر کئی افراد نے ان کے حق میں بھی آواز اٹھائی ہے۔

اس بارے میں فیصل رضا عابدی نے ٹوئٹ کی، ’’لال مسجد کاروائی، افتخار چوہدری کا معاملہ اور 3 نومبر کا اقدام، سب فیصلے آئینی تھے۔ کوئی وجہ ہی نہیں تھی کہ ان کے خلاف مقدمات چلائے جاتے۔‘‘

ٹوئٹر کے ایک صارف سید محمد نقوی نے لکھا، ’’سر واپس مت آئیے ہم آپ جیسے لیڈر کے مستحق ہی نہیں۔‘‘

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے