نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی

موہالی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ “بی” میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 22 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

بھارتی شہر موہالی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گروپ “بی” کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے جس کے جواب میں شرجیل خان کی جانب سے جارحانہ آغاز کے باوجود قومی ٹیم مقررہ اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بناسکی۔ شرجیل خان اور احمد شہزاد نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے 5 اوورز میں 61 رنز بنائے، شرجیل خان 25 گیندوں پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 47 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلیے آنے والے خالد لطیف 3 رنز ہی بناسکے جب کہ احمد شہزاد بھی 30 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان شاہد آفریدی نے ذمہ داری لیتے ہوئے تیز کھیلنے کی کوشش کی لیکن وہ 9 گیندوں پر 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عمر اکمل بہت دیر تک وکٹ پر موجود رہے لیکن وہ 26 گیندوں پر بغیر کسی باؤنڈری کے 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سانٹنر اور ایڈم ملنے نے 2،2 جب کہ اش سوڈی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کیویز کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن نے پاور پلے کے 6 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 55 رنز اسکور کیے اور ٹیم کو 62 رنز کا آغاز فراہم کیا، ولیمسن کو 17 رنز پر محمد عرفان نے پویلین بھیجا جب کہ دوسری وکٹ 75 رنز پر گری، آفریدی نے کولن مرنو کو 7 رنز پر آؤٹ کیا۔ گپٹل نے تیسری وکٹ کیلیے کورے اینڈرسن کے ہمراہ 52 رنز کی شراکت داری قائم کی، مارٹن 48 گیندوں پر 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 80 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پویلین لوٹے جب کہ اینڈرسن 21 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ لیوک رونچی اور ٹیلر نے پانچویں وکٹ کیلیے 32 رنز کی شراکت قائم کی، رونچی کو سمیع نے 11 رنز پر پویلین بھیجا، ٹیلر نے 23 گیندوں پر 36 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد سمیع، شاہد آفریدی نے 2،2 جب کہ محمد عرفان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے