آج دن بھر پاکستان میں کیا ہوتا رہا

پاکستان سے اہم ترین خبریں

[pullquote]قومی اسمبلی ، برسلز میں دہشتگردانہ واقعات پر مذمتی قرار داد متفقہ طورپر منظور [/pullquote]

قومی اسمبلی نے برسلز میں دہشتگردانہ واقعات پر مذمتی قرار داد متفقہ طورپر منظور کرلی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام ممالک اور امن پسند برادری پوری دنیا سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے

دنیا کو دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کیلئے متحد ہوکر عالمی سطح پر دہشتگردی کی کسی بھی قسم کو روکنے کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی شازیہ مری نے تحریک پیش کی کہ برسلز دھماکوں کے حوالے سے مذمتی قرارداد لانے کیلئے متعلقہ قواعد معطل کئے جائیں ٗتحریک کی منظوری کے بعد شازیہ مری نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان برسلز دھماکوں کی شدید مذمت کرتا ہے جس میں 34 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے تھے.

قرارداد میں کہا گیا کہ دنیا کو دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کیلئے متحد ہوکر عالمی سطح پر دہشتگردی کی کسی بھی قسم کو روکنے کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے۔ قرارداد میں دہشتگردی کے حملوں کے متاثرین سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔ قرارداد میں تمام ریاستوں ا ور امن پسند برادری سے کہا گیا ہے کہ پوری دنیا میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے اور پرامن برادری کے تحفظ کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ قومی اسمبلی نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔

اس سے قومی اسمبلی میں بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں دہشت گردانہ واقعات میں میں ہلاک ہونے والوں کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اجلاس کے دور ان پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ برسلز میں دہشت گردی کے واقعات پر پارلیمنٹ کی طرف سے مذمتی پیغام جانا چاہیے.

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ اس بارے میں مذمتی قرارداد تیار کرلی گئی انہوں نے کہا کہ اس سانحہ میں ہلاک ہونے والوں کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے جس پر ایوان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی

[pullquote]بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کا افسر پکڑا گیا [/pullquote]

کوئٹہ……بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کا افسر پکڑا گیا ۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ گرفتار ایجنٹ بھارتی نیوی کا کمانڈر ہے جس کے علیحدگی پسندوں اور ایک مذہبی جماعت سے رابطے تھے ۔

بھارت کی بدنامِ زمانہ خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا افسر ، بھارتی نیوی کا آن ڈیوٹی کمانڈر پاکستان کے صوبے بلوچستان سے پکڑا گیا۔ صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے بتایا کہ را کے ایجنٹ ’کل بھوشن یادیو‘ کو حساس اداروں نے تین روز پہلے بلوچستان کے جنوبی علاقے سے خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا ۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا ء الله زہری کا کہنا ہے کہ ’را‘‘ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں ملوث ہے، اس کے ایجنٹ کی گرفتاری اہم پیش رفت ہے۔ حساس اداروں نے بھارتی ایجنٹ کو تفتیش کے لیے بلوچستان سے اسلام آباد منتقل کردیا ہے ۔

[pullquote]اسلام آباد: گولڑہ میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق[/pullquote]

اسلام آباد……اسلام آباد کے علاقے گولڑہ میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ سادات کالونی میں پیش آیا۔ مقتولین میں ماں اور بیٹی بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے افغان تھے اور ان کی تعداد پانچ سے چھ تھی۔

[pullquote]مصطفیٰ کمال کا ایم کیو ایم کے قائد پر ایک اور بڑا الزام[/pullquote]

حیدرآباد……مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم کے قائد پر ایک اور بڑا الزام لگایا ہے، حیدرآباد میں خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم پر اسٹیبلشمنٹ کی پارٹی ہونے کا الزام لگایا جارہا ہے، لیکن واقعہ یہ ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد نے حساس ادارے کے سربراہ سے فون پر بات کرنے کے لیے ایک شخص کو پیسے دیے۔

[pullquote]پاکستان سمیت ایشیا ئی ملکوں کو قدرتی آفات کاخطرہ [/pullquote]

لندن …….. بین الاقوامی ادارے ویرسک میپل کرافٹ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ،بھارت اور بنگلہ دیش کے تقریباً ایک ارب چالیس کروڑ انسانوں کو سیلاب اور زلزلوں جیسی قدرتی آفات کا سامنا رہے گا۔

جمعرات کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے خطوں کے تازہ ترین انڈکس کے مطابق بھارت، بنگلہ دیش اور پاکستان کے تقریباً ایک ارب چالیس کروڑ انسانوں کو سیلاب اور زلزلوں جیسی قدرتی آفات کا سامنا رہے گا۔

اس میں بتایا گیا ہے کہ ایشیا بھر کے ملکوں اور بڑے شہروں کو سمندری طوفانوں سے لے کر زلزلوں تک کئی قدرتی آفات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ مزید یہ کہ سمندروں میں پانی کی بلند ہوتی ہوئی سطح اور موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں زیادہ تواتر کے ساتھ آنے والے سیلاب بھی انسانوں کے لیے مصائب کا باعث بن سکتے ہیں ۔

جبکہ یہ سب صحارا افریقہ کے ممالک کو قدرتی آفات سے کہیں زیادہ نقصان پہنچاسکتا ہے۔اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جہاں پاکستان میں ستر فیصد آبادی قدرتی آفات سے متاثر ہو سکتی ہے، وہاں بھارت میں یہ شرح بیاسی فیصد جبکہ بنگلہ دیش میں ایک سو فیصد ہے۔

قدرتی آفات سے ایشیا میں جن دیگر ملکوں کے عوام سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں، ان میں چین، انڈونیشیا، جاپان اور فلپائن بھی شامل ہیں۔ جن دس ممالک کو قدرتی آفات کے نتیجے میں سب سے زیادہ نقصان پہنچ سکتا ہے،ان میں ریاست ہائے متحدہ امریکا، میکسیکو اور برازیل بھی شامل ہیں۔

[pullquote]اسٹیٹ بینک کیلئے ڈائریکٹرز کے تقرر کا نوٹی فکیشن جاری[/pullquote]

اسلام آباد……وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تقرریوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق بورڈ میں تقرریاں پانے والے ڈائریکٹرز کی تعداد آٹھ ہے جنھیں تین سال کیلیے مقرر کیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

تقرری پانے والوں میں ڈاکٹر طارق حسن، حافظ محمد یوسف، زبیر سومرو، خواجہ اقبال حسن، ظفر مسعود، اردشیرخورشید مارکر، محمد ریاض اور سرمد امین شامل ہیں۔

[pullquote]عمران فاروق قتل کیس کا عبوری چالان جمع نہ کرایا جا سکا[/pullquote]

اسلام آباد……عمران فاروق قتل کیس میں ایف آئی اے کو اسکاٹ لینڈ یارڈ سے متعلقہ دستاویزات نہ ملنے کے باعث ملزمان کے خلاف عبوری چالان اب تک داخل نہیں کرایا جا سکا۔

ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کا مقدمہ درج ہوئے تین ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود گرفتار تینوں ملزمان کے خلاف پہلاعبوری چالان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جمع نہ کرایا جا سکا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق عبوری چالان میں تاخیر کی وجہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی طرف سے مطلوبہ دستاویزات کا نہ ملنا ہے۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی کے چھٹی پر ہونے کے باعث ملزم معظم علی کی درخواست ضمانت بغیر سماعت ملتوی کر دی گئی جبکہ دیگرملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14دن کی توسیع کر دی گئی۔ ملزمان کی جانب سے دائر متفرق درخواستوں پر سماعت 31مارچ جبکہ کیس کی سماعت 7اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔

[pullquote]پشاورميں دوسروں کا گھر بارش سے بچانے کی کوشش کرنے والے مزدورخودموت کا شکاربن گئے۔۔۔۔ دو مزدورمعجزانہ طور پر بچ گئے۔۔۔ [/pullquote]

رپورٹ :بشریٰ بٹ

پشاورکے نشيبی علاقے مسکين آباد نوتھيہ ميں مکان کی کچی ديواراس وقت موت کا پروانہ بن گئی جب مزدوراسے پختہ کرنے کے لئے بنياديں کھود رہےتھے۔۔ ملبے سے دومزدوربحفاظت نکال لئے گئے۔۔ ريسکيو اپريشن پانچ گھنٹے تک جاری رہا۔۔ ليکن بد قسمت چار مزدوروں کے جسد خاکی ہی مل سکے۔

جاں بحق محنت کشوں نظار، نثار،کامران اورعمران کی عمريں پچيس سے تيس سال تک بتائی جاتی ہيں۔۔ جن کا تعلق سردرياب چارسدہ سے ہے۔

انتظاميہ کے مطابق حاليہ بارشوں سے متاثرہ نشيبی علاقے کے ديگرمکانات کوبھی خطرات لاحق ہيں۔

[pullquote]ملتان‘نشتر ہسپتال کی کینٹین میں سلنڈر دھماکہ، 13افراد زخمی [/pullquote]

ملتان میں نشتر ہسپتال کی کینٹین میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 13افراد زخمی ہوگئے ۔ دھماکہ دوپہر کے وقت کھانا پکانے کے دوران ہوا جب کینٹین کے ملازم کھانا پکانے میں مصروف تھے ۔ دھماکے کے نتیجے میں 13افراد زخمی ہوگئے

جن کو طبی امداد کیلئے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرا دیا گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے تین افراد کی حالت تشویش ناک ہے جن کی زندگی بچانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے
دوسری طرف ہسپتال میں واقعے کی کوریج کیلئے جانے والے نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین کو ہسپتال کے عملے کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ، ان سے کیمرہ چھین لیا گیا اور ایک کمرے میں بند کر کے ہسپتال کے عملے کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔ واقعے کیخلاف موقع پر موجود تمام میڈیا نمائندوں نے شدید احتجاج کیا اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔

[pullquote]متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستارنے کہا ہے کہ مصطفی کمال نے اپنی بچہ پارٹی کا نام تو رکھ لیا لیکن کان میں اذان ہم ہی دیں گے[/pullquote]

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کے متعلق غلط خبریں دینے والے سنیئر اینکرز کو رویے پر نظرثانی کرنی چاہیے جبکہ سابق صدر پرویز مشرف کی روانگی کے حوالے سے صرف یہی کہوں گا کہ جب میاں بیوی راضی ہیں تو کیا کرے گا قاضی۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ دوبڑی سیاسی جماعتوں نے اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے مختلف پالیسیاں اپنائیں، بڑی جماعتیں اپنے مفادات کے تحت ہر صوبے میں مختلف پالیسیاں بناتی ہیں اور ملک کے لئے ایک پالیسی نہ رکھنا بڑی جماعتوں کی منافقت ہے، مسلم لیگ(ن)کو سندھ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تو اس نے ہمارے موقف کی حمایت کردی۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات سپریم کورٹ کے حکم پر ہوئے جس کے بعد بلدیاتی اداروں کو فعال ہوجانا چاہیئے تھا لیکن نہیں ہوسکے، الیکشن کمیشن بھی اپنی ذمے داری پوری نہیں کررہا، الیکشن کمیشن شوآف ہینڈ کا معاملہ کالعدم قراردیتا تو معاملہ عدالت میں نہ آتا، رواں سال بھی بلدیاتی اختیارات صوبائی حکومتوں نے استعمال کئے جبکہ 6ماہ گزر گئے لیکن میئرزاورڈپٹی میئرز کے انتخابات نہیں ہوسکے۔

[pullquote]بڑی آئل کمپنیوں کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ کا انکشاف [/pullquote]

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ملک کی بڑی آئل کمپنیوں کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ کا انکشاف ہوا ہے۔ قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے بڑی آئل کمپنیوں کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ 2014-15 کے دوران پٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ پر 4کمپنیوں پر جرمانے عائد کئے گئے.

ہیسکو آئل کمپنی کو 20لاکھ، پاکستان آئل ریفائنری کو 10لاکھ روپے، بائیکو آئل کمپنی کو 5لاکھ روپے اور پی ایس او کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔اس کے علاوہ وزیر پٹرولیم نے-15 2013کے دوران ملک بھر سے گیس چوری کی تحریری تفصیلات بھی قومی اسمبلی میں جمع کرائیں جن کے مطابق گزشتہ 3سالوں میں ملک بھر سے ایک کھرب 7ارب مکعب فٹ گیس چوری کی گئی.

وزیر پٹرولیم کی جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 44ارب 97کروڑ مکعب فٹ گیس خیبر پختونخوا میں چوری ہوئی جبکہ دوسرے نمبر پر پنجاب ہے جہاں 32ارب 71کروڑ مکعب فٹ گیس چوری ہوئی۔ سندھ میں 28ارب 21کروڑ مکعب فٹ جب کہ بلوچستان میں ایک ارب 17 کروڑ مکعب فٹ گیس چوری ہوئی۔

[pullquote]فوج کا جذبہ دہشتگردوں کو ٹھہرنے نہیں دے گا،ایئرچیف سہیل امان [/pullquote]

ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ ملک کودرپیش چیلنجز سے آگاہ ہیں ،فوج کا رضاکارانہ جذبہ دہشت گردوں کو ٹھہرنے نہیں دے گا

اسلام آباد میں بڈھ بیر واقعہ کے شہداء اور غازیوں میں تقسیم اعزازات کی تقریب سے خطاب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ بڑی تعداد میں دہشت گردوں نے بڈھ بیر پر حملہ کیا، ہمارے جانبازوں نے صرف 45منٹ میں دہشت گردوں کا صفایا کیا۔انہوں نے کہا کہ بڈھ بیر کے شہداکو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،فوج کا رضاکارانہ جذبہ دہشت گردوں کو ٹھہرنے نہیں دے گا

حلال رزق کي تلاش اوردوسروں کےگھربچانے کي کوشش ميں بدقسمت مزدورخود حادثے کا شکار ہوگئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے