سعودی عرب اوربھارت میں دہشت گردوں کی معاونت روکنےاور دفاعی تعاون بڑھانےسمیت5 سمجھوتے

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سعودی شاہ سلمان سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں سٹرٹیجک تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے دہشت گردوں کی مالی معاونت، منی لانڈرنگ روکنے، باہمی تجارت کو فروغ دینے سمیت 5 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ کے مطابق دونوں ممالک کے فنانشل انٹیلی جنس یونٹس کے درمیان ایم او یو کے تحت دہشت گردوں کو مالی معاونت، منی لانڈرنگ اور اس سے متعلقہ جرائم کی روک تھام کی جائیگی۔ دونوں ممالک میں لیبر ریکروٹمنٹ کے حوالے سے بھی معاہدے پر دستخط ہوئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 10 شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے شاہی محل میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ سعودی عرب کے ایجنڈا میں توانائی اور صحت کے امور سرفہرست رہے انہوں نے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر اور وزیر صحت خالد الفالح کے ساتھ ریاض میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ دوطرفہ ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی عرب کی بڑی توانائی سپلائر کمپنی آرامکو بھارت کو اپنی سرمایہ کاری کے لئے نمبر ایک ہدف کے طور پر دیکھتی ہے۔ خالد الفالح نے کہا کہ نریندر مودی کے ساتھ بات چیت کے ایجنڈا میں توانائی اور صحت کے شعبے سرفہرست رہے۔

نریندر مودی نے30 سعودی چیف ایگزیکٹو افسروں اور بھارتی بزنس لیڈروں سے ریاض میں ملاقات کی۔ انہوں نے بھارت اور سعودی عرب کو پرانا دوست قرار دیا جو روشن مستقبل کے لئے نئے اقدامات کے لئے تیار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی طاقت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے شاہ سلمان کو یاد کیا اور کہا کہ انہوں نے ایک بھارتی استاد سے تعلیم حاصل کی تھی۔

وزیراعظم نریندر مودی نے ریاض میں ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز کے خواتین پر مشتمل آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس سنٹر کا دورہ کیا۔ وزیراعظم کو اس کے آپریشن کے سلسلے میں بتایا گیا۔ وزیراعظم نے اس مرکز کی خواتین پر مشتمل ورک فورس کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔

مودی نے سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو کیرالہ کے مشہور قدیم چیرامن جمعہ مسجد کی سونے کی پرت چڑھی نقل تحفے میں پیش کی۔ کیرالہ کے ترشور ضلع میں واقع اس مسجد کو 629 عیسوی میں عرب کے تاجروں کی طرف سے تعمیر کی گئی پہلی مسجد کے طور پر سمجھا جاتا ہے۔ یہ مسجد قدیم زمانے سے بھارت اور سعودی عرب کے تجارتی تعلقات کی علامت ہے۔

جن دیگر معاہدوں پر دستخط ہوئے ان میں انسداد دہشت گردی میں تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ، سائبر دہشت گردی روکنے کیلئے اقدامات شامل ہیں۔ دریں اثناء بھارتی وزیراعظم مودی نے دہشت گردی کو انسانیت کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کی ضرورت ہے کہ اسے مذہب سے الگ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جزوی طور پر یا ٹکڑوں میں کئے گئے اقدامات اس لعنت کے خلاف موثر نہیں ہونگے۔

سعودی عرب کے دورے کے دوران عرب نیوز سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مل کر کوششیں کرنا ضروری ہیں۔ اچھی یا بری دہشت گردی میں کوئی تمیز نہیں ہونی چاہئے۔ دہشت گردی کا ذات‘ رنگ‘ مذہب یا عقیدے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مشرق وسطیٰ میں دہشت گردی کے خلاف سعودی قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت سعودی عرب کے ساتھ اس علاقے میں شراکت دار کے طورپر کام کرنا چاہتا ہے تاکہ یہ ضمانت دی جا سکے کہ دنیا اب رہنے کیلئے بہتر اور محفوظ ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے۔

انہوں نے اس تاثر کی نفی کی کہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کسی خاص مذہب یا نسلی گروہ کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو اسلام کا روحانی مرکز سمجھا جاتا ہے۔ اس نے داعش سمیت دہشت گردی کے خلاف لڑنے کیلئے 34 ممالک کا اتحاد بنایا ہے۔ سعودی عرب اور بھارت دہشت گردی کے خلاف میکنزم پر کام کر رہے ہیں۔ سعودی عرب اور بھارت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ سعودی عرب بھارت تعلقات کے حوالے سے مودی نے کہا کہ طاقتور ممالک کے ساتھ سٹرٹیجک شراکت قائم کرنا ان کی حکومت کی خارجہ پالیسی اور ترجیحات میں شامل ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دنیا بھر کی حکومتی کو باہم انٹیلی جنس تعاون کرنا چاہئے۔ اس کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں‘ ٹیکنالوجیز اور دوسرے شعبوں میں بھی تعاون کرنا چاہئے۔ بھارت نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے