آج کا پاکستان:

[pullquote]پاکستان:[/pullquote]

[pullquote]غیرملکی خفیہ اداروں کا کردار بے نقاب کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

Army Govt nawaz raheel

اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی نے پاکستان میں ہندوستانی خفیہ ایجنسی ‘را’ سمیت غیر ملکی ایجنسیوں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر ان کے کردار کو بے نقاب کرنے اور ان کے نیٹ ورک کے مکمل خاتمے کا فیصلہ کیا ہے۔اس بات کا فیصلہ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب گزشتہ ماہ بلوچستان سے ہندوستانی جاسوس اور نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا گیا تھا۔سیکیورٹی اداروں کے مطابق گرفتار افسر کا تعلق ہندوستانی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے ہے جسے گرفتاری کے بعد تفتیش کے لیے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا تھا۔ ‘را’ ایجنٹ کی گرفتاری کے چند روز بعد اس کی ویڈیو بھی سامنے لائی گئی، جس میں اس نے ’را‘ سے تعلق اور ہندوستان نیوی کا حاضر سروس افسر ہونے کا اعتراف کیا۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع قلعہ عبد اللہ میں بھی آج سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران افغان انٹیلی جنس کے ایجنٹ کو گرفتار کیا گیا ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومتی حکام متعدد بار یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ بلوچستان میں جاری شورش کے پیچھے ہندوستان کی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے، جبکہ بلوچستان کے وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے گزشتہ سال دعویٰ کیا تھا کہ ‘را’ اور افغانستان کی نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) بلوچستان کی کالعدم تنظیموں کو فنڈز اور ٹریننگ فراہم کررہی ہیں۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے دوران امریکا میں ہونے والی جوہری سلامتی کانفرنس کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے جوہری پروگرام کی حفاطت اور سیکیورٹی کے معیار کا اعتراف کیا گیا ہے۔امریکا سے ایف 16 طیاروں کی خریداری اور مسلح افواج کے ترقیاتی پروگراموں کا بھی اجلاس کے دوران جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت اسحٰق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر اطلاعات پرویز رشید، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹرسروسز انٹیلی جنس اور مشیر برائے قومی سلامتی ناصر جنجوعہ بھی شریک تھے۔

[pullquote]سپریم کورٹ کی فوجی عدالتی ریکارڈ تک مشروط اجازت[/pullquote]

Supreem Court

سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں سے موت کی سزا پانے والے 12 مجرموں کے وکلا کو فوجی عدالتی ریکارڈ تک مشروط اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان مقدمات میں دی گئی معلومات حساس نوعیت کی ہیں جنھیں کسی طور پر بھی عام نہیں کیا جا سکتا۔21ویں آئینی ترمیم میں فوجی عدالتوں کو دہشت گردی کے مقدمات میں عام شہریوں کے ٹرائل کرنے کی اجازت کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ فوجی عدالتوں کا مکمل ریکارڈ سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے فوجی عدالتوں سے موت کی سزا پانے والے 12 مجرموں کی طرف سے ان فیصلوں کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کی۔ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کی طرف سے ان مجرموں کے مقدموں اور عدالتی فیصلوں کا ریکارڈ بینچ کے سامنے رکھا گیا۔

بینچ کے سربراہ نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فوجی عدالتوں کی ان دستاویزات میں بہت سی حساس معلومات دی گئی ہیں جنھیں کسی طور پر بھی عام نہیں کیا جانا چاہیے۔ اُنھوں نے اشتر اوصاف سے کہا کہ ان مقدمات میں حساس نوعیت کی دستاویزات کی نشاندہی کریں۔چار مجرموں کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ کیا یہ بہتر نہ ہوتا کہ فوجی عدالتوں میں ان مقدمات کی سماعت کے دوران مجرموں کو اپنی مرضی کا وکیل کرنے کی اجازت دی جاتی۔ اُنھوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان مجرموں کے ورثا کو اس وقت ہی معلوم ہو گا کہ اُن کے عزیزوں کو کس جرم میں موت کی سزا سنائی گئی ہے۔ جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ان دستاویزات میں بعض مجرموں نے اپنے جرم کا اقرار بھی کیا ہوا ہے اس لیے یہ نہیں کہا جاسکتا کہ ان مجرموں کو معلوم نہیں ہے کہ اُنھیں کس جرم میں سزائیں سنائی گئی ہیں۔

[pullquote]خفیہ رائے شماری اسلامی تصور کے خلاف ہے . چیف جسٹس [/pullquote]

Anwar Zaheer Jamali CJ

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے خفیہ رائے شماری کے تصور کو اسلام کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ طریقہ کار مغرب سے لیا گیا ہے۔ جسٹس انور ظہیر جمالی کا کہنا تھا، ‘خفیہ رائے شماری مغرب کا تصور ہے اور یہ اسلام میں موجود نہیں’، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ عام رائے شماری منافقت کی حوصلہ شکنی کرتی ہے۔ چیف جسٹس نے یہ ریمارکس سندھ حکومت کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ کے 10 فروری کو دیئے گئے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کے دوران دیئے.

یاد رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے اپنے 10 فروری کے فیصلے میں متحدہ قومی مومنٹ اور مسلم لیگ فنکشنل کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے حالیہ مقامی حکومتوں کے قانون (لوکل گورنمنٹ آرڈیننس) میں ہونے والی ترمیم کو بے اثر قرار دیا تھا، جس کے تحت میئر، ڈپٹی میئر اور مقامی حکومت کے دوسرے صوبوں میں نمائندوں کے انتخاب کے طریقے کار کو خفیہ رائے شماری سے بدل کر ‘شو آف ہینڈ’ (ہاتھ کھڑا کرنا) سے تبدیل کر دیا گیا. جس کے بعد 17 فروری کو چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سندھ میں ہونے والے میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین، وائس چیئرمین اور مخصوص نشستوں کے انتخابات کو ملتوی کردیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشہ 3 سال کے دوران مقامی حکومت کے انتخابات خفیہ رائے شماری یا عام طریقے سے کروانے کے معاملے پر بہت گرما گرم بحث ہو چکی ہے. مذکورہ درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ قانون عام لوگوں کے مفاد میں ہونا چاہیے اور ملک کی فلاح و بہبود میں استعمال ہونا چاہیے، لیکن حکومت نے اس قانون سازی کے کاروبار کو مذاق بنا دیا اور ایسے قانون متعارف کراوئے جن سے ان ہی کو فائدہ ہوتا ہے اور بعد میں اُٹھنے والے تنازع کا سارا بوجھ عدلیہ پر ڈال دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون میں ترمیم کا اصل مقصد تباہی کرنا ہرگز نہیں ہے بلکہ لوگوں کو فلاح اور مدد فراہم کرنا ہے.

[pullquote]’پانامہ لیکس : موساک فونسیکا ہیکنگ کا نشانہ بنی‘[/pullquote]

Panama  Leaks_ramon_fonseca__624x351_reuters

پاناما کی لا کمپنی موساک فونسیکا کے شریک بانی کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی ہیکنگ کا نشانہ بنی ہے۔کمپنی کے شریک بانی رامون فونسیکا کہنا ہے کہ معلومات کے افشا ہونے میں اندرونی ہاتھ نہیں ہے اور کمپنی کو بیرون ملک قائم سرورز کے ذریعے سے ہیک کیا گیا ہے۔

کمپنی نے پاناما کے اٹارنی جنرل کے دفتر میں ہیکنگ کی شکایت درج کرا دی ہے۔ کروڑوں دستاویزات کے منظر عام پر آنے کے بعد متعدد ممالک کے طاقتور اور امیر افراد کی ممکنہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔کمپنی کے بانی شراکت داروں میں سے ایک فونسیکا نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا: ’ہم حیران ہیں کہ کسی نے بھی یہ نہیں کہا کہ یہاں جرم ہوا ہے۔‘ اُنھوں نے اے ایف پی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ’دنیا پہلے ہی اِس بات کو قبول کر رہی ہے کہ رازداری انسانی حق نہیں ہے۔‘

اطلاعات ہیں کہ گذشتہ ہفتے کمپنی کی جانب سے اپنے صارفین کو ای میل بھیجی گئی تھی کہ ’ہمارے ای میل سرور میں غیرقانونی طریقے سے خلل اندازی کی گئی ہے۔‘ کمپنی نے ذرائع ابلاغ کے اداروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ ’ہماری کمپنی کی نجی دستاویزات اور معلومات تک غیر قانونی رسائی‘ کے ذریعے سے افشا ہونے والی معلومات کی خبریں دے رہے ہیں اور اُن کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔ اتوار کو برطانوی اخبار گارڈین کو تحریر کردہ خط میں کمپنی کے تعلقات عامہ کے سربراہ نے ’غیر قانونی طور پر حاصل کی جانے والی‘ معلومات کے استعمال پر ممکنہ قانونی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔ متعدد ممالک جہاں کی اہم شخصیات اِن میں ملوث ہیں، خفیہ معلومات کے افشا ہونے پر سیاسی رد عمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔

آئس لینڈ کے وزیر اعظم سیگمندر گُنلاؤگسن نے بھی منگل کو خفیہ دستاویزات میں نام شامل ہونے پر استعفیٰ دے دیا تھا۔ افشا ہونے والی خفیہ دستاویزات کے مطابق وزیراعظم اور اُن کی اہلیہ ایک آف شور کمپنی کی مالک ہیں جو اُنھوں نے پارلیمان میں آتے وقت ظاہر نہیں کی تھی۔ ان پر لاکھوں ڈالر مالیت کے خاندانی اثاثے چھپانے کا بھی الزام ہے۔ گنلاؤگسن کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنے حصص اپنی اہلیہ کو فروخت کر دیے تھے، اُنھوں نے کسی بھی غلط کام میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

[pullquote]پانامہ لیکس ایشو پر پنجاب اسمبلی مچھلی منڈی بن گئی .[/pullquote]

Punjab Assembly

لاہور میں پاناما لیکس پر پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ ہوا، اوپزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کیا جبکہ حکومت نے پاناما لیکس کے خلاف قرارداد منظور کرالی،،،پاکستان عوامی تحریک نے پنجاب اسمبلی کے سامنے حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ اس دوران لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعظم نوازشریف کے خلاف بیرون ملک اثاثوں کی بنیاد پر نااہلی کے لئے دائر درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی. وزیراعظم نوازشریف کے خاندان کے بیرون ملک آف شور کمپنیوں کی خبریں منظر عام پر وزیراعظم کی جانب سے الزامات کی تحقیقات کے خلاف جوڈیشل کمیشن کی قیام کے اعلان کو پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن نے مسترد کردیا، تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کرائی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ کسی ریٹائرڈ جج کی بجائے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ موجودہ ججزپرمشتمل کمیشن قائم کیاجائے اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنانے کے لئے وزیراعظم نوازشریف اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔

اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن ارکان نے احتجاج شروع کردیا اور قرار داد ایوان میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا تاہم سپیکر کی جانب سے اجازت نہ ملنے اپوزیشن ارکان پہلے سپیکر کے ڈائس کے سامنے جمع ہوکر نعرے بازی کرتے رہے،احتجاج اور نعرے بازی کی وجہ سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرتا رہا،، ،اپوزیشن ارکان "گونوازگو”، ” حساب دو،جواب دو” ، ‘”لوٹ کےمال کاحساب دو” کے نعرے لگاتے رہے،اس دوران اپوزیشن اورحکومتی ارکان کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، کافی دیر تک احتجاج کے بعد اپوزیشن ارکان اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے۔

میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم لوٹی ہوئی دولت کاحساب چاہتی ہے جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں،نوازشریف استعفیٰ دیں۔ اپوزیشن کے واک آؤٹ کے بعد وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے ایوان میں ایک قرارداد پیش کی جس میں پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے ریٹائرججزپر مشتمل کمیشن کی تشکیل کو احسن قدم قرار دیا گیا،،ایوان نے یہ قرارداد منظور کرلی، رانا ثناء اللہ کے مطابق جب الیکشن کمیشن اورنیب کاسربراہ سابق جج ہوسکتا ہے توپانامالیکس کی تحقیقات ریٹائرڈ ججز کیوں نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے ثابت ہو جائے گا کہ پاناما لیکس سچ ہے یا جھوٹ، ایوان میں اپوزیشن ارکان کے احتجاج کے ساتھ ایوان س باہر پنجاب اسمبلی کے سامنے پاکستان عوامی تحریک نے مال روڈ پر فیصل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی،، عوامی تحریک کے کارکنوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں بھی داخل ہونے کی کوشش کی تاہم انہیں پولیس نے ایسانہیں کرنے دیا۔

[pullquote]پاکستان تحریک انصاف نے پاناما لیکس کے بعد قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروادی .[/pullquote]

off sure

تحریک التوا کے مطابق پاناما لیکس میں ہونے والے انکشافات نے ملکی آئین اور جمہوریت بنیادوں کو متاثر کیا ہے۔ پاناما لیکس کے انکشافات عالمی میڈیا میں مرکز بحث ہیں،
پاناما لیکس میں وزیراعظم کے خاندان کا نام بھی آیا ہے۔وزیراعظم کے خاندان کے نام آنے سے کئی اخلاقی و قانونی سوالات نے جنم لیا ہے۔ یہ معاملہ آئین، انتخابی قوانین ۔ ٹیکس قوانین اور منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔ قومی نوعیت کے اس معاملہ پر ایوان کی معمول کی کاروائی معطل کرکے بحث کروائی جائے۔

[pullquote]شریف خاندان قوم کا پیسہ واپس کر کے سادہ طرز زندگی اپنائے،تہمینہ درانی کا سسرال سےمطالبہ
[/pullquote]

tehmina-durrani-moves-into-smaller-house-to-promote-simple-living-1421187348-9388

لاہور: پنجاب کے وزیر اعلی شہباز شریف کی بیوی تہمینہ درانی نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر آف شور کمپنیاں قانونی بھی ہوں تو ا ن میں رکھا پیسہ ملک کو واپس کیا جائے۔تہمینہ درانی نے منگل کو ٹوئٹر پر کہا ’ہو سکتا ہے کہ آف شور کمپنیاں ، غیر ملکی جائیداد اور اکاؤنٹس قانونی ہوں لیکن میری نظر میں یہ غیر اخلاقی ضرور ہیں‘۔تہمینہ کے مطابق،ان کی نظر میں غیر اخلاقی کا مطلب اپنی روح بیچنا ہے اور یہ غیر قانونی ہونے سے کہیں بڑا گناہ ہے۔انہوں نے اپنے سسرال (شریف خاندان) کو مشورہ دیا کہ وہ تمام غیر ملکی دولت واپس کر کے اپنے اوپر کرپشن کے الزامات ختم کرائیں۔ان کا مزید کہنا تھا ’ شریف خاندان قوم کا پیسہ واپس کر کے سادہ طرز زندگی اپنائے‘۔شریف خاندان سے تعلق ہونے کے ناطے آف شور کمپنیوں سے مبینہ فائدہ اٹھانے والوں میں اپنا نام شامل ہونے پر تہمینہ نے کہا کہ اگر وہ اتنی امیر ہوتیں تو تمام دولت ملک کے غریبوں میں تقسیم کر دیتیں۔تہمینہ درانی نے کہا کہ انہوں نے 14 سال قبل شہباز شریف سے شادی کی لیکن سسرال والوں نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر کبھی ان سے ملاقات تک نہیں کی۔

[pullquote]نوشکی سے اقوامِ متحدہ کا اہلکار اغوا[/pullquote]

kidnapp

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع نوشکی سے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) کے ایک اہلکار کو اغوا کر لیا ہے۔ نوشکی میں ایک سینیئر پولیس افسر نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایف اے او کے اہلکار کو نوشکی آتے ہوئے ڈگری کالج کے قریب سے بدھ کو اغوا کیا گیا۔ ایف اے او کے مغوی اہلکار کی شناخت شفیق آغا کے نام سے ہوئی ہے جو ادارے میں کمیونٹی ڈیویلپمنٹ مینیجمنٹ فیسیلیٹیٹر کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ شفیق آغا اپنے ایک دوست کے ہمراہ ایک گاڑی میں نوشکی شہر کی جانب آ رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ان کی گاڑی جب ڈگری کالج کے قریب پہنچی تو ایک دوسری گاڑی میں سوار مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روکا اور شفیق آغا کو گاڑی سے اتار کر نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔ ایف اے او کے اہلکار کے اغوا کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے اور نہ ہی کسی نے اس کے اغوا کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ نوشکی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے مغرب میں تقریباً 120 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور اس کی سرحد شمال میں افغانستان سے ملتی ہے۔

[pullquote]لاہور میں پولیس کارروائی، 6″’دہشت گرد”ہلاک:[/pullquote]

Dead Terrorist

لاہور: پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے لاہور میں کارروائی کے دوران ایک کالعدم تنظیم کے چھ مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔سی ٹی ڈی نے منگل کو رات گئے لاہور کے علاقے شیرا گوٹھ میں کارروائی کی۔سی ٹی ڈی کے مطابق، کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چھ مشتبہ دہشت گرد ہلاک جبکہ چار فرار ہونے میں کامیاب رہے۔سی ٹی ڈی نے ہلاک ’دہشت گردوں‘ سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرنے کا بھی دعوی کیا۔

[pullquote]متحدہ کی بلقیس مختار بھی مصطفیٰ کمال کے ساتھ[/pullquote]

Balqis MQM Mustafa kamal

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رکن سندھ اسمبلی اور سینئر رہنما بلقیس مختار بھی پارٹی چھوڑ کر مصطفیٰ کمال کی نئی جماعت پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) میں شامل ہو گئیں۔بلقیس مختار 2002 سے سندھ اسمبلی کی رکن ہیں، وہ 2002، 2008 اور 2013 کے انتخابات کے بعد خواتین کی مخصوص نشست پر ایم کیو ایم کی سندھ اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں۔ پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے والی 47 سالہ بلقیس مختار پہلی خاتون رہنما ہیں جنہوں نے متحدہ قومی موومنٹ چھوڑنے کا اعلان کیا۔

[pullquote]حکومت، اپوزیشن پی آئی اے بل پر متفق[/pullquote]

air plane PIA

اسلام آباد: وفاقی حکومت اور حزب اختلاف پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کو پبلک لیمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کرنے سے متعلق بل پر متفق ہوگئے ہیں۔ مذاکرات کے بعد پی آئی اے کو پبلک لیمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کرنے سے متعلق بل پر فریقین رضا مند ہوگئے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے سینیٹ اور قومی اسمبلی ارکان پر مشتمل خصوصی کمیٹی میں یقین دہانی کے بعد دونوں فریقین کے درمیان اتفاق ہوا۔

حکومت اور اپوزیشن نے اتفاق کیا ہے کہ پی آئی اے کا انتظامی کنٹرول 51 فیصد شئیرز رکھنے والی حکومت کے پاس ہی برقرار رہے گا۔ فریقین میں اتفاق طے پایا کہ پی آئی اے کے 49 فیصد سے زائد شئیرز فروخت کرنے پر قدغن ہوگی۔ قومی ائرلائن کے معاملات بورڈ آف گورنر دیکھے گا جس میں ارکان کی نمائندگی بھی شئیرز کے تناسب سے ہی ہوگی۔

حکومت اور اپوزیشن نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ پی آئی اے کا ہیڈکوارٹر کراچی میں ہی رہے گا۔ اپوزیشن ارکان نے اجلاس میں پی آئی اے احتجاجی ملازمین کے خلاف مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کیا تاہم وزیرخزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ یہ معاملہ کمیٹی کے مینڈیٹ میں نہیں آتا۔ خیال رہے کہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو جون 2016 تک پی آئی اے کی نجکاری کرنے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے، جس پر اسے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مخالفت کا سامنا تھا۔

[pullquote]عالمی سطح پر پھانسیوں میں ’خطرناک اضافہ‘:[/pullquote]

hanged

حقوق انسانی کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پھانسیاں دینے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور سنہ 1989 کے بعد کسی بھی سال اتنے لوگوں کو پھانسی نہیں دی گئي جتنی کہ گذشتہ برس دی گئی ہے۔تنظیم کی جانب سے پھانسی کی سزا کے بارے میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق سنہ 2015 میں کم از کم 1634 افراد کو پھانسی دی گئی جو کہ اس سے قبل والے سال کے مقابلے میں 50 فیصد سے بھی زیادہ ہے.ایمنسٹی کے مطابق دنیا میں دی جانے والی پھانسیوں میں ایران، سعودی عرب اور پاکستان کا حصہ 89 فیصد ہے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ میں چین میں دی جانے والی پھانسیوں کا ذکر نہیں اور امکان ہے کہ مجموعی تعداد میں ہزاروں کا اضافہ ہو کیونکہ چین میں پھانسیوں کے ریکارڈ کو خفیہ رکھا جاتا ہے۔ایمنسٹی کے مطابق چین اب بھی پھانسی دینے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔ اندازے کے مطابق سنہ 2015 میں ہزاروں افراد کو موت کی سزا دی گئی جبکہ دیگر ہزاروں کو موت کی سزا سنائی گئی۔انڈونیشیا کی سیٹی زینب کو سعودی عرب میں گذشتہ سال پھانسی دی گئی،تاہم ایمنسٹی کے مطابق ایسے اشارے ملے ہیں کہ چین میں حالیہ برسوں موت کی سزا دینے میں کمی آئی ہے تاہم سزائے موت کو خفیہ رکھنے کی وجہ سے یقینی طور پر اس کی تصدیق کرنا ناممکن ہے۔تنظیم کے مطابق ایران میں گذشتہ برس 977 افراد کو پھانسی دی گئی اور ان میں سے اکثریت کو منشیات سے متعلق جرائم کے لیے پھانسی دی گئی جبکہ سنہ 2014 میں 743 افراد کو پھانسی دی گئی تھی۔پاکستان میں 326 افراد کی پھانسی کی سزا پر عمل درآمد کیا گیا اور یہ ملکی تاریخ میں ایک برس میں دی جانے والی سب سے زیادہ پھانسیاں ہیں۔

سعودی عرب میں سنہ 2014 کے مقابلے میں 2015 میں موت کی سزا دینے میں 76 فیصد اضافہ ہوا اور 158 افراد کو موت کی سزا دی گئی۔سعودی عرب میں زیادہ تر کے سر قلم کیے گئے جبکہ بعض کی سزا پر فائرنگ سکواڈ کے ذریعے عمل درآمد کیا گیا اور بعض اوقات لاشوں کو عوامی مقامات پر بھی دکھایا گيا۔ایمنسٹی کا کہنا ہے کہ دسمبر سنہ 2014 میں شہریوں کی پھانسیوں پر سے قانونی مہلت کے ہٹنے کے بعد سے پاکستان میں ’حکومت کی منظوری سے پھانسیاں دینے کا دور‘ چل پڑا ہے.پاکستان میں سرکاری منظوری سے پھانسی دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے.موت کی سزا دینے والا پانچوں بڑا ملک امریکہ ہے جہاں سنہ 2015 میں 28 افراد کو موت کی سزا دی گئی اور یہ تعداد 1991 کے بعد سب سے کم ہے۔ایمنسٹی کے سیکریٹری جنرل سلیل شیٹی نے کہا ہے کہ ’پھانسیوں میں گذشتہ سال اضافہ انتہائي پریشان کن ہے۔’گذشتہ 25 برسوں کے درمیان کبھی بھی دنیا بھر میں حکومتوں نے اتنے لوگوں کو پھانسیاں نہیں دی تھیں۔‘مسٹر شیٹی نے ’ذبح کیے جانے‘ کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’سنہ 2015 میں حکومتوں نے اس غلط مفروضے کی بنیاد پر لوگوں کو ان کی زندگیوں سے بے رحمی کے ساتھ جدا کرنے کا سلسلہ جاری کہ پھانسی دیے جانے سے دنیا زیادہ محفوظ ہو جائے گی۔‘

[pullquote]پشاور: 6 دن میں 1100 چوہے ماردیئے گئے[/pullquote]

بعض‌شہریوں‌کا کہنا ہے کہ یہ چوہے دیسی نہیں‌بلکہ ''ولایتی ساختہ '' ہیں
بعض‌شہریوں‌کا کہنا ہے کہ یہ چوہے دیسی نہیں‌بلکہ ”ولایتی ساختہ ” ہیں

پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں چوہوں کے انسداد کے لیے شروع کی گئی کارروائیوں میں 6 دن کے دوران 1100 چوہے مار دیئے گئے۔ صوبائی دارالحکومت کے بلدیاتی ادارے واٹر سپلائی اینڈ سینیٹیشن پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے شہر کے مختلف علاقوں میں چوہے مارنے کی کارروائیاں کیں۔ ڈبلیو ایس ایس پی کے زونل انچارج صلاح الدین کا کہنا تھا کہ قصہ خوانی، سبزی منڈی، نمک منڈی، بشیر آباد، سعید آباد، بڈھنی پل، باچا خان چوک، کوہاٹی، گڑ منڈی، پیپل منڈی،کباڑی بازار اورشاہی کٹھہ سمیت دیگر علاقوں میں چوہے مارنے کا آپریشن کیا گیا۔

مختلف علاقوں میں ڈبلیو ایس ایس پی کی جانب سے چوہے مار دوائیاں ڈالنے کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔ زونل انچارج صلاح الدین نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر چوہے مار ادویات 500 ڈبل روٹیوں اور 50 کلو ٹماٹر میں شامل کرکے مختلف علاقوں میں رکھے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صبح اور شام کے اوقات میں عملہ مردہ چوہے جمع کرکے اس کو دفن کر رہا ہے تاکہ مزید نقصانات نہ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ چوہے مار مہم کے دوران 10،10 افراد پر مشتمل 4 ٹیمیں کام کر رہی ہیں، ہر ٹیم مختلف علاقے میں تعینات ہے۔ جب اُن سے چوہے مارنے پر 30 روپے انعام دیئے جانے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ڈبلیو ایس ایس پی کے زونل انچارج صلاح الدین نے بتایا کہ چوہے مارنے کے حوالے سے لوگوں کی جانب سے دعوے تو کیے جا رہے ہیں، تاہم رقم کی تقسیم نہیں کی گئی۔

[pullquote]عاقب جاوید کوچ کی دوڑ سے باہر؟[/pullquote]

150224053800_aqib_javed_640x360_bbc_nocredit

پاکستان کرکٹ بورڈ کوچ کا اشتہار دینے سے قبل ہی عاقب جاوید سے رابطہ کر چکا ہے اور ان کو بتا چکا ہے کہ آپ ہمارے ذہن میں ہیں۔ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے ان سے ابتدائی طور پر رابطہ ضرور ہوا ہے تاہم اس کے بعد کوئی بات نہیں ہوئی۔ عاقب جاوید نے منگل کے روز بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ باقاعدہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دینے والے ہیں۔

لیکن ایک روز بعد ہی انھوں نے ان اطلاعات کے بعد کہ پاکستان کرکٹ بورڈ غیرملکی کوچ لانے کا ذہن بناچکا ہے کوچ کے عہدے کے لیے درخواست نہ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ عاقب جاوید نے بی بی سی کے استفسار پر کہا کہ ماضی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے غیرملکی کوچز رکھ کر کیا حاصل کرلیا؟

انھوں نے کہا کہ کوچ کا کام یہ ہوتا ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں جاکر ٹیلنٹ دیکھے لیکن جب کسی کوچ کو پاکستان کے کرکٹ سسٹم کا ہی نہیں معلوم ہوگا تو وہ چند سینیئر کرکٹرز اور سلیکشن کمیٹی پر ہی انحصار کرے گا۔ اگر کوئی بھی غیرملکی کوچ اتنا اچھا ہوتا تو اسے پاکستان کرکٹ بورڈ دوبارہ نہ بلاتا؟ وہ اس وقت متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے کوچ ہیں لیکن مستقبل میں اپنا تجربہ پاکستانی ٹیم کے کام میں لانے کے خواہش مند ہیں۔

ایک اور سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن خان بھی کوچ بننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ وہ ماضی میں بھی یہ ذمہ داری سنبھال چکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کاکہنا ہے کہ محسن خان کو چیف سلیکٹر بننے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انھوں نے کوچ بننے کی خواہش کے پیش نظر چیف سلیکٹر بننے کی پیشکش قبول نہیں کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ماضی میں چار غیرملکی کوچز رچرڈ پائی بس، جیف لاسن، باب وولمر اور ڈیو واٹمور کی تقرری کر چکا ہے۔ ان میں باب وولمر ہی سب سے زیادہ کامیاب رہے تھے لیکن ان کامیابیوں میں بھی اہم کردار انضمام الحق کی قیادت کا تھا۔

[pullquote]’بولی وڈ کے تینوں خان منفرد ہیں‘[/pullquote]

Anoshka Sharma Bollywood

بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے بولی وڈ کے تینوں کامیاب خان یعنی شاہ رخ، عامر اور اب سلمان کے ساتھ کام کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ تینوں ہی منفرد ہیں۔

واضح رہے کہ انوشکا شرما نے بولی وڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز 2008 میں بولی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’رب نے بنادی جوڑی‘ سے کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے ایک بار پھر شاہ رخ کے ساتھ 2012 میں فلم ’جب تک ہے جاں‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

بولی وڈ میں مسٹر پرفیکشنسٹ کہلائے جانے والے عامر خان کے ہمراہ انوشکا نے 2014 کی کامیاب ترین فلم ’پی کے‘ میں کام کیا۔

جس کے بعد اب انوشکا دبنگ اداکار سلمان خان کے ساتھ پہلی بار رواں سال عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’سلطان‘ میں کام کر رہی ہیں۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق انوشکا کا تینوں خانز کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے حوالے سے کہنا تھا کہ تینوں کے ساتھ کام کرنے میں بے حد مزہ آیا، اور تینوں اداکار ایک دوسرے سے منفرد ہیں۔

کیریئر کے اس موڑ پر تینوں مقبول اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انوشکا نے کہا ‘ آپ کو ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے ان تینوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا’۔

اپنے اور ویرات کوہلی کے تعلق سے متعلق افواہوں کے حوالے سے انہوں نے کہا ‘ اس شعبے میں اتنا وقت گزار کر میں نے سیکھا ہے کہ اس طرح کی خبروں کو کس طرح لینا چاہئے’۔

[pullquote]وٹس ایپ : پیغامات بھیجتے وقت مکمل پرائیویسی:[/pullquote]

WhatsApp-Utenti-Attivi

فیس بک کی ملکیت کی اس کمپنی نے کہا ہے کہ ذاتی روابط کی حفاظت کرنا ان کے لیے مرکزی اہمیت رکھتا ہے. فوری طور پر پیغام بھیجنے والی سروس ’وٹس ایپ‘ نے اعلان کیا ہے کہ وہ منگل کے دن سے صارفین کی بات چیت کو اِنکرپٹ کرنا شروع کر دیں گے۔ اس نظام میں بھیجنے والے اور موصول کرنے والے دونوں کی طرف اِنکرپشن کی جائے گی جس کا مطلب ہے کہ بھیجنے والے کا پیغام گڈمڈ ہو گا اور یہ موصول ہونے والے کو صرف اسی وقت سمجھ آئے گا جب وہ اس پیغام کو ڈی کرپٹ کرے گا۔

اگر اس پیغام کو کوئی اور پڑھنے کی کوشش کرے گا مثلاً کوئی مجرم یا کوئی قانون نافذ کرنے والا ادارہ، تو وہ نہیں پڑھ پائے گا۔ وٹس ایپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی فائل ٹرانسفرز اور کالز بھی اِنکرپٹڈ ہوں گی۔ فیس بک کی ملکیت والی اس کمپنی نے کہا ہے کہ ذاتی روابط کی حفاظت ان کے لیے مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔ انکرپشن پر اس وقت توجہ مرکوز ہوئی جب امریکی ادارے ایف بی آئی نے ایپل کمپنی سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلح شخص سید فاروق کے آئی فون کو کو کھولنے میں مدد دے۔ ایپل نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

جن صارفین کے پاس اس ایپ کا بالکل نیا ورژن موجود ہے، ان کے پاس منگل ہی کو یہ خبر پہنچ گئی تھی۔ یہ سیٹنگ خود بخود ہی انسٹال ہو جاتی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ آزادیِ اظہار کی فتح ہے۔ ’یہ آزادیِ اظہار کی فتح ہے، خاص طور پر ان سرگرم کارکنوں اور صحافیوں کے لیے جن کے کام کا انحصار قابل اعتماد ذرائع ابلاغ پر ہے۔ اب وہ اپنی زندگیاں داؤ پر لگائے بغیر کام کر سکیں گے۔‘ سکیورٹی کے تحقیق کار لی منسن کا کہنا تھا: ’وٹس ایپ کا یہ اقدام محفوظ ذرائعِ ابلاغ کی فتح ہے۔‘

[pullquote]عالمی خبریں:
[/pullquote]

[pullquote]گورنو کاراباخ میں جنگ بندی پر عملدرآمد جاری:
[/pullquote]

آذربائیجان کے حکام اور آرمینیائی باغیوں کے نمائندوں کے مطابق جنگ بندی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق بدھ کے دن نگورنو کاراباخ کے متنازعہ علاقے میں لڑائی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ تاہم اطراف کی فورسز مرکزی محاذوں پر ابھی بھی اپنی اپنی پوزیشنیں سنبھالے ہوئے ہیں۔ اس علاقے میں چار روز تک لڑائی کے بعد امن قائم ہوا ہے۔ کاراباخ علیحدگی پسند آرمینیا کی مدد سے اس علاقے کی آزادی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

[pullquote]برسلز میں زندگی معمول پر لوٹ رہی ہے، بیلجیم کے وزیر اعظم:
[/pullquote]

بیلجیم کے وزیر اعظم شارَل میشل نے کہا ہے کہ برسلز میں کیے گئے خود کش حملوں کے بعد زندگی معمول پر آتی جا رہی ہے۔ ان حملوں میں بتیس افراد مارے گئے تھے جبکہ ملکی دارالحکومت میں خوف کی فضا پھیل گئی تھی۔ آج برسلز میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ برسلز کا ہوائی اڈہ جلد ہی بھرپور طریقے سے معمول کا کام شروع کر دے گا جبکہ میٹرو اسٹیشن بھی جلد ہی کھول دیا جائے گا۔ ان حملوں میں انہی دو مقامات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

[pullquote]ممبئی بم دھماکے، تین مجرمان کو عمر قید کی سزا
[/pullquote]

بھارتی کی ایک عدالت نے سن 2002 اور 2003 میں ممبئی میں ہونے والے بم حملوں میں ملوث قرار دیتے ہوئے تین افراد کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ ان خونریز حملوں میں تیرہ افراد ہلاک جبکہ سو سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ تیرہ برس تک جاری رہنے والے اس طویل مقدمے میں مزمل انصاری کو بھی سزا سنائی گئی ہے۔ اس پر الزام تھا کہ اس نے ان بموں کو نصب کیا تھا۔ عدالتی جج نے آج فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔

[pullquote]صدارتی امیدواری کی دوڑ، سینڈرز اور کروز کی کامیابیاں:
[/pullquote]

امریکی صدارتی امیدواری کی دوڑ میں شامل ڈیموکریٹ سیاستدان برنی سینڈرز اور ری پبلکن امیدوار ٹیڈ کروز نے منگل کو منعقد ہونے والی پرائمریز میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ریاست وِسکونسن میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی ناکامی کو ان کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ ڈیموکریٹک پرائمری میں فیورٹ امیدوار ہلیری کلنٹن کی شکست کو بھی امریکی صدارتی امیدواری کی دوڑ میں اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ان پرائمریز میں کامیاب ہونے والے امیدوار ہی باقاعدہ طور پر صدارتی امیدوار بن کر ابھریں گے۔

[pullquote]ترکی میں ہیکنگ، قانونی کارروائی شروع:
[/pullquote] ترک استغاثہ نے پانچ کروڑ افراد کی خفیہ معلومات کو ہیک کیے جانے پر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ترک میڈیا نے سائبر ماہرین کے حوالے سے امکان ظاہر کیا ہے کہ اس کیس میں امریکی ہیکرز ملوث ہو سکتے ہیں۔ رواں ہفتے ہی ہیکرز نے نصف ملین افراد کے اہم ذاتی کوائف کا ڈیٹا بیس ہیک کر کے آن لائن کر دیا تھا۔ ترک حکام نے کہا ہے کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

[pullquote]امریکی عسکری اتحاد کے داعش پر تازہ حملے:
[/pullquote]

امریکی عسکری اتحاد نے انتہا پسند گروہ داعش کے ٹھکانوں پر تازہ تیئیس حملے کیے ہیں۔ امریکی حکام نے آج بتایا کہ اس فضائی کارروائی میں منگل کو عراق اور شام میں جہادیوں کے ٹھکانوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ کمبائنڈ جوائنٹ ٹاسک فورس کے مطابق انیس حملے عراق میں جبکہ چار شام میں کیے گئے۔ اس عسکری اتحاد نے مزید کہا ہے کہ اس تازہ کارروائی میں مطلوبہ اہداف حاصل کر لیے گئے۔ حاصل کیے اہداف کی تفصیل جاری نہیں کی گئی ہے۔

[pullquote]بیرونی سرحدوں کی نگرانی، یورپی کمیشن کا نیا منصوبہ:
[/pullquote]

یورپی کمیشن مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کے لیے آج ایک نیا منصوبہ پیش کر رہا ہے۔ اس مجوزہ منصوبے کے تحت یورپی یونین کے رکن ممالک کی بیرونی سرحدوں کی نگرانی کو مزید بہتر بنایا جائے گا تا کہ مہاجرین کی آمد کے سلسلے کو روکنے میں مدد مل سکے۔ پیرس حملوں کے تناظر میں یورپی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بیرونی سرحدوں کی نگرانی کا نظام بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اس نئے منصوبے میں اس بحران سے نمٹنے کے لیے تکنیکی اقدامات تجویز کیے جائیں گے۔

[pullquote]یمن سے شیلنگ، دو سعودی ہلاک:
[/pullquote]

یمنی علاقے سے سعودی عرب میں سرحد پار کی گئی شیلنگ کے نتیجے میں دو سعودی شہری مارے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ آج بدھ کے روز رونما ہونے والے اس واقعہ میں ایک بچہ زخمی بھی ہوا ہے۔ اس حملے کے لیے یمن میں فعال ایران نواز شیعہ باغیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ سعودی عسکری اتحاد یمن میں ان حوثی باغیوں کے خلاف فوجی کارروائی بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ عالمی طاقتوں کی کوشش ہے کہ یمن کا تنازعہ مذاکرات سے حل کر لیا جائے۔

[pullquote]بوکو حرام کے سابق جنگجوؤں کے لیے بحالی سینٹر:
[/pullquote]

نائجیریا کے حکام نے بوکو حرام کے سابق جنگجوؤں کی بحالی کے لیے ایک خصوصی سینٹر قائم کر دیا ہے۔ اس سینٹر میں ایسے سابق جنگجوؤں کی ذہنی بحالی کا کام کیا جائے گا، جنہوں نے اس شدت پسند تنظیم کو چھوڑ دیا ہے اور اپنے ماضی پر شرمندہ ہیں۔ یہ سابق جنگجو بوکو حرام کے دیگر کارکنوں کو بھی بغاوت ترک کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ اس باغی تحریک کی وجہ سے گزشتہ چھ سالوں میں بیس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]یوکرائن اور یورپی یونین کے مابین فری ٹریڈ، ہالینڈ میں ریفرنڈم:
[/pullquote]

ہالینڈ میں عوام آج ایک ایسے ریفرنڈم میں شرکت کر رہے ہیں، جس کا مقصد یوکرائن اور یورپی یونین کے مابین فری ٹریڈ معاہدے کے مستقبل پر رائے دینا ہے۔ یوکرائن اور یورپی یونین باہمی آزاد تجارتی معاہدے کے تحت مزید قریبی تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ہالینڈ میں ایک سیاسی گروہ اس ریفرنڈم کے خلاف بھی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ یورپی یونین دراصل اس سابقہ سوویت ریاست کو یونین کے قریب لانا چاہتی ہے۔ دوسری طرف اس ریفرنڈم کے حامیوں نے نزدیک اس معاہدے سے یوکرائن میں بدعنوانی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ وہاں انسانی حقوق کی صورتحال بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

[pullquote]شامی پائلٹ النصرہ فرںٹ کے قبضے میں:
[/pullquote]

القاعدہ نیٹ ورک سے منسلک ایک جہادی گروہ نے ایک شامی پائلٹ کو پکڑ لیا ہے۔ گزشتہ روز اس پائلٹ کے جنگی جہاز کو حلب کے قریب نشانہ بنایا گیا تھا تاہم وہ پیراشوٹ کی مدد سے چھلانگ لگانے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ بعد ازاں النصرہ فرنٹ کے جہادیوں نے اسے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق انہی جہادیوں نے اس جنگی طیارے کو راکٹ سے نشانہ بنایا تھا۔

[pullquote]جاپان میں دو جوہری ری ایکٹرز فعال رہیں گے:
[/pullquote]

جاپان نے کہا ہے کہ ملک میں فعال صرف دو جوہری ری ایکٹرز کام کرتے رہیں گے۔ آج ایک عدالت نے مقامی رہائشیوں کی اس بارے میں ایک اپیل مسترد کر دی کہ ان نیوکلیئر پلانٹس میں احتیاطی اقدامات مناسب نہیں ہیں۔ سن 2011 میں فوکوشیما حادثے کے بعد جاپان میں جوہری پلانٹس کے حفاظتی انتظامات کے حوالے سے خدشات بڑھ چکے ہیں۔ اس عدالتی فیصلے کو وزیر اعظم شینزو آبے کے لیے ایک کامیابی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ وہ فوکوشیما کے حادثے کے پانچ برس بعد ایٹمی توانائی کو دوبارہ متعارف کرانے کی کوشش میں ہیں۔

[pullquote]عراق میں اغوا کردہ قطری شکاری رہا کر دیا گیا:
[/pullquote]

شمالی عراق میں گزشتہ برس اغوا کیے گئے درجنوں قطری باشندوں میں سے ایک کو رہا کر دیا گیا ہے۔ قطری وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ اس کے ساتھ ایک ایشیائی باشندے کو بھی آزاد کیا گیا ہے، جو ان قطری شہریوں کے ہمراہ تھا۔ بتایا گیا ہے کہ دیگر مغویوں کی بازیابی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ برس دسمبر میں سعودی سرحد کے قریب ہی واقع ایک صحرائی علاقے سے چھبیس قطری شکاریوں کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ اس واقعے کے بارے میں زیادہ تفصیلات منظر عام پر نہیں آئی تھیں۔

[pullquote]صدر جیکب زوما مواخذے سے بچ گئے:
[/pullquote]

جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما کے خلاف مواخذے کی تحریک ناکام ہو گئی ہے۔ اس پارلیمانی بحث سے قبل ملک کی آئینی عدالت نے کہا تھا کہ صدر زوما ریاستی رقوم کو نجی مقاصد کے لیے استعمال کر کے آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ تاہم زوما ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ ملکی پارلیمان میں ممبران نے اس تناظر میں زوما کے مواخذے کے خلاف ووٹ دیا۔

[pullquote]آذری فوج اور باغیوں کے مابین جنگ بندی کامیاب:
[/pullquote]

آذربائیجان کے حکام اور آرمینیائی باغیوں کے نمائندوں نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق نگورنو کاراباخ کے متنازعہ علاقے میں لڑائی کا سلسلہ تھم چکا ہے۔ تاہم اطراف کی فورسز مرکزی محاذوں پر ابھی بھی اپنی اپنی پوزیشنیں سنبھالے ہوئے ہیں۔ اس علاقے میں چار روز تک لڑائی کے بعد امن قائم ہوا ہے۔ علحیدگی پسند آرمینیا کی مدد سے اس علاقے کی آزادی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

[pullquote]کینیا کے نائب صدر بری کر دیے گئے:
[/pullquote]

انٹرنیشنل کریمنل کورٹ نے کینیا کے نائب صدر ولیم راٹو کے خلاف مقدمے کی کارروائی ختم کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کافی شواہد کی عدم موجودگی کے باعث کیا گیا۔ راٹو اور دیگر کئی افراد پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے سن 2007 کے انتخابات کے بعد نسلی بنیادوں پر نفرت پھیلانے کی کوشش کی تھی، جس کے نتیجے میں شروع ہونے والے پرتشدد واقعات میں ایک ہزار افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]چیمپئنز لیگ کوارٹر فائنل، میونخ کی کامیابی:
[/pullquote]

چیمپئنز لیگ فٹ بال کے ایک اہم کوارٹر فائنل میچ میں جرمن کلب بائرن میونخ کی ٹیم نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد ایس ایل بنفیقا کو ایک صفر سے شکست دے دی۔ گزشتہ روز میونخ میں کھیلے گئے اس میچ میں مڈ فیلڈر آرتورو ویدال میچ کے دوسرے ہی منٹ میں ایک گول کرنے میں کامیاب ہو گئے اور یہ برتری فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ میونخ کی ٹیم اب آئندہ ہفتے کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے میں پرتگیزی ٹیم کے خلاف لزبن میں ایک میچ کھیلے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے