روس میں خودکش دھماکے، 3 حملہ آور ہلاک

ماسکو: روس کے جنوبی علاقے اسٹاوروپول کے ایک گاؤں میں 3 حملہ آوروں نے ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا۔

خبر رساں ادارے نے روسی وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ حملہ آوروں میں سے ایک خودکش بمبار تھا۔

وزارت داخلہ کے ایک ترجمان کے مطابق حملہ آوروں میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اڑالیا، جس کے نتیجے میں دیگر 2 حملہ آور بھی ہلاک ہوئے، تاہم پولیس اہلکاروں یا عام شہریوں سمیت دیگر افراد کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ 3 سے زائد دھماکے اور فائرنگ ہوئی، تاہم اس کی سرکاری ذرائع سے تصدیق نہیں کی جاسکی۔

روس میں یہ دھماکے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب حالیہ دنوں میں یورپ میں دہشت گردی کے متعدد واقعات ہوئے ہیں۔

گذشتہ ماہ بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں ایئرپورٹ اور میٹرو اسٹیشن پر دھماکوں کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 13 نومبر 2015 کو پیرس میں 6 مقامات پر حملے کیے گئے تھے، حملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز میں 4 سے 5 گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا اور 14 نومبر کو رات ایک بجے تمام حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا، ان حملوں میں 130 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے