اذلان شاہ ہاکی میں آج پاکستان اور انڈیا مدمقابل

ملائیشیا میں ہونے والی 25 ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں آج بروز منگل مدمقابل ہوں گی۔

یہ ٹورنامنٹ ان دنوں ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری ہے جس میں سات ٹیمیں شریک ہیں۔

پاکستانی ہاکی ٹیم کی کارکردگی اس ٹورنامنٹ میں اب تک مایوس کن رہی ہے اور وہ تین میچوں میں صرف تین پوائنٹ ہی حاصل کر پائی ہے۔

پاکستانی ٹیم نے پہلے میچ میں کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی تھی لیکن اس کے بعد اسے اگلے دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

نیوزی لینڈ نے اسے تین کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا جبکہ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے اسے صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔

انڈیا کے بعد پاکستان کو ملائشیا اور جاپان سے میچ کھیلنے ہیں۔

انڈین ٹیم نے جاپان اور کینیڈا کے خلاف اپنے میچ جیتے ہیں تاہم آسٹریلیا کے خلاف اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم تینوں میچ جیت کر نو پوائنٹس کے ساتھ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ چکی ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے اس نے چار میچوں میں آٹھ پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پہلی تین پوزیشنوں کے میچ 16 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے