پاکستان اور دنیابھرسےدلچسپ اوراہم خبریں، سیاست، کھیل، صحت، جرائم،فیشن، شوبز

[pullquote]پاکستان[/pullquote]

[pullquote]پامانہ لیکس کی تحقیقات میں قانونی پیچیدگیاں
[/pullquote]

pamana

معاشی ماہرین نے پامانہ لیکس کی تحقیقات میں قانونی پیچیدگیوں کو سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے جبکہ چیئرمین سینیٹ خزانہ کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پامانالیکس پر کوئی تحقیقات نہیں ہوسکتیں، کیونکہ پاکستان اور پامانہ کے درمیان ڈیٹا کے لین دین کا کوئی معاہدہ نہیں.انہوں نے کہا کہ پامانہ لیکس پر تحقیقات کے لیے پانامہ سے ڈیٹا کے لین دین کی ضرورت ہے۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان نے قانونی ڈیٹا کے لین دین کا صرف تاجکستان سے معاہدہ ہے۔

[pullquote]تحقیقاتی کمیشن: پانچ ریٹائر ججز کا سربراہی سے انکار
[/pullquote]

chodri nasir

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے انکشاف کیا کہ جسٹس ناصر ملک، جسٹس تصدق حسین جیلانی، جسٹس امیر ملک مینگل، جسٹس ساحر علی، جسٹس تنویر خان سمیت کئی سابق اور سینئر ججز نے تحقیقاتی کمیشن کی سربراہی سے انکار کردیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی دیگر ججز سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کچھ چھپانا ہوتا تو ریٹائرڈ ججز سے رابطہ نہیں کرتے، کئی ججز نے وقت مانگا ہے جبکہ متعدد نے معذرت کرلی ہے۔
شعیب سڈل سے تحقیقات
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی جانب سے تحقیقات کے لیے شعیب سڈل کا نام دیئے جانے پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے افسر کے بجائے شعیب سڈل کا نام دیا، وہ نہ تو حاضر سروس افسر ہیں جبکہ انہوں نے کبھی ایف آئی اے میں خدمات انجام نہیں دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان ایف آئی اے سے تحقیقات کے لیے اپنی مرضی سے افسر کا انتخاب کرلیں۔
پاناما لیکس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ حکومت کا نہیں وزیراعظم کے دو بیٹوں کا ہے، مسئلے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہ کی جائے، آف شور کمپنیز کا جواب وزیراعظم کے بیٹے خود دیں گے۔

[pullquote]قومی اسمبلی: متنازعہ سائبر کرائم بل منظوری
[/pullquote]

570e46f44925e

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے آج (بدھ) کو الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام کا بل 2015 منظور کرلیا۔
تاہم بل کو قانونی شکل دینے کیلئے سینیٹ سے منظوری ضروری ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) انڈسٹری اور سول سوسائٹی کی مخالفت اور اس پر تحفظات کو دور کئے بغیر بل کی منظوری دی گئی ہے۔
بل کے مخالفین کا کہنا تھا کہ مذکورہ قانون انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بے جا اختیارات دینے کے مترادف ہے۔
مذکورہ بل کا مسودہ آئی ٹی کی وزارت نے جون 2015 میں قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔
تاہم اپوزیشن اراکین کی مخالفت اور آئی ٹی انڈسٹری کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے اسے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کو بھیج دیا گیا تھا۔
آئی ٹی انڈسٹری کے نمائندوں نے زور دیا تھا کہ مذکورہ بل ان کی تجارت کیلئے نقصان کا باعث ہے۔
مذہب، ملک، عدالتوں اور فورسز پر آئن لائن تنقید اس بل کے تحت سرکاری کام میں مداخلت کے زمرے میں آئےگی۔
[pullquote]سائبر کرائم بل کیا ہے؟
[/pullquote]
انسداد الیکٹرانک کرائم بل میں کمپیوٹر اورانٹرنیٹ کے ذریعے کیے جانے والے جرائم کی روک تھام پرسزاؤں کا تعین کیا گیا، جس کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیو نیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اسلامی اقدار، قومی تشخص، ملکی سیکیورٹی اور دفاع کے خلاف مواد بند کرنے کی پابند ہوگی۔
سائبر کرائم کی ایک عام تعریف یہ بیان کی جاتی ہے کہ ہر ایسی سرگرمی جس میں کمپیوٹرز یا نیٹ ورکس کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے کسی کو ہدف بنایا جائے یا مجرمانہ سرگرمیاں کی جائیں یا انہیں مخصوص فریقین کی جانب سے خلاف قانون سمجھا جائے۔

[pullquote]’الطاف حسین نے را سےتحریری معاہدےکااعتراف کیا’
[/pullquote]

570de9c0b264d

کراچی: برطانیہ کے سابق سفارتکار شہریار خان نیازی نے یہ انکشاف کیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین نے اسکاٹ لینڈ یارڈ حکام کے سامنے اعتراف کا دستاویزی ثبوت موجود ہے کہ وہ ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے لیے کام کرتے ہیں جبکہ ان کا ‘را’ کے ساتھ تحریری معاہدہ بھی موجود ہے۔
نجی چینل جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے شہر یار خان نیازی نے کہا کہ الطاف حسین اور ‘را’ کے درمیان معاہدے کے بھی دستاویزی ثبوت موجود ہیں، وہ اقرار کریں کہ ‘را’ حکام سے ان کی ملاقات ہوئی تھی جبکہ اس پر پاکستانی قوم سے معافی مانگیں۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سابق برطانوی سفارت کار شہریار خان نیازی 12 سال تک برطانوی حکومت کے لیے مختلف سرکاری عہدوں پر کام کرتے رہے ہیں جبکہ وہ پہلے پاکستانی جو 3 سال سے زائد عرصہ برطانیہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن پاکستان میں تعینات رہے۔
شہریار خان نیازی کے مطابق الطاف حسین کی جانب سے قوم سے معافی نہ مانگنے پر وہ 7 دن بعد ثبوت پیش کرنا شروع کر دیں گے۔

[pullquote]خورشید شاہ کا چوہدری نثار پر ‘بے وفا’ ہونے کا الزام
[/pullquote]

570de5aec1f97

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں پاناما لیکس کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان لفظی جنگ نے اُس وقت شدت اختیار کرلی جب قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ‘بلیک میلنگ ‘ کا سہارا لینے پر وزیر داخلہ چوہدری نثار پر برس پڑے اور ان پر وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ‘بے وفائی’ کا الزام بھی لگا ڈالا.
عام طور پر قومی اسمبلی کے فلور پر کوئی بھی سید خورشید شاہ کے کنٹرول سے باہر ہونے کی توقع نہیں کرسکتا، کیونکہ بحیثیت ایک تجربہ کار سیاستدان، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے متعدد مواقعوں پر خود کو ایک سمجھدار انسان ثابت کیا ہے.
لیکن گذشتہ روز معاملہ کچھ مختلف تھا.
اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرداخلہ کے اس اعتراف پر کہ ‘لندن کے مے فیئر اپارٹمنٹس بلا شبہ نواز شریف کے ہیں’، خورشید شاہ نے کہا، ‘میں کل پریس کانفرنس دیکھ رہا تھا، جس میں (چوہدری نثار) مسکرا رہے تھے، ایسے جیسے انھوں نے اپنا چاقو میاں نواز شریف کو مار دیا ہو.’
اپوزیشن لیڈر نے الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے اثاثوں کی تفصیلات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘پورا تنازع یہ ہے کہ ان کا اعلان نہیں کیا گیا تھا’.
انھوں نے وزیرداخلہ کی اپنی پارٹی لیڈر کے ساتھ وفاداری پر بھی سوال اٹھایا.
ان کا کہنا تھا، ‘ایک ایسا سیاستدان، جو اس وقت چین کی نیند سوتا رہا، جب اس کا لیڈر جیل میں یا جلاوطنی کی زندگی گزار رہا تھا، شیر نہیں کہلا سکتا’، یہاں خورشید شاہ 1999 کی فوجی بغاوت کے دوران چوہدری نثار کی گھر پر نظربندی کا تذکرہ کر رہے تھے جب کہ شریف برادران کو اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا تھا.
خورشید شاہ نے اپنی تقریر کے آغاز میں ہی تلخ لہجہ اپنالیا تھا، جب ان کا کہنا تھا، ‘پارلیمنٹ ایک بہت اہم فورم ہے، یہاں تند و تیز اور شیریں لفظوں کا تبادلہ ہوا ہے، جھوٹ بولے گئے ہیں اور الزامات لگائے گئے ہیں.’
انھوں نے اصرار کیا کہ ان کا سیاسی کیریئر بالکل ایک کھلی کتاب کی مانند ہے اور ساتھ ہی چوہدری نثار کی جانب سے خود پر لگائے گئے الزامات پر بھی مایوسی کا اظہار کیا.

[pullquote]راجن پور میں گینگسٹرز کے خلاف فضائی کارروائی
[/pullquote]

800px-RAN_squirrel_helicopter_at_melb_GP_08

لاہور: راجن پور کے دریا کنارے علاقے میں گینگسٹرز کے خلاف جاری آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے فضائی کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
راجن پور کے جس علاقے میں فورسز نے فضائی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اس کے اطراف میں 10 کلومیٹر کا علاقہ پانی پر مشتمل ہے۔
راجن پور پولیس نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس مشتاق احمد سکھیرا سے درخواست کی ہے کہ انھیں فضائی کارروائی کے لیے 2 فوجی ہیلی کاپٹرز فراہم کیے جائیں۔
فورسز کی جانب سے گینگسٹرز کو فضائی کارروائی سے قبل ہتھیار ڈالنے کی بھی پیشکش کی گئی ہے۔
پولیس کے اعلیٰ حکام نے ڈان کو اس حوالے سے آگاہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے زمینی آپریشن وقتی طور پر روک دیا ہے تاکہ اس آپریشن کی وجہ سے دیگر نقصانات نہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ فورسز کی جانب سے خواتین، بچوں اور دیگر افراد کو آخری بار متنبہ کر دیا گیا ہے کہ وہ اس جزیرے سے نکل جائیں۔
حکام نے بتایا کہ سندھ اور بلوچستان کی سرحد پر واقع اس جزیرے پر کئی دہائیوں سے سیکڑوں افراد رہ رہے ہیں، ان میں اکثریت گینگسٹرز کے خاندانوں کی ہے۔
حکام کے مطابق ‘ضربِ آہن’ کے نام سے ہونے والے آپریشن میں پولیس، رینجرز، ایلیٹ فورس کے کمانڈوز اور محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔
پنجاب پولیس کے سربراہ مشتاق سکھیرا نے آپریشن کے دوران اس علاقے میں قائم چوکیوں کا دورہ کیا اور آپریشن کی منصوبہ بندی کا جائزہ لیا۔
آئی جی پنجاب کے ہمراہ بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان کے پولیس حکام، ڈی پی اوز اور رینجرز کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا کہ رینجرز کی جانب سے مارٹر گولوں کے حملوں کے باعث پولیس کو گینگسٹرز کے خلاف کارروائی میں بہت حد تک مدد حاصل ہوئی۔
پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ معاشرے کے ‘برے عناصر’ کے خلاف کارروائی آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور سیکیورٹی فورسز بہت جلد ان کا خاتمہ کر دیں گی۔

[pullquote]عالمی خبریں[/pullquote]

[pullquote]پٹھان کوٹ تحقیقات:مقتول تفتیشی افسرکی بیوی بھی ہلاک
[/pullquote]

570e0875e4053

نئی دہلی: ہندوستان کے تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے 10 روز قبل قتل ہونے والے افسر محمد تنزیل احمد کی زخمی اہلیہ بھی دم توڑ گئیں۔
3 اپریل کو محمد تنزیل احمد اپنی بیوی اور 2 بچوں کے ہمراہ بھتیجی کی شادی سے واپس آ رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا، حملے میں تنزیل احمد کو 21 گولیاں لگیں جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک جبکہ ان کی اہلیہ فرزانہ شدید زخمی ہو گئیں تھیں، تاہم ان کے دونوں بچے محفوظ رہے تھے۔
ہندوستانی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق فرزانہ نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔
انڈیا ٹو ڈے نے رپورٹ کیا کہ آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈاکٹرز نے 10 روز تک فرزانہ کی جان بچانے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیابی حاصل نہ کرسکے، جس کے بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔

[pullquote]مقبوضہ کشمیرمیں فوجی اہلکار کی طالبہ سے’ریپ’کی کوشش
[/pullquote]

rawalpindi-rape

سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک فوجی اہلکار کی جانب سے اسکول کی طالبہ سے ‘ریپ’ کی کوشش کے بعد شروع ہونے والے احتجاج میں ایک خاتون سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کشمیر کے علاقے ہندواڑا میں ایک فوج کے ایک اہلکار نے کمسن لڑکی سے ریپ کی کوشش کی جس کے بعد ہندواڑا سے شروع ہونے والے احتجاج نے ریاست کے مختلف علاقوں میں لپیٹ میں لے لیا۔
ہندواڑا میں احتجاج کے دوران مظاہرین نے فوج کے ایک بنکر پر حملہ کیا اور اس کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی جس پر فوجی اہلکاروں نے مظاہرین پر فائرنگ کر دی جس سے 2 نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوئے، بعد ازایں احتجاج کے دوران ایک 70 سالہ خاتون بھی فوجی اہلکاروں کی فائرنگ کی زد میں آئی، جس کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

[pullquote]نیٹو اور روس کی میٹنگ بیس اپریل کو ہو گی
[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے اعلان کیا ہے کہ روس کے ساتھ یوکرائنی تنازعہ، عسکری اختلافات اور افغانستان کی داخلی صورتحال سمیت دوسرے معاملات پر ایک اہم میٹنگ بیس اپریل کو ہو گی۔ گزشتہ دو برسوں میں یہ فریقین کی یہ پہلی مینٹگ ہے۔ اس میں میٹنگ میں دفاعی اتحاد کی رکن ریاستوں کے سفیر روسی قیادت کے ساتھ معاملات پر گفتگو کریں گے۔ نیٹو کی خاتون ترجمان کے مطابق یہ میٹنگ تعلقات میں معمول کی بحالی کا اشارہ نہیں ہے بلکہ اہم معاملات پر بات چیت کی ضرورت کے تحت اِسے پلان کیا گیا ہے۔ نیٹو نے کریمیا کے روس میں ادغام کے بعد روس کے ساتھ اپنے معاملات کو معطل کر دیا تھا۔

[pullquote]آئی ایم ایف نے عالمی شرحِ پیداوار میں کمی کی پشین گوئی کر دی
[/pullquote]

عالمی مالیاتی ادارے کی سہ ماہی رپورٹ کے اجرا پر ادارے کے چیف اکانومسٹ موریس اوبسٹفیلڈ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کئی ملکوں کی اقتصادی ترقی کے سکڑنے کے عمل نے عالمی اقتصادی شرح پر گہرے منفی اثرات مرتب کیے ہیں اور اِس نے معاشی ترقی کے عمل کو کمزور کر دیا ہے۔ اوبسفیلڈ کے مطابق اِس معاشی صورتحال کے باعث عالمی شرح پیداوار جو رواں برس کی پہلی سہ ماہی کے لیے 3.2 فیصد مقرر کی گئی تھی، اب اُس میں 0.2 فیصد کی کمی کر دی گئی ہے۔ یہ کمی رواں برس کی دوسری سہ ماہی کے لیے کی گئی ہے۔ اِس رجحان کو دیکھتے ہوئے مالیاتی ادارے نے دنیا کی تمام اہم اقتصادیات کے حامل ملکوں کی مستقبل کی اکنامک آؤٹ لُک میں کمی کے رجحان کا عندیہ دیا ہے۔

[pullquote]شام میں اشتعال انگیزیاں فائربندی کے منافی ہیں: فرانس
[/pullquote]

فرانس نے آج خبردار کیا ہے کہ شام میں پرتشدد واقعات میں شدت پیدا ہونے سے رواں ہفتے کے دوران شروع ہونے والے امن مذاکرات پٹری سے اتر سکتے ہیں۔ شامی حکومت نے حلب اور غوطہ کے علاقوں میں بھاری عسکری کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور پیرس حکومت کے مطابق یہ جنگ بندی کی ڈیل کی منافی ہیں اور عالمی کوششوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ امریکا نے بھی اِس صورت حال پر تشویش ظاہر کی ہے۔ شامی امن مذاکرات کا سلسلہ کل بدھ سے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں شروع ہو رہا ہے۔ اِس مذاکراتی راؤنڈ کے شروع ہونے کی تصدیق شام کے لیے اقوام متحدہ کے مستقل مندوب اسٹیفان ڈے مستورا نے بھی کی ہے۔

[pullquote]ملائیشین فنڈ: سوئس حکام نے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا
[/pullquote]

سوئٹزرلینڈ کی جانب سے آج منگل کے روز بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نجیب رزاق سے جڑے ملائیشین فنڈ کی اربوں ڈالر کی کرپشن کی تفتیش کو وسعت دے دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اِس کرپشن میں متحدہ عرب امارت کے دو مشتبہ افراد کے نام سامنے آئے ہیں۔ سوئس اٹارنی جنرل کے دفتر نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ ملائیشین فنڈ کے معاملے میں کرپشن سے متعلق سوئس قوانین کی خلاف ورزی واضح طور پر دکھائی دیتی ہے۔ ملائیشیا کے وزیراعظم کو تقریباً چار بلین ڈالر کی کرپشن کے الزام کے تحت سنگین سیاسی مسائل کا سامنا ہے۔ سوئس حکام گزشتہ برس اگست سے اِس معاملے کی چھان بین کر رہے ہیں۔

[pullquote]یمنی بندرگاہی شہر میں بم حملے میں پانچ فوجی ہلاک
[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک یمن کے اہم بندرگاہی شہر عدن میں کیے گئے ایک بم حملے میں صدر منصور ہادی کی حامی فوج کے پانچ فوجی مارے گئے ہیں۔ حکام کے بقول یہ ایک خود کش حملہ تھا۔ دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے اِس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے بیان میں کہا گیا کہ حملے کے لیے بارودی ڈیوائس استعمال کی گئی ہے۔ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب یمن کے تین بڑے فریق اتوار اور پیر سے جنگ بندی پر عمل پیرا ہیں۔

[pullquote]ترکی میں بم حملہ: دو فوجی ہلاک، پچاس افراد زخمی
[/pullquote]

ترکی میں ایک کار بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم دو فوجی ہلاک جبکہ پچاس افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ کرد اکثریتی صوبے دیاربکر میں ہانی ضلع میں یہ حملہ ایک سکیورٹی چوکی پر کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں انتالیس فوجی بھی شامل ہیں۔ ترک حکومت نے گزشتہ رات کیے گئے اس حملے کا الزام کالعدم کردستان ورکرز پارٹی پر عائد کیا تھا۔ اس پرتشدد کارروائی کے بعد حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے فوج نے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ ترک فوج نے مبینہ کرد عسکریت پسندوں کے خلاف ملک کے جنوب مشرقی کرد علاقے میں گزشتہ برس جولائی میں عسکری کارروائیاں شروع کی تھیں۔

[pullquote]جنوبی کوریا نے تیرہ افراد کو اغوا کیا ہے: شمالی کوریا کا الزام
[/pullquote]

کمیونسٹ ملک شمالی کوریا نے اپنے ہمسایہ ملک جنوبی کوریا پر تیرہ افراد کو اغوا کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ شمالی کوریائی حکومت کے مطابق جنوبی کوریا پہنچنے والے تیرہ افراد منحرف نہیں ہوئے بلکہ اُن کو سیئول حکومت کے ایما پر مغوی بنایا گیا ہے۔ پیونگ یانگ حکام نے اِس عمل کو ناقابلِ بیان اغوا کی واردات قرار دیا ہے۔ کمیونسٹ کوریا کے ترجمان نے جنوبی کوریا سے معذرت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا خطرناک نتائج کی دھمکی دی۔ بیجنگ حکومت کے مطابق شمالی کوریا کی بارہ نوجوان خواتین اور اُن کا ایک مینیجر قانونی سفری دستاویزات کے ساتھ چین سے گئے تھے۔ ان افراد نے گزشتہ جمعرات کو جنوبی کوریا میں مستقلاً رہائش اختیار کرنے کی درخواست کی تھی۔

[pullquote]تین بلقان ریاستوں کے رہنماؤں کی ملاقات
[/pullquote]

بوسنیا میں جاری تجارتی میلے کے حاشیے میں میزبان ملک بوسنیا، سربیا اور کروشیا کے لیڈروں نے ایک میٹنگ میں شرکت کی ہے۔ ان لیڈروں کی ملاقات کا مقصد خطے میں باہمی تعلقات کو بہتر بنانا ہے۔ حال ہی میں جنگی جرائم سرزد کرنے والے مشتبہ افراد کے حوالے سے ان ملکوں کے لیڈروں نے سخت الفاظ کا استعمال کیا تھا۔ بوسنیا کے جنوبی شہر موستار میں آج بین الاقوامی تجارتی میلے کی افتتاحی تقریب میں بلقان خطے کی ان تینوں ریاستوں کے لیڈران شریک تھے۔ لیڈران نے اپنے علاقے کی اقتصادی ترقی کے لیے قریبی تعلقات کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ کروشیا کے بعد سربیا اور بوسنیا بھی یورپی یونین کی رکنیت حاصل کرنے کی کوششوں میں ہیں۔

[pullquote]بیلجیم میں دو مزید مشتبہ افراد گرفتار
[/pullquote]

بیلجیم کے استغاثہ نے بتایا ہے کہ دہشت گردی سے متعلق الزامات کے تحت مزید دو مشتبہ افراد پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ شبہ ہے کہ یہ دونوں ایسے گھروں کو کرائے پر چڑھانے میں ملوث تھے، جو مبینہ طور پر دہشت گردوں یا عسکریت پسندوں کے لیے ’محفوظ ٹھکانے‘ تھے۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں ملزمان پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کے مختلف الزمات عائد کیے گئے ہیں۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ انہیں کب اور کہاں سے حراست میں لیا گیا ہے۔

[pullquote]شام میں ہیلی کاپٹر کریشن، دو روسی پائلٹ ہلاک
[/pullquote]

شام میں کارروائی کے دوران حمص میں روسی ہیلی کاپٹر کے کریش ہونے کے نتیجے میں دو روسی پائلٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔ روسی وزیر دفاع نے شواہد کی بنیاد پر بتایا ہے کہ ایئر کرافٹ پر حملہ نہیں کیا گیا۔ اس ہیلی کاپٹر کو یہ حادثہ آج علی الصبح پیش آیا۔ اس تازہ حادثے کے بعد شام میں روسی عسکری مداخلت کے دوران وہاں ہلاک ہونے والی روسی فوجیوں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔

[pullquote]انتظامی تعاون کا معاہدہ، امریکا اور بھارت اصولی طور پر متفق
[/pullquote]

بھارت اور امریکا عسکری تعاون کے ایک اہم معاہدے پر اصولی طور پر متفق ہو گئے ہیں۔ امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے اس پیشرفت کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ واشنگٹن کی کوشش ہے کہ بھارت انتظامی تعاون کے اس معاہدے کو حتمی شکل دے دے۔ اس معاہدے کے تحت امریکی اور بھارتی افواج سپلائی، مرمت اور آرام کی غرض سے ایک دوسرے کی زمینی، فضائی اور بحری حدود کو استعمال کر سکیں گی۔

[pullquote]راکٹ حملوں کے جواب میں ترک فوج کی کارروائی
[/pullquote]

ترک فوج نے شام میں انتہا پسند گروہ داعش کے ٹھکانوں پر جوابی حملہ کیا ہے۔ ترک وزیر اعظم کے مطابق شمالی شام سے راکٹ فائر کیے جانے کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دوسرے دن بھی داعش نے سرحد پار راکٹ داغے، جس کے جواب میں ترک فوج نے کارروائی کی۔ شمالی شام سے متصل ترک علاقوں میں ایک لاکھ دس ہزار شامی مہاجرین پناہ گزیے ہیں، جہاں داعش اکثر ایسے حملے کرتی رہتی ہے۔

[pullquote]طالبان کے ’موسم بہار‘ کے نئے آپریشن کا آغاز ہو گیا
[/pullquote]

افغان طالبان نے ملک بھر میں سالانہ ’موسم بہار کے حملوں‘ کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا کو ارسال کردہ اپنی ایک ای میل میں اس عسکریت پسند گروہ نے کہا ہے کہ آج صبح پانچ بجے سے اس نئی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مرتبہ اس عسکری کارروائی کا نام سابق جنگجو کمانڈر ملا عمر کے نام پر ’آپریشن عمری‘ رکھا گیا ہے۔ طالبان ہر برس موسم معتدل ہوتے ہی اپنے نئے حملوں کا آغاز کر دیتے ہیں۔

[pullquote]امریکی عسکری اتحاد کے داعش پر تازہ حملے
[/pullquote]

امریکی عسکری اتحاد نے انتہا پسند گروہ داعش کے ٹھکانوں پر تازہ تیرہ حملے کیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ نو حملے عراق جبکہ چار شام میں کیے گئے۔ امریکا میں کمبائنڈ جوائنٹ فورس نے بتایا ہے کہ اس فضائی کارروائی میں جہادیوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]برونڈی میں فائرنگ، پانچ افراد ہلاک
[/pullquote]

برونڈی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ سات دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام نے آج بتایا ہے کہ گزشتہ رات کچھ مسلح افراد نے تنزانیہ کی سرحد کے قریب روئیگی نامی مشرقی علاقے میں واقع ایک مارکیٹ میں فائرنگ کر دی۔ پولیس کے مطابق حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

[pullquote]برازیل میں صدر کا مواخذہ کیا جائے گا
[/pullquote]

برازیل کی کانگریس کمیٹی نے صدر ڈلما روسیف کے مواخذے کی حمایت کر دی ہے۔ پینسٹھ رکنی اس کمیٹی کے اڑتیس ارکان نے کہا کہ صدر کے خلاف مواخذے کا عمل شروع کرنا چاہیے جبکہ ستائیس ممبران نے اس کی مخالفت کی۔ روسیف پر الزام ہے کہ انہوں نے بڑھتے ہوئے ریاستی خسارے کو چھپانے کے لیے حکومتی اکاؤنٹس میں ہیرا پھیری کی ہے۔ اب اس حوالے سے سترہ یا اٹھارہ اپریل کو برازیل کے ایوان زیریں میں ووٹنگ ہو گی۔ ناکامی کی صورت روسیف میں اپنے عہدے سے ہاتھ دھو سکتی ہیں۔

[pullquote]کانگو میں زرد بخار سے اکیس افراد ہلاک
[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے بتایا ہے کہ افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں ’زرد بخار‘ کے باعث اکیس افراد مارے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کچھ لوگ ہمسایہ ملک انگولا میں اِس وائرس کی لپیٹ میں آئے تھے۔ انگولا میں اس وباء کے نتیجے میں 225 افراد ہلاک جبکہ سولہ سو سے متاثر ہو چکے ہیں۔ عالمی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ زرد بخار کی وباء کانگو میں بھی تیزی سے پھیل سکتی ہے۔

[pullquote]مندر حادثہ، پانچ مطلوب افراد نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا
[/pullquote]

بھارتی ریاست کیرالا کے ایک مندر میں رونما ہونے والے حادثے میں مطلوب پانچ افراد نے آج خود کو پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ بھارتی پولیس کے مطابق ان افراد پر الزام ہے کہ وہ آتش بازی کا مظاہرہ کرنا چاہتے تھے جبکہ قانون کے مطابق اس طرح کی کارروائی پر پابندی عائد ہے۔ جنوبی ریاست کیرالا میں ہفتے کی رات رونما ہونے والے اس حادثے کی وجہ سے سو سے زائد افراد مارے گئے تھے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد ان پر آج ہی باقاعدہ فرد جرم عائد کر دی جائے گی۔

[pullquote]جی سیون کے اعلامیے پر چین کا سخت ردعمل
[/pullquote]

بیجنگ حکومت نے جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کی سمٹ کے اعلامیے پر شدید اختلافی ردعمل ظاہر کیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی طرف سے آج جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بحیرہ جنوبی چین کے متنازعہ سمندری حدود کے بارے میں کوئی بیان دیتے ہوئے جی سیون کو اپنے ماضی کے وعدوں پر قائم رہنا چاہیے۔ جی سیون نے چین کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ ان متنازعہ سمندر میں اشتعال انگیزی سے کام نہیں لینا چاہیے۔

[pullquote]نیپال میں بس حادثہ ، بائیس مسافر ہلاک
[/pullquote]

نیپال میں ایک بس حادثے کے نتیجے میں کم ازکم بائیس افراد ہلاک جبکہ تئیس زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ ضلع کھوٹانگ میں ایک مسافر بردار بس کنٹرول سے باہر ہوتے ہوئے ایک کھائی میں جا گری۔ ابھی تک واضح نہیں ہو سکا کہ اس بس میں کتنے مسافر سوار تھے۔ خراب سڑکوں، غیرذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور بوسیدہ گاڑیوں کی وجہ سے نیپال میں ایسے حادثے رونما ہوتے رہتے ہیں۔

[pullquote]کھیلوں کی خبریں[/pullquote]

[pullquote]پاکستان کا نیا کوچ انڈین پریمیئر لیگ سے
[/pullquote]

570cde43c0292

پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے نئے ہیڈ کا تقرر مئی کے پہلے ہفتے کے دوران کیا جائے گا اور اس کا انتخاب ممکنہ طور پر ہندوستان میں جاری انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں شریک کوچز میں سے کیا جائے گا۔
ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچ وقار یونس نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد سابق کھلاڑیوں وسیم اکرم اور رمیز راجہ پر مشتمل کمیٹی کو ان کے جانشین کے انتخاب کی ذمہ داری دی گئی تھی۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے کہا کہ نئے کوچ کا تقرر مئی کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا اور وسیم اکرم اس وقت آئی پی ایل کے لیے ہندوستان میں موجود ہیں جہاں وہ امیدواروں سے اس معاملے پر بات چیت کریں گے۔
کوچنگ کے عہدے کے لیے سابق آسٹریلین کرکٹرز ڈین جونز اور ٹام موڈی کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی پی ایل میں ٹام موڈی سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیم سے منسلک ہیں جبکہ ڈین جونز نے پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے کوچنگ کے فرائض انجام دیے تھے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ نئی سلیکشن کمیٹی کی تقرری کا اعلان بھی اگلے ہفتے تک کردیا جائے گا جہاں ہارون رشید کی زیر سربراہی سابقہ سلیکشن کمیٹی کو قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر فارغ کردیا گیا تھا۔
شہریار خان نے تصدیق کی کہ چیف سلیکٹر کے عہدے کے لیے محسن حسن خان سے رابطہ کیا گیا تھا لیکن انہوں نے کوچنگ میں دلچسپی ظاہر کی۔
قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے لیے معین خان اور اقبال قاسم کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی ٹیم کی آئندہ چند ماہ تک کسی قسم کی مصروفیات نہیں اور قومی ٹیم جولائی میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف چار ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

[pullquote]ملنگا آئی پی ایل میں شرکت کیلئے این او سی کے منتظر
[/pullquote]
570d4d7f0f148

کولمبو: سری لنکا کرکٹ بورڈ ٹیم کے مایہ باز فاسٹ باؤلر لاسیتھ ملینگا کو انڈین پریمئر لیگ میں شمولیت کی اجازت دینے کے لیے تذبذب کا شکار ہے جس کے باعث انھیں تاحال ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے این او سی جاری نہیں کی گئی۔
لاستھ ملنگا انجری کے باعث چند ماہ سے سری لنکا ٹیم کا حصہ نہیں ہیں جبکہ وہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنی ٹیم کی قیادت کرنے سے بھی قاصر رہے تھے جہاں ان کی ٹیم نے انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
سری لنکن ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں مکمل ناکام رہی تھی اور لگاتار شکستوں کے بعد گروپ مرحلے سے آگے نہیں بڑھ پائی تھی۔
کرک بز کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف تھیلنگا سوماتھیپالا کا کہنا تھا کہ "وہ ہماری اجازت کے بغیر نہیں جاسکتے اگر وہ ہماری اجازت کے بغیر جاتے ہیں تو صرف میدان سے باہر بیٹھ کر وہی سے واپس آئیں گے”۔
ملنگا کی شاندار باؤلنگ کی بدولت ممبئی انڈینز نے گزشتہ سیزن میں چمپین بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور انھیں آئی پی ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
ملنگا نے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف ایک میچ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی تھی اس کے علاوہ کوئی میچ کھیل نہیں پائے تاہم وہ ٹیم کے ساتھ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں حصہ لینے ہندوستان گئے تھے مگر وہاں بھی انجری کے باعث وہ میدان میں نہیں اتر سکے تھے۔

[pullquote]شوبز[/pullquote]

[pullquote]ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
[/pullquote]

570dd721958e4

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے سپر ماڈل ایان علی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا.
ماڈل ایان علی نے دسمبر 2015 میں اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر فیصلہ سناتے ہوئے گذشتہ ماہ 7 مارچ کو سندھ ہائی کورٹ نےایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا.
جس کے بعد وزارت داخلہ اور کسٹمز حکام نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا.
سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے ایک ہفتہ قبل مذکورہ کیس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج سنایا گیا.
سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے وزارت داخلہ اور کسٹمز حکام کی اپیلیں خارج کردیں اور ایان علی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا.
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ آئین شہریوں کو سفر کرنے کی اجازت دیتا ہے اور ایسی کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ ایان علی پر سفری پابندیاں عائد کی جائیں.

[pullquote]طاہرشاہ بے جا تنقید پرخاموش نہ رہ سکے
[/pullquote]

892219-DSCx_c-1432578085-892-640x480

کراچی:راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے پاکستانی گلو کار طاہر شاہ کے گانے اینجل کی غیر معمولی مقبولیت اور بے تحاشہ تنقید پر ان کا موقف سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق دو ہزار تیرہ میں ریلیز ہونے والے گانے آئی ٹو آئی کی شہرت کے بعد طاہر شاہ نے حال ہی میں اپنا نیا گانا اینجل ریلیز کیاجو دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں کی توجہ کامرکز بن گیا۔
اینجل نے بہت کم وقت میں زیادہ سے زیادہ مقبول ہونے ریکارڈ قائم کیا ہے،تعریف کے ساتھ ان کے گانے کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنا یا گیا ہے،طاہر شاہ نے بالآخر اپنے گانے پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں بے جا تنقید کی فکر نہیں کرتا بلکہ کچھ الگ کرنے پر یقین رکھتا ہوں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لوگ میرے بارے میں کیا باتیں کرتے ہیں میں لوگوں کو تفریح فراہم کرنا چاہتا ہوں ،ان کا کہنا ہے کہ مجھے یقین تھا میرا گانا اینجل آئی ٹو آئی سے زیادہ مقبولیت حاصل کرے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے