اقتصادی ترقی کا دارومدار کراچی میں امن پر ہے: آرمی چیف

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ملک کی اقتصادی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کا دارومدار دہشت گردی کے خاتمے اور پرامن کراچی سے وابستہ ہے۔

بدھ کو کور ہیڈ کوارٹرز کراچی میں آرمی چیف کو کراچی میں شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس اجلاس میں کور کمانڈر کراچی، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ملٹری آپریشنز شریک تھے۔

فوج کے سربراہ نے کراچی میں امن کے قیام کے لیے رینجرز کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وجہ سے کراچی میں سکیورٹی کی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔

جنرل راحیل نے آپریشن کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کرنے پر کراچی کے شہریوں کو بھی سراہا۔

انھوں نے کہا کہ اقتصادی سرگرمیاں اور ترقی امن سے وابستہ ہیں اور کراچی میں جاری آپریشن کا مقصد شہر میں اقتصادی سرگرمیوں کو مکمل طور پر بحال کرنا اور اُن میں تیزی لانا ہے۔

فوج کے سربراہ نے کراچی میں ایئر وار کورس کے شرکا سے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے ملک کی ترقی کے لیے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم ظاہر کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن ضربِ عضب میں پاکستان کی فضائی افواج نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے