‘پاکستان کے لیے کوچ کا فیصلہ ہو گیا’

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) قومی ٹیم کی مینجمنٹ کیلئے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے جہاں محسن حسن خان، اقبال قاسم اور ڈین جونز کو ممکنہ طور پر عہدے دیے جائیں گے لیکن سابق کوچ معین خان بورڈ کے منصوبوں کا حصہ نہیں ہیں۔

ایک پی سی بی آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بورڈ مئی میں قومی ٹیم کیلئے غیر ملکی کوچ کا تقرر کرے گا اور ممکنہ طور پر سابق آسٹریلین بلے باز ڈین جونز کو ذمے داریاں سونپی جائیں گی۔

باوسوخ ذرائع کے مطابق ٹام موڈی بھی کوچ کے عہدے کیلئے پی سی بی کی نظروں میں ہیں اور انہیں بھی مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔ پی سی بی نے قومی ٹیم کیلئے بہترین کوچ ڈھونڈنے کیلئے سابق ٹیسٹ کرکٹرز وسیم اکرم اور رمیز راجہ کو یہ ذمے داریاں سونپی تھیں۔

نئے کوچ کی پہلی ذمے داری جولائی میں انگلینڈ کے خلاف سیریز ہو گی جسے گرین شرٹس کیلئے ایک برا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔

آفیشل نے بتایا کہ پہلے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید بھی اس نوکری میں دلچسپی رکھتے تھے لیکن جب انہوں نے اس طرح کی اطلاعات سنیں کہ پی سی بی غیرملکی کوچ کی تقرری میں دلچسپی لے رہا ہے تو وہ اس سے دستبردار ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ محسن خان بھی کوچ کے عہدے میں دلچسپی رکھتے ہیں لیکن پی سی بی انہیں چیف سلیکٹر کا منصب سونپنا چاہتا ہے۔

لیکن محسن نے پی سی بی کی اس پیشکش کو مسترد کردیا جس کے بعد بورڈ نے انہیں ٹیم منیجر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی آفیشل نے بتایا کہ چیف سلیکٹر کا عہدہ اقبال کو سونپا جائے گا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سابق کپتان اور کوچ معین خان بورڈ کے منصوبوں کا حصہ نہیں ہیں اور انہیں کوئی بھی ذمے داری سونپے جانے کا امکان نہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے