93 سالہ دلیپ کمار کی طبیعت ناساز….. ہسپتال میں داخل

ممبئی: بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کو سانس کی تکلیف کے باعث ممبئی کے ایک ہسپتال میں داخل کرادیا گیا۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ میں ہسپتال ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ اداکار کو ہفتے کی رات ڈھائی بجے ممبئی کے لیلا وتی ہسپتال لایا گیا۔

لیلا وتی ہسپتال کے ڈاکٹر جلیل پارکر نے بتایا، ‘مجھے کال موصول ہوئی کہ وہ (دلیپ کمار) بیمار ہیں، انھیں بخار ہے اور وہ نمونیا کا بھی شکار ہیں، ان کے خون کے سفید خلیات بھی بڑھ گئے ہیں، جس کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ دلیپ کمار کو ہسپتال میں داخل کرنا زیادہ مناسب ہے۔’

بعد ازاں ڈاکٹر پارکر نے ہندوستانی نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ اگر دلیپ کمار کی حالت اگلے 48 گھنٹے میں نہ سنبھلی تو انھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کیا جاسکتا ہے، ان کا کہنا تھا، ‘اگلے 72 گھنٹے دلیپ کمار کے لیے اہم ہیں’۔

اس سے قبل دلیپ کمار کے خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔

11 دسمبر 1922 کو پشاور میں پیدا ہونے والے دلیپ کمار کا اصل نام یوسف خان ہے، انھوں نے 1944 میں 22 سال کی عمر میں فلم ‘جواب بھاٹا’سے اپنا بولی وڈ ڈیبیو کیا، جبکہ 1947 میں نور جہاں کے ساتھ ان کی فلم ‘جگنو’ نے باکس آفس پر کامیابی حاصل کی۔

6 دہائیوں پر مشتمل اپنے فنی سفر میں انہوں نے ‘انداز، آن، دیوداس اور مغل اعظم’ جیسی سپرہٹ فلمیں دیں.

بولی وڈ میں ‘ٹریجیڈی کنگ’ کا خطاب پانے والے دلیپ کمار نے ‘شکتی، کارما اور سوداگر’ جیسی لازوال فلموں میں بھی کام کیا.

93 سالہ دلیپ کمار کی آخری فلم 1998 میں ریلیز ہوئی جس کا نام ‘قلعہ’ تھا.

انہیں 2015 میں پدما وی بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا، اس سے قبل انھیں 1991 میں پدما بھوشن اور 1994 میں داداصاحب پھالکے ایوارڈ بھی دیا جاچکا ہے.

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے