پاکستان اور دنیا بھر سے سیاست، عالمی حالات،کھیل اور شوبز کی خبروں پرمبنی پہلاآن لائن بلیٹن

[pullquote]پاناما لیکس پر حکومت کا پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات کا فیصلہ[/pullquote]

ishaq dar

پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاناما لیکس سے متعلق پارلمینٹ میں موجود مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت نے ان ملاقاتوں کے حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا۔وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی اکابرین کا اجلاس ہوا جس میں پاناما لیکس کے حوالے سے پیدا ہونے والے صورت حال پر پارلیمانی لیڈروں سے ملاقات کا فیصلہ کیا گیا۔پاناما لیکس کے انکشافات سے متعلق تحقیقات کے لیے اعلان کردہ جسٹس سرمد جلال عثمانی کی سربراہی میں ممکنہ عدالتی کمیشن کے بارے میں نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں ہو سکا۔جسٹس سرمد جلال عثمانی کے نام پر پیپلز پارٹی نے تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ تحریکِ انصاف پاکستان کے موجودہ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں عدالتی کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کر رہی ہے۔

[pullquote]ڈیڈلائن ختم : چھوٹو کے خلاف بڑا آپریشن تیار[/pullquote]

غلام رسول المعروف چھوٹو ایک ہوٹل کا بیرا تھا۔ آہستہ آہستہ چھوٹی موٹی چوری کی وارداتوں سے جرائم کی دنیا میں داخل ہوا
غلام رسول المعروف چھوٹو ایک ہوٹل کا بیرا تھا۔ آہستہ آہستہ چھوٹی موٹی چوری کی وارداتوں سے جرائم کی دنیا میں داخل ہوا

پاک فوج کی جانب سے چھوٹو گینگ کو دی گئی غیر مشروط پر ہتھیار ڈالنے اور مغوی پولیس اہلکاروں کو رہا کرنے کی ڈیڈ لائن کے خاتمے کے بعد پنجاب کے ضلع راجن پور کی انتظامیہ ‘الرٹ’ ہے.ایک پولیس عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا تھا کہ فوج نے چھوٹو گینگ کو پیر کی دوپہر 2 بجے تک ہتھیار ڈالنے کی ڈیڈ لائن دی تھی.مذکورہ عہدیدار کے مطابق ڈیڈ لائن کے خاتمے تک اگر انھوں نے ہتھیار نہ ڈالے تو چھوٹو گینگ کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جائے گا.

دوسری جانب ایک عہدیدار نے بتایا کہ کور کمانڈر ملتان کی سربراہی میں راجن پور میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی ہوا، جس میں تمام صورتحال کا جائزہ لیا گیا.انھوں نے مزید بتایا کہ راجن پور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجسنی نافذ کردی گئی.راجن پور کے ڈی سی او غفور حسین گجر نے ڈان سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ علاقے کے اور اطراف کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے.

[pullquote]یونیورسٹی ایکٹ 2013 پر احتجاج سندھ میں جامعات پر تالے[/pullquote]

160418133842_karachi_university_640x360_bbc_nocredit

سندھ کی تمام سرکاری جامعات میں پیر کو یونیورسٹی ایکٹ 2013 کے خلاف آل پاکستان یونیورسٹی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کی کال پر احتجاج کی وجہ سے تدریسی اور انتظامی امور معطل رہا۔سندھ میں میڈیکل اور انجنیئرنگ کے شعبوں سمیت 10 کے قریب سرکاری جامعات موجود ہیں جن میں 2000 سے زائد اساتذہ فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔سندھ یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کی صدر عرفانہ ملاح کے مطابق 1992 کے یونیورسٹی ایکٹ میں ترمیم کرکے یونیورسٹی ایکٹ 2013 لایا گیا ، جس سے جامعات کی خود مختاری صلب ہو رہی ہے۔سینیٹ اور اکیڈمک کاؤنسل جو داخلہ پالیسی مرتب کرتا ہے اور نصاب تشکیل دیتا ہے ان اداروں کے اختیارات چھین لیے گئے ہیں اس کے علاوہ یونیورسٹی میں براہ راست تقرریوں کے اختیارات وزیر اعلیٰ کو دے دیئے گئے ہیں ان اختیارات کے خلاف جامعات کے اساتذہ اور افسران مسلسل احتجاج اور لابنگ کر رہے ہیں۔آل پاکستان یونیورسٹی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن سندھ کے صدر نعمت اللہ لغاری کا کہنا ہے کہ حالیہ یونیورسٹی ایکٹ کے تحت حکمران اپنی مرضی سے جب جہاں جدھر چاہیں تعیناتی کردیں پھر چاہے امیدوار کسی رکن اسمبلی کا بھائی ہو یا کالج کا استاد۔ اگر کسی کو یونیورسٹی کا کوئی تجربہ نہ ہو، ملازمین، اساتذہ اور یونیورسٹی کے ماحول کو نہ سمجھتا ہو وہ معاملات کو کیسے چلا سکتا ہے۔سندھ یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کی صدر عرفانہ ملاح کے مطابق وہ چاہتے ہیں کہ پرو وائس چانسلر، رجسٹرار اور کنٹرولر انتظامی طور پر وائس چانسلر کے ماتحت ہوں کیونکہ یہ افسران یونیورسٹی کے انتظامی ڈھانچے کا حصہ ہوتے ہیں، اگر یہ باہر سے لائے جائیں گے تو اس سے یونیورسٹی کی ہم آہنگی متاثر ہوگی۔آل پاکستان یونیورسٹی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کا مطالبہ ہے کہ یونیورسٹی کے سینیڈیکٹ اور سلیکشن بورڈ کے ذریعے تعیناتیاں کی جائیں اور ان اداروں کے یہ اختیارات بحال ہوں۔ نعمت اللہ لغاری کے مطابق اگر ایسا نہ کیا گیا تو جامعات کا بھی وہ ہی حال ہوگا جو اس وقت محکمہ تعلیم کی دیگر درسگاہوں کا ہے۔

[pullquote]عمران فاروق قتل کیس کے ملزم کی درخواستِ ضمانت مسترد[/pullquote]

imran farooq

پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے مقدمے میں ایک مرتبہ پھر عبوری چالان متعلقہ عدالت میں پیش کر دیا ہے جس کے مطابق محسن علی کو مرکزی ملزم جبکہ معظم علی اور خالد شمیم کو سہولت کار قرار دیا گیا ہے۔ادھر اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم معظم علی کی ضمانت کی درخواست بھی مسترد کر دی ہے۔ملزم نے اس مقدمے میں متعلقہ عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اُن کے موکل کو محض شک کی بنا پر اس مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ان کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے مقدمے کی تحقیقاتی ٹیم میں شامل ایک اہلکار کے مطابق ملزم معظم علی کارگو سروس میں کلیئرنگ کمپنی کا مالک تھا جنہوں نے اپنی کمپنی کے نام پر دیگر دو ملزمان محسن علی اور کاشف کے ویزے لگوائے تھے۔پیر کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیے جانے والے عبوری چالان میں گرفتار ہونے والے تینوں ملزمان کے اقبالی بیان بھی شامل ہیں جس میں ایف آئی اے کے اہلکار کے مطابق ملزمان نے اس جرم کا اعتراف بھی کیا ہے۔

[pullquote]بولی وڈ بھی حنا ربانی کھر سے متاثر؟[/pullquote]

Hina Rabbani Khar

پاکستان کی سابق وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر نے سیاست کی دنیا میں تو اپنا نام بنایا ہی ہے، لیکن شاید یہ کسی کو معلوم نہیں تھا کہ بولی وڈ میں بھی ان سے متاثر ہوکر ایک کردار تخیلق کیا جائے گا.ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بولی وڈ کی آنے والی تھرل فلم ‘ارادہ’ میں دیویہ دتہ ایک ہندوستانی سیاستدان رامندیپ کے کردار میں نظر آئیں گی، جس کا اسٹائل اور طور اطوار بالکل حنا ربانی کھر جیسے ہیں.اس فلم میں دیویہ دتہ کے علاوہ نصیر الدن شاہ اور ارشد وارثی بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے.اپنے کردار کی حنا ربانی کھر سے مماثلت کے حوالے سے دیویہ دتہ کا کہنا تھا کہ ‘یہ قصداً نہیں تھا، کردار بہت جاذب نظر ہے اور بالکل ویسا ہی معلوم ہوتا ہے، جس طرح حنا ربانی کھر نظر آتی ہیں. جب میں اس گیٹ اَپ میں سیٹ پر آئی تو بہت سے لوگوں نے بتایا کہ میں حنا ربانی کی جیسی لگ رہی ہوں اور چونکہ تاثرات کافی مثبت تھے لہذا ہم نے یہ گیٹ اَپ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا.’

[pullquote]لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نےانضمام الحق کو چیف سلیکٹر مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔[/pullquote]

inzimam

لاہور میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے انضمام الحق کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہیں چیف سلیکٹر بنانے کا اعلان کیا۔ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بدترین کارکردگی کے بعد کوچ وقار یونس اور کپتان شاہد آفریدی نے اپنے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیا جبکہ ہارون رشید کی زیر سربراہی سلیکشن کمیٹی کو فارغ کردیا گیا۔ انضمام الحق اس سے قبل 13-2012 میں مختصر مدت کیلئے پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں جبکہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی متاثر کن کھیل پیش کرنے والی افغانستان کی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے بھی کام کر چکے ہیں تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ وہ سلیکٹر کی حیثیت سے ذمے داریاں انجام دیں گے۔

[pullquote]پشاور کا کلب نیمار جونیئر فائیو ایونٹ میں پاکستان کا نمائندہ[/pullquote]

footbal_l

دنیا کے 35 سے زائد ملکوں کے نوجوان فٹبالرز کو نیمار جونیئر سے ملنے کا موقع اس سال جولائی میں ملنے والا ہے جب وہ برازیل میں نیمار جونیئر فائیو ورلڈ فائنلز میں حصہ لیں گے۔اس نیمار جونیئر فائیو فٹبال کا اہتمام ریڈ بل نے کیا ہے جو ان دنوں دنیا کےمختلف ملکوں میں اس عالمی مقابلے میں حصہ لینے والی ٹیموں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔ریڈ بل نے پاکستان سے ایک ٹیم کو برازیل لے جانے کے لیے کراچی لاہور اور اسلام آباد میں ابتدائی مقابلوں کا انعقاد کیا جن میں سے چار ٹیموں کراچی کے سٹیل ٹاؤن کلب، لاہور کے فٹناسٹک فائیو، پشاور کے گھوسٹ کلب اور اسلام آباد کی ہائی لینڈرز اکیڈمی نے کوالیفائی کیا۔ان چار ٹیموں کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی چیمپئن شپ پشاور کے گھوسٹ کلب نے جیتی اور اب وہی برازیل میں منعقدہ نیمار جونیئر فائیو ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔

[pullquote]ویسٹ انڈیز کا ٹی20 سیریز کیلئے پاکستان آنے سے انکار[/pullquote]

160331170009_west_indies_640x360_afp_nocredit

لاہور: حال ہی میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا تاج سر پر سجانے والی ویسٹ انڈین ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کے سبب پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی درخواست مسترد کر دی۔پاکستان کو رواں سال ستمبر اکتوبر میں دو ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کیلئے ویسٹ انڈین کی میزبانی کرنی ہے.
2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد سے سوائے زمبابوے کے سکی بھی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور اس دوران پاکستان کو اپنے تقریباً تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلنے پڑے۔تاہم پاکستان اس صورتحال کے خاتمے اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے ویسٹ انڈیز سے ہونے والے دو ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں منعقد کرانے کا خواہشمند تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ چیئرمین شہریار خان نے پیر کو بتایا کہ ہم چاہتے تھے کہ سیریز کے ٹی ٹوئنٹی میچز پاکستان میں کھیلے جائیں اور اس کیلئے کوشش بھی کی لیکن ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کے سبب ہماری درخواست کو مسترد کردیا لہٰذا اب مکمل سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔

[pullquote]نوجوان لڑکی سے دو سال میں 100 افراد کا ریپ[/pullquote]

gang-rape

پونے: ہندوستان کے شہر پونے میں نوجوان لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دے کر دو سال تک جسم فروشی کروائی گئی، اور اس عرصے میں لڑکی کو 100 سے زائد افراد نے ریپ کا نشانہ بنایا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک 16 سالہ لڑکی نے الزام لگایا ہے کہ اسے نوکری دلوانے کا دھوکہ دے کر مغربی بنگال سے پونے لایا گیا اور دو سال تک اس سے جسم فروشی کا کام کروایا گیا، جس دوران اسے دو پولیس اہلکاروں سمیت 100 سے زائد لوگوں نے مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنایا۔گذشتہ ماہ ملزمان کے چنگل سے بھاگ کر نئی دہلی پہچنے والی متاثرہ لڑکی نے پولیس میں شکایت درج کروائی جسے پونے پولیس کو منتقل کردیا گیا اور 113 افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروادی گئی۔مذکورہ کیس میں پیش رفت کرتے ہوئے ویمانتل پولیس اسٹیشن نے 26 سالہ خاتون کو گرفتار کرلیا ہے۔

[pullquote] میسی نے پانچ سو گول کرنے کا ریکارڈ بنا لیا[/pullquote]

فٹ بال کے مایہ ناز کھلاڑی لیونل میسی نے اپنے کیریئر کے پانچ سو گول اسکور لیے ہیں۔ گزشتہ رات انہوں نے بارسلونا میں ویلنسیا کے خلاف کھیلے گئے ایک میچ میں یہ انوکھا اور منفرد اعزاز حاصل کیا تاہم وہ اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلوا سکے۔ اس میچ میں بارسلونا کو دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست کا سامنا رہا۔ میسی نے اپنی قومی ٹیم ارجنٹائن اور ایف سی بارسلونا کی طرف کھیلتے ہوئے پانچ سو گول کرنے کا ریکارڈ بنایا ہے۔

[pullquote] قندوز پر طالبان کا حملہ، لڑائی جاری[/pullquote]

taliban

افغان حکام نے بتایا ہے کہ شمالی شہر قندوز میں طالبان باغیوں اور سکیورٹی فورسز کے مابین گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ طالبان نے جمعے کے دن قندوز پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد جھڑپوں کا آغاز ہو گیا۔ صوبائی پولیس کے مطابق اس تازہ کارروائی کے دوران عسکریت پسندوں کے کئی حملوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔ سکیورٹی فورسزز نے پچاس سے زائد طالبان عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ اس کارروائی میں فضائیہ کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

[pullquote] بھارت میں بس حادثہ، چھبیس فنکار ہلاک[/pullquote]

مشرقی بھارت میں ایک بس کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت کم از کم ستائیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ریاست اڑیسہ کے ضلع دیو گرہ میں جس بس کو حادثہ پیش آیا، اس میں چالیس پرفارمنگ آرٹسٹ سوار تھے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ یہ فنکار رات گئے ایک شو کے بعد واپس جا رہے تھے کہ ان کی بس ایک گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

[pullquote] امریکی وزیر دفاع اچانک عراق پہنچ گئے[/pullquote]

امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر آج ایک غیر اعلانیہ دورے پر اچانک عراق پہنچ گئے۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق کارٹر بغداد میں عراقی حکومت کے اعلیٰ اہلکاروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ گزشتہ روز گلف ممالک کے چھ روزہ دورے کے دوران ابوظہبی پہنچے تھے تاہم عراق کا دورہ ان کے شیڈول میں شامل نہیں تھا۔ متوقع طور پر وہ انتہا پسند گروہ داعش کے خلاف جاری عالمی کارروائی کے تناظر میں عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی سے بھی ملیں گے۔

[pullquote] شامی باغیوں نے مغربی شام میں عسکری کارروائی شروع کر دی[/pullquote]

شامی باغیوں نے لاذقیہ صوبے میں حکومتی فورسز کے خلاف ایک بڑی عسکری کارروائی شروع کر دی ہے۔ دریں اثنا ان باغیوں نے حما کے کئی علاقوں میں بھی کامیاب پیشقدمی کر لی ہے۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا ہے کہ اسی دوران شامی فضائیہ کی کارروائی میں چار شامی شہری مارے گئے ہیں۔ قبل ازیں باغیوں نے کہا تھا کہ شامی فورسز کی طرف سے فائر بندی کی خلاف ورزی کے بعد جوابی کارروائی کی جائے گی۔

[pullquote] غزہ پٹی سے اسرائیلی علاقے تک رسائی کی سرنگ ناکارہ بنا دی گئی[/pullquote]

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ پٹی سے اسرائیلی سرحد کے پار نکلنے والی ایک سرنگ کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ سن 2014 کے بعد پہلی مرتبہ ایسی کسی سرنگ کا سراغ لگایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کئی سو میٹر اس طویل سرنگ کا بیرونی راستہ ابھی تک نہیں بنایا گیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ سرنگ حماس نے تعمیر کی تھی۔

[pullquote] لیبیا کی متحدہ حکومت آج سے فعال ہو جائے گی[/pullquote]

لیبیا کی نئی یونٹی حکومت متوقع طور پر آج پیر سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لے گی۔ اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ اس حکومت کا صدر مقام روایتی دارالحکومت طرابلس ہی ہو گا۔ میڈٰیا رپورٹوں کے مطابق طرابلس میں سکیورٹی کی صورتحال تاحال کشیدہ ہے۔ لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے مندوب مارٹن کوبلر نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی یونٹی حکومت سیاسی بحران کے حل میں معاون ثابت ہو گی۔برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ آج ایک اچانک دورے پر لیبیا پہنچ گئے۔ ان کا یہ دورہ لیبیا میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ یونٹی حکومت کی حمایت سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ ہیمنڈ نے طرابلس میں نامزد وزیر اعظم فائز مصطفیٰ سراج سے ملاقات کی اور انہیں لندن حکومت کے بھروپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ لیبیا میں آج سے یہ نئی حکومت اپنی ذمہ داریاں سنبھال لے گی۔ ایک روز قبل جرمنی اور فرانس کے وزرائے خارجہ بھی طرابلس پہنچے ہوئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے