پاکستان اور دنیا بھر سے سیاست، عالمی حالات،کھیل اور شوبز کی خبروں پرمبنی پہلاآن لائن بلیٹن

[pullquote]پاکستان[/pullquote]

[pullquote]وزیراعظم آج وطن واپس پہنچیں گے. خاندانی ذرائع
[/pullquote]

nawaz

ڈاکٹروں نے وزیراعظم کی صحت تسلی بخش قرار دے دی۔ سفر کرنے کی اجازت۔ نواز شریف آج وطن واپس آ جائیں گے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے دورہ لندن کے حوالے سے غلط افواہیں پھیلائی گئیں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم کے دورہ لندن پر خاصی تنقید بھی کی گئی۔ وزیراعظم اپنا دورہ لندن ختم کر کے کل لوٹن ائیر پورٹ سے پاکستان واپس روانہ ہوں گے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی اب صحت ٹھیک ہے۔ ڈاکڑز نے ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سفر کی اجازت بھی دے دی ہے۔

[pullquote]پاناما لیکس: ’تحقیقاتی کمیشن جلد بن جائے گا‘
[/pullquote]

pamana

لندن: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات ہونی چاہیے اور اس حوالے سے عدالتی کمیشن جلد تشکیل دے دیا جائے گا۔

برطانیہ میں طبی معائنہ کروانے کے بعد اسلام آباد واپسی سے قبل لندن میں پاکستانی ٹی وی چینلز کے رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ طبی ٹیسٹ کروا لیے ہیں تمام ٹیسٹ ٹھیک ہیں، پاکستان واپس جارہا ہوں جس کے بعد وطن واپس نہ لوٹنے کی افواہیں دم توڑ جاتی ہیں۔
پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کمیشن جلد بن جائے گا، جبکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی بتا چکے ہیں کہ کمیشن سے متعلق کس کس سے رابطہ کیا گیا، کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس تیار کیے جانے چاہئیے جو ان باتوں کا بھی جائزہ لے، پاناما لیکس نے مجھ پر کوئی الزام نہیں لگایا۔

[pullquote]’الطاف حسین سے 25 سال کا حساب لوں گا’
[/pullquote]

57162f179e3c4

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سینٹرل ایگزیکیٹو کمیٹی کے رکن اور ماضی میں رابطہ کمیٹی اور پنجاب کمیٹی کے رکن افتخار احمد رندھاوا پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شامل ہوگئے۔
افتخار رندھاوا نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے اپنے 25 سال کا حساب ضرور لیں گے۔
اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم کو توڑنے کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف لوگوں کو دعوت دینے آئے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 24 اپریل کے جلسے میں اردو بولنے والے بڑی تعداد میں شرکت کرکے ثابت کردیں گے کہ وہ ‘را’ کے ایجنٹ نہیں۔

[pullquote]راجن پور: 22دن میں گینگسٹرزکوکنٹرول نہ کیا جاسکا
[/pullquote]

غلام رسول المعروف چھوٹو ایک ہوٹل کا بیرا تھا۔ آہستہ آہستہ چھوٹی موٹی چوری کی وارداتوں سے جرائم کی دنیا میں داخل ہوا
غلام رسول المعروف چھوٹو ایک ہوٹل کا بیرا تھا۔ آہستہ آہستہ چھوٹی موٹی چوری کی وارداتوں سے جرائم کی دنیا میں داخل ہوا

ڈیرہ غازی خان، لاہور : راجن پور کے کچے میں ‘چھوٹو گینگ’ کے خلاف آپریشن 22ویں روز میں داخل ہو چکا ہے تاہم ڈاکوؤں کے خلاف باقاعدہ آپریشن تاحال شروع نہیں کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکوؤں کو انجام تک پہنچانے کیلئے فورسز بھاری ہتھیاروں سے لیس ہیں البتہ گن شپ ہیلی کاپٹر سے بھی کارروائی کی تیاری کی گئی ہے۔
آپریشن کے 22ویں روز بھی کچے میں سیکیورٹی فورسز نے چھوٹو گینگ کو چاروں طرف سے گھیر رکھا ہے اور گنگسٹرز کے بھاگنے کے تمام راستے بند ہیں۔
اس علاقے میں زیادہ تر گینگسٹرز کے خاندان آباد ہیں تاہم پھر بھی کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ ہیلی کاپٹرز سے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے، دریا میں کشتیوں کے ذریعے آمدورفت بھی مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔
گزشتہ فورسز کی جانب سے گینگسٹرز کو ہتھیار ڈالنے کے لیے حتمی ڈیڈ لائن دی گئی تھی لیکن ان ڈاکوئوں نے ہتھیار نہیں ڈالے۔
رپورٹ کے مطابق فورسز اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
رپورٹس کے مطابق کچہ جمال میں چھوٹو گینگ کے 200 سے زائد ڈاکو محصور ہیں، فورسز نے کچے کے اطراف چار کلومیٹر کا علاقہ خالی کروا لیا ہے۔
علاقے میں موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔

[pullquote]سکھر میں نوجوان کی ہلاکت ،وزیراعلی سندھ کا نوٹس
[/pullquote]

qaim-ali-sha

سکھر :سکھر میں مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت پر وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا،ڈی آئی جی نے ایس ایچ او بی سیکشن کو معطل کر دیا جبکہ انکوائری رپورٹ میں مقابلے کو جعلی قرار دیا گیا ہے۔
سکھر میں سات روز قبل پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے میں علی واہن کے رہائشی پندرہ سالہ نوجوان عابد قریشی کو ہلاک کردیا تھا، جس کے بعد ورثا نے احتجاجی مظاہرہ کیا،،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سکھر اظہر رشید کو انکوائری کا حکم دیا،غلام علی جمانی کو تفتیشی افسر مقرر کیا گیا۔
جنہوں نے مقابلے کو جعلی قرار دے کر ایس ایچ او بی سیکشن کو معطل کردیا،بی سیکشن تھانے کے عملے نے تفتیشی افسر کو بیان دیا ہے کہ ہم اس مقابلے میں شامل نہیں تھے۔

[pullquote]ذاتی مفادات کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں،شہباز شریف
[/pullquote]

shebaz-ho-ja

لاہور:وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک نازک حالات سے گزر رہا ہے،ذاتی مفادات کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں،انتشار کی سیاست کرنیوالے عناصر ہوش کے ناخن لیں۔
وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے رکن قومی اسمبلی نجف عباس سیال سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں پہلے بھی ذاتی مفادات کی سیاست نے رخنہ ڈالا،پاکستان سب کا ہے،اسے مل کر توانا اور مضبوط بنانا ہے،ملک کی خاطر میں کی روش ترک کرکے ہم کے راستے پر چلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک و قوم کو اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے،عوام کی خدمت کا سفر پہلے سے بڑھ کر جاری و ساری رہے گا۔

[pullquote]مردان میں خودکش بم دھماکا، 12 افراد زخمی
[/pullquote]

151229120942_pakistan_mardan_blast_nadra__640x360_afp_nocredit

پاکستان کے شمال مشرقی صوبہ خیبر پختونخوا میں ہونے والے ایک خودکش بم حملے کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ مردان میں کیے جانے والے اس حملے کا نشانہ ٹیکس دفتر تھا جس کے اندر داخل ہو کر خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ ضلعی پولیس سربراہ فیصل شہزاد کے مطابق اس دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 12 افراد میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ ابھی تک کسی نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

[pullquote]عالمی خبریں[/pullquote]

[pullquote]بحیرہ روم: 200 صومالی تارکین وطن ڈوب کر ہلاک
[/pullquote]

5715c36627aa6

موغادیشو: غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے تارکین وطن کی کشتی بحیرہ روم میں ڈوبنے سے 200 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق مصر سے روانہ ہونے والی کشتی میں 500 کے قریب افراد سوار تھے، جن میں صرف 40 کو زندہ بچایا جا سکا، ان افراد کی اکثریت غیر قانونی طور پر یورپ جانا چاہتی تھی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز سے بات کرتے ہوئے صومالیہ کے وزیرِ اطلاعات محمد عبدی ہائیر اکا کا ڈوبنے والے افراد کی تعداد کے بارے میں کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس کوئی حتمی تعداد موجود نہیں، مگر یہ 200 سے 300 کے درمیان ہے‘۔
صومالیہ کی حکومت کے مطابق حادثے ہلاک ہونے والوں میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے۔

[pullquote]پائلٹ کی رہائی، روس کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے، یوکرائن
[/pullquote]

یوکرائن کے صدر نے کہا ہے کہ روسی جیل میں قید یوکرائنی پائلٹ کی رہائی کے لیے ان کا روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یوکرائنی خاتون پائلٹ نادیہ سیوچینکوکو گزشتہ ماہ 22 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ انہیں یہ سزا باغیوں کے زیر قبضہ مشرقی یوکرائن میں دو روسی صحافیوں کی ہلاکت میں ملوث ہونے پر سنائی گئی تھی۔ یوکرائنی صدر پیٹرو پوروشینکو کی طرف سے آج منگل کو بتایا گیا ہے کہ ان کا گزشتہ روز روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ بذریعہ ٹیلی فون ہونے والی گفتگو میں ایک فارمولا طے پایا ہے جس کے مطابق خاتون پائلٹ کو رہائی مل سکے گی۔ تاہم انہوں نے اس کی مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

[pullquote]یورپی پارلیمان کی رپورٹ اشتعال انگیز ہے، ایردوآن
[/pullquote]

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ یورپیئن پارلیمان کی طرف سے ترکی میں انسانی حقوق اور میڈیا کی آزادی سے متعلق رپورٹ اشتعال انگیز ہے اور وہ بھی ایک ایسے وقت میں جب ترکی کے یورپ کے ساتھ تعلقات ایک اچھے سمت میں گامزن ہیں۔ مقامی حکام کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے ایردوآن کا کہنا تھا کہ مغرب کی طرف سے ترکی پر کی جانے والی زیادہ تر تنقید کے پیچھے اچھے ارادے نہیں ہیں۔ یورپی پارلیمان کی طرف سے گزشتہ ہفتے یورپی یونین کی رکنیت کے خواہشمند ملک ترکی کے بارے میں ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی۔ اس رپورٹ میں انسانی حقوق اور میڈیا کی آزادی کے حوالے سے انقرہ حکومت پر تنقید کی گئی تھی۔

[pullquote]پوٹن کو بتا دیا ہے کہ شام تیزی سے مشکلات کا شکار ہوتا جا رہا ہے، اوباما
[/pullquote]

امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کو بتایا ہے کہ شام مزید تیزی سے مشکلات میں گھِرتا چلا جا رہا ہے اور اگر امریکا اور روس میں ہم آہنگی نہ ہوئی تو جنگ سے متاثرہ ملک شام آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ اوباما اور پوٹن کے درمیان یہ بات پیر کے روز ایک ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ہوئی۔ سی بی سی ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں اوباما کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوا تو یہ امریکا اور روس دونوں کے حق میں بہتر نہیں ہو گا۔

[pullquote]کابل میں خودکش حملہ اور فائرنگ، ہلاکتوں کی تعداد 28 ہو گئی
[/pullquote]

ایک افغان اہلکار کے مطابق دارالحکومت کابل میں ممکنہ طور پر ایک خودکش حملہ کیا گیا ہے جس کے بعد فائرنگ بھی ہوئی۔ کابل پولیس کے سربراہ کے مطابق اس حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی کے مطابق کابل میں ہونے والے اس حملے اور فائرنگ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیر لیا ہے۔ زخمیوں کی تعداد 320 کے قریب بتائی جا رہی ہے۔ یہ حملہ افغان وزارت دفاع اور انٹیلیجنس سروس کے دفاتر کے قریب کیا گیا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]ایکواڈور میں زلزلے کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 400 سے تجاوز کر گئی
[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک ایکواڈور میں ہفتے کے روز آنے والے انتہائی طاقتور زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 400 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کے اب تک زندہ ہونے کی امید بھی ختم ہوتی جا رہی ہے۔ ایکواڈور میں سلامتی کی ذمے دار ملکی وزارت کا کہنا ہے کہ پیر کی شب تک 413 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی تھی۔ ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کے مطابق 231 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ تباہ ہو جانے والی مختلف عمارات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ ہفتے کی شام ایکواڈور میں 7.8 کی شدت کا زلزلہ آیا تھا جسے گزشتہ کئی دہائیوں کا شدید ترین زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]داعش نے مزید جنگجو یورپ بھیج دیے ہیں، بیلجیم حکام
[/pullquote]

بیلجیم حکام نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروپ داعش نے امکاناً مزید جنگجو یورپ اور بیلجیم روانہ کیے ہیں۔ یہ بات خطرات کا تجزیہ کرنے والے یونٹ OCAM کی جانب سے کہی گئی ہے۔ OCAM کے ڈائریکٹر پال فان ٹِگشیلٹ کی طرف سے ایک پریس کانفرنس میں کہی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے یونٹ کو اطلاع ملی ہے کہ دولت اسلامیہ یورپ میں اپنے مزید جنگجو روانہ کرنے کی کوشش میں ہے۔ اِس مناسبت سے مزید تفصیلات فوری طور پر دستیاب نہیں ہیں۔ برسلز میں 22 مارچ کو ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں 32 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

[pullquote]شام کے لیے مقرر خصوصی چینی مندوب جلد خطے دورہ کریں گے
[/pullquote]

شامی بحران کے حل کے لیے چین کی طرف سے مقرر کردہ خصوصی مندوب جلد ہی شام، سعودی عرب، ایران اور روس کا دورہ کریں گے۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق اس دورے کا مقصد شامی بحران کا پر امن تلاش کرنے کے کوشش ہے۔ چین شامی بحران کے خاتمے کے حل کے لیے اپنی کوششوں میں اضافہ کر رہا ہے۔ چینی میزبانی میں شامی وزیر خارجہ اور اپوزیشن رہنماؤں کی مختلف اوقات میں کرائی جانے والی ملاقاتیں بھی انہی کوششوں کا حصہ ہیں۔ چین نے ایران میں خدمات انجام دینے والے اپنے سابق سفیر شی شیاؤ ژان کو گزشتہ ماہ شامی بحران کے لیے اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کیا تھا۔

[pullquote]بشارالاسد کا مستقبل امن مذاکرات کا موضوع نہیں ہے، شامی مذاکرات کار
[/pullquote]

شامی حکومت کی طرف سے جنیوا میں اپوزیشن کے ساتھ جاری مذاکراتی ٹیم کے سربراہ بشار الجعفری نے کہا ہے کہ صدر بشارالاسد کے مستقبل سے متعلق کوئی بھی سوال مذاکرات کا موضوع نہیں ہے۔ لبنان کے ایک ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے جعفری کا کہنا تھا کہ جنیوا میں ہونے والے مذاکرات کا مینڈیٹ ایک وسیع قومی حکومت کے قیام پر بات چیت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جنیوا میں ہونے والے امن مذاکرات میں اسی مقصد کو حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مغرب کی حمایت یافتہ شامی اپوزیشن نے پیر کے روز امن مذاکرات کا یہ کہتے ہوئے بائیکاٹ کر دیا تھا کہ شامی حکومت سیاسی عمل کو آگے بڑھانے میں سنجیدہ نہیں ہے۔

[pullquote]غیر ملکی طاقت کو خفیہ ریاستی دستاویزات کی فراہمی، چینی شہری کو سزائے موت
[/pullquote]

چین کے ایک شہری کو ڈیڑھ لاکھ کے قریب خفیہ دستاویزات کسی نا معلوم غیر ملکی طاقت کو فراہم کرنے کے الزام میں سزائے موت سنا دی گئی ہے۔ چین کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق صوبے سیچوان سے تعلق رکھنے والے اس شخص کا نام ہوآنگ ژو ہے اور وہ ایک کمپیوٹر ٹیکنیشن ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہوآنگ نے ہانگ کانگ میں خفیہ دستاویزات پر مبنی یہ ڈیٹا ایک غیر ملکی خفیہ ایجنسی کو فراہم کیا۔ ان دستاویزات میں حکمران کمیونسٹ پارٹی سے لے کر فوجی اور اقتصادی معاملات تک سے متعلق خفیہ معلومات موجود تھیں۔ اس چینی شہری کو 2011ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔

[pullquote]آسٹریلوی وزیر اعظم کی جانب سے پارلیمانی انتخابات کے لیے دو جولائی کی تاریخ
[/pullquote]

آسٹریلوی وزیر اعظم میلکم ٹرن بُل نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ماہ پیش کیے جانے والے بجٹ کے بعد قومی انتخابات کرانا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم کے مطابق اس کے لیے متوقع تاریخ دو جولائی ہے۔ آسٹریلیا میں 2010ء کے بعد سے متعدد مرتبہ وزرائے اعظم تبدیل ہو چکے ہیں۔ ٹرن بُل گزشتہ برس ستمبر میں اپنی ہی پارٹی کے ٹونی ایبٹ کے بعد وزیر اعظم بنے تھے۔ گزشتہ ماہ انہوں نے دھمکی دی تھی کہ اگر ملکی سینیٹ نے یونینز میں اصلاحات کے لیے طویل عرصے سے تعطل کے شکار قوانین کی منظوری نہ دی تو وہ ملک میں قبل از وقت انتخابات کرا دیں گے۔ سینیٹ کی طرف سے ان قوانین کو گزشتہ ہفتے مسترد کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]اسلام مخالف تنظیم پیگیڈا کے سربراہ کی عدالت میں پیشی
[/pullquote]

جرمنی میں اسلام اور تارکین وطن کی مخالف تنظیم پیگیڈا کے بانی لُٹس باخ مان کو آج منگل کے روز عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ باخ مان پر گزشتہ برس اکتوبر میں سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور نسلی تعصب پر مبنی بیانات جاری کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ مشرقی شہر ڈریسڈن میں اس عدالتی کارروائی کے لیے سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ عدالت کی طرف سے قبل ازیں کہا گیا تھا کہ 43 سالہ باخ مان کے بیانات نے نہ صرف ’امن عامہ میں خلل ڈالا‘ بلکہ یہ مہاجرین کی عزت نفس پر بھی حملے تھے۔ اگر باخ مان پر یہ الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو انہیں تین ماہ سے لے کر پانچ برس تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

[pullquote]یورپی یونین میں برطانیہ کی رکنیت: حق میں چلائی جانے والی مہم کی مقبولیت میں اضافہ
[/pullquote]

برطانیہ کے یورپی یونین میں شامل رہنے کے حق میں چلائی جانے والی مہم کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے لیے کرائے جانے والے ORB سروے کے مطابق یورپی یونین میں شمولیت کے حق میں چلائی جانے والی مہم ’اِن‘ کی مقبولیت دو فیصد بڑھ کر 53 فیصد ہو گئی ہے جبکہ یورپی یونین سے اخراج کے حق میں چلائی جانے والی مہم کی مقبولیت تین فیصد کم ہو کر 41 فیصد رہ گئی ہے۔ یہ تبدیلی پانچ اپریل کو کرائے جانے والے ایک گزشتہ سروے کے بعد دیکھنے میں آئی ہے۔ برطانیہ میں اس ملک کے یورپی یونین میں شامل رہنے یا اسے چھوڑ دینے کے سوال پر ایک عوامی ریفرنڈم 23 جون کو کرایا جا رہا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب اور ترکی مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، شامی حکومت
[/pullquote]

شامی حکومت نے الزام لگایا ہے کہ سعودی عرب، ترکی اور قطر سمیت اپوزیشن کے تمام حمایتی ملک جنیوا میں ہونے والے امن مذاکرات کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ بات اپوزیشن کی طرف سے گزشتہ روز ان مذاکرات کا بائیکاٹ کرنے کے بعد کہی گئی۔ ایک لبنانی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے شامی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ بشار الجعفری نے کہا کہ سعودی عرب، ترکی اور قطر میں یہ فیصلہ ہوا ہے کہ شامی فریقین کے درمیان ہونے والے مذاکرات کو ناکام بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ممالک شامیوں کے درمیان مکالمت نہیں چاہتے اور شام میں جاری خون خرابہ روکنے اور سیاسی حل کے حق میں نہیں ہیں۔

[pullquote]MH370 کے ممکنہ ملبے کے دو مزید حصوں کا تجزیہ
[/pullquote]

ملائیشیا ایئرلائنز کی دو برس قبل لاپتہ ہو جانے والی پرواز MH370 کے ممکنہ ملبے کے دو مزید حصوں کا تجزیہ ماہرین آج منگل کے دن سے شروع کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ ٹکڑے ’قریب یقینی حد تک‘ اسی لاپتہ جہاز کے ہیں۔ ان میں سے ایک ٹکڑا جنوبی افریقہ جبکہ دوسرا بحر ہند کے جزیرہ ماریشیس کے قریب سے ملا تھا جنہیں گزشتہ ہفتے تجزیے کے لیے آسٹریلیا لایا گیا تھا۔ قبل ازیں موزمبیق کے ساحل کے قریب سے ملنے والے دو ٹکڑوں کے بارے میں بھی یہی کہا گیا تھا کہ وہ قریب یقینی حد تک اسی لاپتہ ہو جانے والے بوئنگ 777 کے ہیں۔ یہ جہاز آٹھ مارچ 2014ء کو کوآلالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے لاپتہ ہو گیا تھا۔ اس پر عملے کے ارکان سمیت کُل 239 افراد سوار تھے۔

[pullquote]چین اور بھارت کے درمیان ملٹری ہاٹ لائن کے قیام میں پیشرفت
[/pullquote]

چین اور بھارت کے درمیان ایک ملٹری ہاٹ لائن قائم کرنے کی جانب پیشرفت ہوئی ہے۔ چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق چین نے بھارت کی جانب سے ایک ہاٹ لائن قائم کرنے کی تجویز پر ’مثبت ردعمل‘ دکھایا ہے۔ شنہوا کے مطابق یہ پیشرفت چینی وزیر دفاع چینگ وان چوانگ کی اپنے بھارتی ہم منصب منوہر پاریکر سے گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کے دوران ہوئی۔ دونوں ممالک 1962 میں اروناچل پردیش کے سرحدی معاملے پر ایک جنگ لڑ چکے ہیں۔ چین کا دعویٰ ہے کہ اس ریاست کا کچھ حصہ جنوبی تبت میں شامل ہے۔ 2014ء میں بھی چند سو چینی فوجیوں کی لداخ کے علاقے میں پیشقدمی کے بعد دونوں ممالک میں شدید فوجی تناؤ پیدا ہو گیا تھا۔

[pullquote]کھیلوں کی خبریں
[/pullquote]

[pullquote]بگ تھری کی تحلیل کا امکان ہے:شہریار خان
[/pullquote]

57162b69cf710

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریارخان کا کہنا ہےکہ امید ہے آئی سی سی کےدبئی میں ہونے والے اجلاس کے بعد بگ تھری تحلیل ہوجائے گا۔
شہریارخان کا کہنا تھا کہ’میں آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کرنے جارہا ہوں جس کا ایجنڈا بگ تھری کو ختم کرکے نئے نظام کو حتمی شکل دینا ہے’۔
آئی سی سی نے 2013 میں تین ملکوں ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ پر مشتمل بگ تھری کا ایک مضبوط نظام قائم کیا تھا جس کو آئی سی سی سے زیادہ فوائد حاصل ہورہے تھے تاہم اس پر کرکٹ کے غیرجانبدار حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔
لیکن صورت حال اس وقت تبدیل ہوئی جب ششانک منوہرآئی سی سی کے نئے چیئرمین بنے اوراس نظام پر عدم اعتماد کا اظہارکیا۔
شہریار خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی کے نظام کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ تمام ملکوں کو یکساں مواقعے دینے کے لیے کچھ تجاویز تیار کی ہیں۔

[pullquote]شوبز[/pullquote]

[pullquote]چین : مشہور شخصیات کے بچوں کے شو پر پابندی
[/pullquote]

160418141309_millions_watched_olympic_diver-turned-actor_tian_liang_l_and_his_daughter_cindy_take_part_in_where_are_we_going_dad_640x360_alamy_nocredit

چین میں میڈیا کے نگراں ادارے نے ٹیلی وژن کے اُس مقبول شو پر پابندی عائد کر دی ہے جس میں مشہور شخصیات کے بچوں کو دکھایا جاتا تھا۔
اس پابندی کی وجہ سے چین میں ایک مقبول سیریز کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے شن ہوا کے مطابق اشاعت، ریڈیو، فلم اور ٹیلی وژن کے نگران ریاستی ادارے کا کہنا ہے کہ بچوں کو شہرت سے دور رکھنے سے وہ اپنے بچپن سے لطف اندوز ہو سکیں گے اور اس طرح انھیں راتوں رات مقبول ہوجانے کے برے اثرات سے بھی بچایا جا سکتا ہے۔
اس اقدام سے سب سے پہلے بند ہونے والا شو ’ویئر وی آر گوئنگ ڈیڈ؟‘ (ہم کہاں جا رہے ہیں ابو؟) تھا۔ اس ہفتہ وار شو میں مشہور مرد اپنے بچوں کو چین کے مختلف دیہاتی علاقوں میں سیر و تفریح کے لیے لے جاتے تھے۔ ہونان ٹی وی کے اس شو نے انتہائی تیزی سے ریٹنگ حاصل کی اور اشتہارات کی مد میں خوب پیسہ کمایا.
پیپلز ڈیلی کے مطابق اس شو کی ہر قسط ساڑھے سات کروڑ افراد دیکھتے تھے۔
ستمبر میں چین نے ایک نئے قانون کا اعلان کیا تھا جس میں پابند کیا گیا تھا کہ دس سال سے کم عمر کے بچوں کو اشتہارات میں نہ دکھایا جائے۔
میڈیا کے لیے ریاستی انتظامی ادارے کا کہنا ہے کہ بچوں کو شہرت سے دور رکھنے سے وہ اپنے بچپن سے لطف اندوز ہو سکیں گے.
حسبِ توقع سوشل میڈیا پر بعض صارفین اس فیصلے سے خوش نہیں ہیں جس کی وجہ سے کئی دوسرے شوز بھی متاثر ہوئے ہیں۔
مائکرو بلاگنگ کی سائٹ ویبو پر ایک شخص نے شکایت کی کہ ’اس فیصلے سے پہلے عوامی رائے نہیں لی گئی۔‘
ایک شخص نےطنزاً لکھا: ’بہت خوب، اب ہم 24 گھنٹے خبریں سنیں گے۔‘
تاہم کئی لوگوں نے اس فیصلہ کی تعریف بھی کی۔ ’ایک کمنٹ میں کہا گیا: ’یہ بچوں کے لیے اچھا ہے۔‘ کئی نے کہا کہ وہ بہت دیر سے اس فیصلے کے منتظر تھے۔ کئی کی نظر میں اس شو کے ختم ہونے سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔
ایک صارف نے لکھا: ’یہ شو چلتا ہے یا نہیں مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا۔ میں پہلے ہی بہت دیکھ چکا ہوں میرا اس سے جی اکتا گیا ہے۔‘

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے