چین کی انٹرنیٹ سٹار اپنی’اصلاح‘ کے لیے تیار

چینی حکام کی جانب سے تنبیہ کے بعد چین کی انتہائی معروف انٹرنیٹ شخصیت پیپی جیانگ نے اپنی ’اصلاح‘ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ویڈیو بلاگر پیپی جیانگ کو ابلاغ عامہ کے حکام کی جانب سے غیر مہذب زبان کے استعمال پر تنبیہ جاری کی گئی ہے۔

چین کی جانب سے انٹرنیٹ پر مہیا کیے جانے والے مواد کی تطہیر کی کوشش کی جا رہی ہے جس کے بعد انٹرنیٹ صارفین پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ اپنے آن لائن رویے میں بہتری لائیں۔

چین کے صدر شی جن پنگ نے رواں ہفتے انٹرنیٹ کے ماحول کو ’پاک اور صاف‘ کرنے کے لیے کہا تھا۔

29 سالہ پیپی جیانگ کا اصل نام جیانگ ایلیائی ہے۔ وہ انٹرنیٹ پر اپنے طنز و مزاح اور ویڈیو بلاگز کے لیے بےحد مقبول ہیں۔

انھوں نے مختصر دورانیے کی ویڈیوز میں اپنے آپ سے مینڈرین زبان میں طنز سے بھرپور گفتگو کر کے مقبولیت حاصل کی ہے۔

یہ ویڈیوز مختلف موضوعات پر مبنی ہوتی ہیں جن میں دوستی کے مسائل سے لے کر علاقائی چینی لب و لہجہ پر بھی گفتگو کی جاتی ہے۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو بلاگز کی ویب سائیٹ سینا ویبو پہ ان کے کم سے کم ایک کروڑ دس لاکھ فالوورز ہیں۔

ان کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق وہ چین کی پہلی شخصیت ہیں جنھیں نجی سرمایہ کاری کی مدد میں 20 لاکھ ڈالر موصول ہوئے ہیں۔

ہو سکتا ہے پیپی جیانگ کو ہر فرد پسند نہ کرتا ہو ، تاہم ریاستی انتظامیہ کو یقینی طور پر سب ناپسند کرتے ہیں۔
ویبو کے ایک صارف

رواں ہفتے پیر کے روز چین کی کمیونسٹ پارٹی کے حمایتی اخبار پیپلز ڈیلی میں شائع کردہ رپورٹ میں ابلاغ عامہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جیانگ کو غلط زبان کے استعمال پر ’درستگی اور نظم و ضبط‘ کا پابند کیا گیا ہے۔

ریڈیو، فلم، ٹیلی ویژن، اخبارات و جرائد اور اشاعت کی ریاستی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انھوں نے انٹرنیٹ سے ’عامیانہ اور غیر معیاری مواد ہٹا دیا ہے۔‘ ان کا کہنا ہے کہ انھیں صرف اس صورت میں دوبارہ آن لائن شائع کیا جائے گا جب یہ مواد قواعد و ضوابط کی روشنی میں ہو گا۔

پیر کے روز ہی پیپی جیانگ کی جانب سے ان کے ویبو پیج پر ایک مختصر بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ نظم و ضبط کی پابندی کرنے کی جانب اشارہ کیا ہے۔

وہ کہتی ہیں: ’اپنی محنت سے ذرائع ابلاغ کی ایک اہم شخصیت کے درجے تک پہنچنے والی فرد ہونے کی حیثیت سے میں اپنے الفاظ کے انتخاب اور ساکھ کے حوالے سے احتیاط برتوں گی۔ انٹرنیٹ پر ویڈیوز میں موثر اصلاح کروں گی اور ان میں سب کے لیے ایک مثبت احساس بھی ہوگا۔‘

انٹرنیٹ پر موجود ان کے پیجز پر مداحوں کی جانب سے نہ صرف جیانگ کے لیے بھرپور حمایت کا اظہار کیا جا رہا ہے بلکہ حکام کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

ویبو کے ایک صارف کہتے ہیں: ’ہو سکتا ہے پیپی جیانگ کو ہر فرد پسند نہ کرتا ہو ، تاہم ریاستی انتظامیہ کو یقینی طور پر سب ناپسند کرتے ہیں۔‘

چینی حکام کی جانب سے حال ہی میں مزید ’خوبصورت انٹرنیٹ‘ کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ مزید سخت سنسر کی جانب ایک قدم ہے۔

تازہ ترین اقدامات کے تحت انٹرنیٹ صارفین پر زور ڈالا جا رہا ہے کہ وہ بہتر آن لائن رویے کا اظہار کریں، مثال کے طور پر غیر مصدقہ افواہوں کو پھیلانے سے گریز کریں اور مثالی شہری کا رویہ اپنائیں۔

اسی دوران حکام کی جانب سے اظہار رائے پر پابندیاں سخت کی جا رہی ہیں اور انٹرنیٹ پر سے تنقیدی رائے اور آن لائن میڈیا مضامین ہٹائے جا رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے