اسلامی مرکزسینما میں تبدیل کرنے پر وضاحت طلب

اسلام آباد: چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس انور ظہیر جمالی نے سندھ حکومت سے اس بات کی وضاحت طلب کی ہے کہ اس نے کراچی میں ایک اسلامک سینٹر ‘المرکز اسلامی’ کو سینما گھر میں کیوں تبدیل کیا۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر نعیم الرحمٰن صدیقی کی درخواست پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے چیف جسٹس کی سربراہی میں ایک 3 رکنی بینچ نے سندھ حکومت کے لاء افسر اور کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کو حکم دیا کہ وہ درخواست گزار کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کا جمع جواب جمع کرائیں۔

کیس کی اگلی سماعت اب 2 مئی کو ہوگی۔

اپنی پٹیشن میں درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سابق گورنر سندھ لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم عباسی نے اسلامی مرکز کا سنگ بنیاد 8 جون 1982 کو رکھا تھا، جس کا مقصد اسلامی روایات و اقدار کو فروغ دینا تھا۔

سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں اُس وقت کے ناظم کراچی عبدالستار افغانی بھی شریک ہوئے تھے۔

درخواست میں کہا گیا کہ یہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کا ہی دور تھا جب ادبی، مذہبی اور ثقافتی تقریبات اس عمارت کی ایک باقاعدہ خصوصیت بن گئیں۔ شہری حکومت نے یہاں اچھی خاصی تعداد میں پودے لگوائے اور فرنیچر اور دیگر تنصیبات وغیرہ کے لیے رقم مختص کی گئی، جس سے یہ شہر کا سب سے برا آڈیٹوریم بن گیا جہاں 750 لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔

لیکن 2008 میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے وابستہ مصطفیٰ کمال ناظم کراچی کی حیثیت سے منتخب ہوئے اور یہ وہی وقت تھا جب اس عمارت کا نام ‘المرکز اسلامی’ سے ‘سینٹر فار آرٹ اینڈ لرننگ’ کردیا گیا اور عمارت کے داخلی دروازے اور آڈیٹوریم میں آویزاں مقدس کلام بھی ہٹا دیا گیا۔

درخواست کے مطابق 2010 میں سٹی گورنمنٹ نے عمارت کی بالائی منزل پر شانزے آڈیٹوریم قائم کیا، جہاں مبینہ طور پر ہر شام میوزیکل اور اسٹیج پروگرام منعقد کیے جاتے تھے۔

2012 میں اردگرد کے رہاشئوں کی شکایت پر اس عمارت کو سیل کردیا گیا، تاہم چند ہی دن بعد اسے دوبارہ کھول دیا گیا۔

کچھ عرصے بعد مرکز کے لان میں شادی ہال بنا دیا گیا جبکہ ٹھیٹر کو باقاعدہ سینما گھر میں تبدیل کردیا گیا۔

اگست 2015 میں کراچی کے کمشنر شعیب احمد صدیقی نے خبروں کا نوٹس لے کر سینما بند کروا دیا لیکن جلد ہی یہ دوبارہ کھل گیا اور یہاں فلمیں دکھائی جانے لگیں۔

درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ اب اس بات کا علم ہوا ہے کہ عمارت کے موجودہ منتظمین نے اسے باقاعدہ سینما گھر میں تبدیل کرنے کے لیے ایک اور پارٹی کو کرائے پر دے دیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے