سابق ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر کا اچانک انتقال

ڈبلیو ڈبلیو ای کی سابق مقبول ریسلر اور اداکارہ جوآن لیورر المعروف چائنا 45 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

ان کی اچانک موت کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہوسکی تاہم ان کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر اس کی تصدیق کردی گئی ہے۔

بدھ کی رات چائنا کیلیفورنیا کے علاقے ریڈآنڈو بیچ میں واقع اپنے گھر پر مردہ پائی گئیں۔

پرستاروں اور دوستوں نے سوشل میڈیا پر اس اچانک موت پر صدمے کا اظہار کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ سابق ریسلر کی موت کی وجہ جاننے کے لیے تفتیش کررہی ہے تاہم اب تک کسی قسم کے جرم کے شواہد نہیں ملے ہیں۔

اپنے بیان میں پولیس نے کہا کہ چائنا کے ایک دوست نے فون پر بتایا تھا کہ سابق ریسلر کئی روز سے فون پر جواب نہیں دے رہی تھیں جس پر وہ گھر گیا اور انہیں مردہ پایا۔

دسمبر 1970 میں پیدا ہونے والی چائنا نوے کی دہائی میں ڈبلیو ڈبلیو ای (جو اس وقت ڈبلیو ڈبلیو ایف سے جانا جاتا تھا) سے منسلک ہوئیں اور جلد ہی بڑے اسٹارز میں شامل ہوگئیں۔

انہوں نے متعدد مرد ریسلر بشمول ٹرپل ایچ اور کرس جیریکو کو بھی شکست دی جبکہ وہ پہلی اور اب تک واحد خاتون ریسلر ہیں جنھوں نے انٹرکانٹی نینٹل چیمپئن شپ جیتی۔

اسی طرح وہ رائل رمبل اور کنگ آف دی رنگ میں شریک ہونے والی بھی پہلی خاتون تھیں۔

2001 میں وہ ڈبلیو ڈبلیو ای سے الگ ہوگئیں جس کی وجہ انتظامیہ کا رویہ قرار دیا، جس کے بعد وہ نیو جاپان پرو ریسلنگ اور ٹوٹل نان اسٹاپ ایکشن ریسلنگ کا حصہ بھی رہیں۔

انہوں نے فلموں، ٹی وی اور رئیلٹی شوز میں بھی کام کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے